تازہ ترین

محکمہ سیاحت کا کولکتہ میں تشہیراتی مہم کاا ٓغاز | ٹور آپریٹروںنے جے کے شراکت داروں کے ساتھ اپنی قریبی رابطے اور اسے مزید مستحکم بنانے کی یقین دہانی کرائی

تاریخ    10 اکتوبر 2020 (00 : 02 AM)   


نیوز ڈیسک
کولکتہ//جموں وکشمیر میں معمول کی سرگرمیوں کو دوبار شروع کرنے کے لئے مختلف شعبوں کو غیر مقفل کیاجارہا ہے اس سلسلے میں محکمہ سیاحت کشمیر کے اَفسران کی ایک ٹیم اِن دِنوں کولکتہ میں ہے جو جموںوکشمیر میں سیاحت کے شعبے کو کھولنے اور آنے والے سیاحوں کے لئے موجود سہولیات کے بارے میں کولکتہ کے ٹور اینڈ ٹریول آپریٹروں کو آگاہ کرے گی۔  اس سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹرس عدیل سلیم اور احسان الحق چشتی پر مشتمل افسروں کی ٹیم نے مغربی بنگال کے سیاحت کے مختلف شراکت داروں کے ساتھ سلسلہ وار ملاقاتیں کیں اور انہیں جموں و کشمیر حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔بات چیت کے دوران افسران کی ٹیم نے ٹور آپریٹروںکے وفود کو جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے یوٹی میں بتدریج اور محفوظ بحالی سیاحت کے لئے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ بتایا گیا کہ ذمہ دار سیاحت اور بیرونی سرگرمیوں پر زور دیا جارہا ہے۔ وفود کو بتایا گیا کہ ڈائریکٹوریٹ آف ٹورازم نے حال ہی میں عالمی یوم سیاحت کا دِن منایا جس میں ڈل جھیل اور ماؤنٹین بائیک میں سرگرمیاں شامل ہیں جس میں کووِڈ۔ 19 کے تمام پروٹوکال پر سختی سے عمل کیا گیا تھا۔انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ محکمہ نے آنے والے مہینوں کے لئے سرگرمیوں کا ایک کیلنڈر تیار کیا ہے اور اگلے ہفتے پہلگام میں ایک گولفنگ ایونٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ٹور آپریٹروںنے جموں وکشمیر حکومت کی سیاحت کی بحالی کے لئے کی جانے والی کوششوں اور اس کے لئے تیار کی جانے والی ضروری ایس او پیز میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے اپنے قریبی رابطہ سیاحت کے شراکت داروں کو یاد کیا اور مستقبل میں اس کو مزید مستحکم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے بحالی مہم شروع کرنے کے لئے مغربی بنگال کا انتخاب کرنے پر محکمہ سیاحت کا شکریہ ادا کیا۔ان میٹنگوں میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ دسمبر ، جنوری کے مہینوں میں جموں و کشمیر کے دورے کے لئے مغربی بنگال سے سیاحوں کی  بڑی تعداد آنے کی متوقع ہے۔
 

تازہ ترین