تازہ ترین

سب ضلع اسپتال سوپور کو پرانی جگہ منتقل کیاجائے | مانگ پوری نہ ہوئی تواحتجاج کریں گے: سول سوسائٹی اور اکنامک الائنس کا انتباہ

تاریخ    3 اکتوبر 2020 (00 : 02 AM)   


غلام محمد
سوپور// اکنامک الائنس سوپور،سول سوسائٹی اور فارماڈسٹری بیوٹرس نے سوپورسب ضلع اسپتال میں اپنی جگہ واپس منتقل کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پندرہ روزکے اندر اسپتال کواپنی جگہ منتقل نہیں کیاگیا تووہ احتجاجی دھرنادیں گے۔ اس سلسلے میں فارما ڈسٹریبیوٹرس نے اکنامک الائنس اور سول سوسائٹی سوپور کے اشترسک سے ایک اہم میٹنگ منعقد کی جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سب ڈسٹرکٹ اسپتال کو واپس اپنی جگہ منتقل کیا جائے، چونکہ رواں سال کے ماہ اپریل میں اسپتال کو کووڈ -  19 اسپتال میں تبدیل کرنے اور اسے مدراینڈ چائلڈ اسپتال سوپور منتقل کرنے کے بعد یہاں کے سینکڑوں بیمار در در کی ٹھوکرکھانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔میٹنگ میں اکنامک الائنس کے صدر حاجی محمد اشرف گنائی نے اس بات پر زور دیا کہ جب سے اسپتال منتقل ہوا ہے، تب سے اسپتال میں ضروری معائنوں کی کمیاں پائی جارہی ہیں اور ڈاکٹر بھی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔یہی نہیں اسپتال کا تھیٹر بھی گزشتہ چھ ماہ سے بالکل بند پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حاملہ خواتین اور دوسری قسم کی جراحی کروانے کے لئے بیماروں کو بارہمولہ اور سرینگر  کے اسپتالوں کا رْخ کرنا پڑتا ہے۔ جس سے بیماروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس لئے حکومت کو چاہیئے کہ وہ اسپتال کو واپس اپنی جگہ منتقل کرے تاکہ یہاں کے لوگ راحت کی سانس لے سکے۔ انہوں نے مذید کہا کہ حکومت ہمیشہ سوپور قصبہ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کرتی آئی ہے۔میٹنگ میں سول سوسائٹی سوپور کے جنرل سیکریٹری عاشق حسین زکی نے کہا اس اسپتال کو واپس اپنی جگہ منتقل کرنے کی اشد ضرورت ہے چونکہ بیماروں کو یہاں آئے روز مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس بارے میں ہم نے کئی مرتبہ لیفٹنٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان کو اسپتال واپس منتقل کرنے کی مانگ کی مگر یقین دہانیوں کے سوا آج چھ ماہ گزرنے کے باوجود بھی کچھ حاصل نہ ہوا۔میٹنگ میں تینوں ایسوسی ایشنوں کے ممبران نے لیفٹنٹ گورنر اور ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سب ڈسٹرکٹ اسپتال سوپور کو واپس اپنی جگہ منتقل کرے تاکہ یہاں کے بیمار اس کورونا وائرس وباء کے عالم میں اور زیادہ ٹھوکریں کھانے سے بچ سکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر 15 دنوں تک اسپتال کو واپس اپنی جگہ منتقل نہیں کیا گیا تو وہ سڑکوں پر نکل کر احتجاجی دھرنا دیںگے۔
 

تازہ ترین