تازہ ترین

بنگلہ دیش نے ریپ کی سزا موت مقرر کر دی

تاریخ    13 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


ڈھاکہ//بنگلہ دیشی کابینہ نے آج منگل 12 اکتوبر کو ریپ یا جنسی زیادتی کے مجرموں کو سزائے موت دینے کی منظوری دے دی ہے۔ بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کو خود اپنی پارٹی کے اندر سے بھی اس حوالے سے دباؤ کا سامنا تھا۔ ڈھاکا میں ایک میٹنگ کے بعد ان کی حکومت نے سزائے موت لاگو کرنے کا اعلان کیا۔ بنگلہ دیشی وزیر انصاف انیس الحق کے مطابق یہ قانون منگل 13 اکتوبر کو صدر کی جانب سے جاری کر دیا جائے گا۔بنگلہ دیش کے وزیر انصاف انیس الحق کے مطابق ریپ کے مجرموں کو سزائے موت دینے کے فیصلے کی منظوری وزیر اعظم شیخ حسینہ کی قیادت میں آج ڈھاکا میں ہونے والی کابینہ کی ایک ملاقات میں دیا گیا: ''اس قانون میں فوری ترمیم کی ضرورت ہے۔ (کابینہ نے) فیصلہ کیا ہے کہ اس حوالے سے ایک آرڈیننس کل منگل کے روز صدر کی توثیق کے ساتھ جاری کر دیا جائے، کیونکہ ان دنوں پارلیمان کا اجلاس نہیں ہو رہا۔‘‘بنگلہ دیش میں حالیہ برسوں کے دوران جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ انسانی حقوق کے بنگلہ دیشی گروپ عین و شلیش کیندرا کے مطابق رواں برس جنوری سے لے کر ستمبر تک قریب 1,000 ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں جن میں سے قریب 20 فیصد اجتماعی زیادتی یا گینگ ریپ کے واقعات تھے۔بنگلہ دیش میں تازہ مظاہروں کا سلسلہ ایک ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد شروع ہوا تھا جس میں مردوں کے ایک گروپ کو دیکھا جا سکتا ہے جو ایک خاتون کے کپڑے پھاڑتے اور قریب آدھے گھنٹے تک اس پر حملہ آور ہوتے دیکھے جا سکتے ہیں۔
 

تازہ ترین