تازہ ترین

فیڈرر کی نڈال کو 20ویں گرینڈ سلیم جیتنے پر مبارکباد

تاریخ    13 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


 نئی دہلی/20بار کے گرینڈ سلیم فاتح سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے اسپین کے رافیل نڈال کو اپنے کیریئر کا 20 واں گرینڈ سلیم جیتنے پر مبارکباد دی ہے ۔کلے کورٹ کے بے تاج بادشاہ نڈال نے تاریخٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ کو اتوار کو یکطرفہ انداز میں 0۔6، 5۔7سے ہراکر کلے کورٹ گرینڈ سلیم فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنا نام کیا ۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے 20 گرینڈ سلیمز جیتنے کے فیڈرر کے ریکارڈ کی برابری کرلی۔فیڈرر نے ٹویٹ کیا کہ میں ہمیشہ ایک دوست اور چمپئن کی حیثیت سے اپنے دوست نڈال کی بہت زیادہ عزت کرتا ہوں۔ کئی سالوں سے میرے روایتی حریف کے طور پر میرا ماننا رہا ہے کہ ہم ایک دوسرے کے سامنے ایک سخت چیلنج پیش کرتے ہیں ۔ میرے لئے ان کے 20 ویں گرینڈ سلیم جیتنے پر مبارکباد پیش کرنا اعزاز کی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی خود میں بڑی بات ہے کہ نڈال نے 13 ویں بار فرانسیسی اوپن ٹائٹل جیتا ہے جو کھیل کے لئے ایک بہت بڑی کامیابی ہے ۔ میں ان کی ٹیم کو بھی مبارکباد دینا چاہتا ہوں کیونکہ کوئی بھی شخص تنہا ہر چیز کو حاصل نہیں کرسکتا ہے ۔ نڈال تم نے اچھا مظاہرہ کیا اور تم جیتنے کے مستحق ہو۔ نڈال نے 13 بار فرانسیسی اوپن ، یو ایس اوپن چار بار ، ومبلڈن دو بار اور آسٹریلیائی اوپن میں ایک بار کامیابی حاصل کی ہے جب کہ فیڈرر آٹھ بار ومبلڈن ، آسٹریلیائی اوپن چھ بار ، یو ایس اوپن پانچ بار اور فرانسیسی اوپن ایک بار جیت چکے ہیں۔ جوکووچ 17 گرینڈ سلیم ٹائٹلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔واضح رہے کہ کلے کورٹ کے بے تاج بادشاہ اسپین کے رافیل نڈال نے تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ کو اتوار کو یکطرفہ انداز میں 6-0, 6-2, 7-5سے شکست دیکر کلے کورٹ گرینڈ سلیم فرینچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کی لا ل بجری پر اپنی 100ویں جیت درج کی، 13ویں بار فرنچ اوپن کا خطاب جیتا اور سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر کے 20 گرینڈ سلیم خطاب کے عالمی ریکارڈ کی برابری کرلی۔نڈال اور جوکووچ کے مابین بلاک بسٹر فائنل کی امید کی جارہی تھی لیکن نڈال نے فائنل کو مکمل طورپر یکطرفہ بناتے ہوئے میچ دو گھنٹے 41منٹ میں ختم کردیا۔ جوکووچ پر سیمی فائنل میں پانچویں سیڈڈ یونان کے اسٹیفانوس ستسپاس کے خلاف پانچ سیٹوں میں ملی جیت کی تھکان نظر آئی اور وہ اپنی سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے ۔ نڈال نے فرنچ اوپن میں 102 میچو ں میں 100ویں جیت حاصل کی۔نڈال نے اس جیت سے سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر کے 20گرینڈ سلیم کے عالمی ریکارڈ کی برابری کرلی۔ جوکووچ اور نڈال کے مابین کیریر کا یہ 56واں مقابلہ تھا اور نڈال نے جوکووچ کے خلاف اپنا ریکارڈ 27-29کرلیا ہے کلے کورٹ ماسٹر نے فرنچ اوپن میں 2005, 2006, 2007, 2008, 2010, 2011, 2012, 2013, 2014, 2017, 2018, 2019اور 2020میں خطاب جیتے تھے ۔ انہوں نے اس کے علاوہ ایک بار آسٹریلین اوپن (2009)، دو بار ومبلیڈن (2008, 2010) اور چار بار یو ایس اوپن (2010, 2013, 2017, 2019) خطاب جیتے ہیں۔سربیا کے جوکووچ اٹالین اوپن کا خطاب جیت کر فرنچ اوپن میں اترے تھے لیکن فائنل میں نڈال کے سامنے کوئی چیلنج پیش نہیں کرسکے ۔ جوکووچ نے اس سال آسٹریلین اوپن جیتا تھا لیکن یو ایس اوپن میں خاتون لائن جج کو گیند مارنے کی وجہ سے انہیں چوتھے راونڈ میں باہر کردیا گیا تھا۔ فرنچ اوپن کے فائنل میں ان کا سفر نڈال نے تین سیٹوں میں روک دیا۔ جوکووچ کو اب 18ویں گرینڈ سلیم کیلئے اگلے سال کا انتظار کرنا ہوگا۔فرنچ اوپن میں دونوں کھلاڑیوں کے مابین یہ آٹھواں مقابلہ تھا اور نڈال کا ریکارڈ 7-1پہنچ گیا ہے ۔ جوکووچ نے نڈال کو فرنچ اوپن میں صرف ایک بار 2015 کے کوارٹر فائنل میں شکست دی تھی۔ جوکووچ کی اس سال یہ دوسری شکست تھی اور 2020میں ان کا ریکارڈ 37-2ہوگیا ہے ۔2016میں یہاں چمپئن رہ چکے جوکووچ کا دوسرے فرنچ اوپن خطاب کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔ فائنل کے پہلے سیٹ میں 0-6سے شکست کھانے کے بعد ان کا واپسی کرنا مشکل ہوگیا۔ انہوں نے میچ میں 52بیجا غلطیاں کیں جو ان پر بھاری پڑیں۔

تازہ ترین