ٹوئنٹی 20|شعیب ملک سب سے زیادہ رنزبنانے والے دنیا کے تیسرے بلے باز

تاریخ    2 اکتوبر 2020 (00 : 02 AM)   


 لاہور/پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے دنیا کے تیسرے بہترین بلے باز بن گئے ہیں۔ 38 سالہ شعیب ملک نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں خیبر پختونخوا کی جانب سے ناردرن کی ٹیم کے خلاف میچ میں 20 رنز اسکور کیے جس کے ساتھ ہی وہ 9922 ٹوئنٹی ٹوئنٹی رنز اسکور کرنے والے سابق کیوی کپتان برینڈن میک کولم سے آگے نکل گئے ۔شعیب ملک اب تک 390 ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں میں 37.31 کی اوسط سے 9926 رنز اسکور کرچکے ہیں جن میں 61 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے یہ رنز 125.53 کے اسٹرائیک ریٹ سے اسکور کئے ہیں۔ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب س زیادہ رنز اسکور کرنے کا اعزاز ویسٹ انڈیز کے اوپنر کرس گیل کے پاس ہے جنہوں نے اب تک 13296 رنز بنا ئے ہیں، ان کے ہم وطن کیرون پولارڈ 10298 رنز کے ساتھ اس فہرست میں دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔ایک دیگر معاملے میں وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 6 ہزار رنز مکمل کرلیے ۔کامران اکمل کرکٹ کے اس مختصر ترین فارمیٹ میں یہ سنگِ میل عبور کرنے والے تیسرے پاکستانی کرکٹر بن گئے ۔کامران اکمل سے قبل شعیب ملک اور محمد حفیظ بھی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں چھ ہزار رنز مکمل کر چکے ہیں۔یو این آئی