مزید خبرں

تاریخ    2 اکتوبر 2020 (00 : 02 AM)   


 تحقیقی طریقہ کارپر10 روزہ ورکشاپ کا آغاز 

سرینگر//سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے اسکول آف سوشل سائنسز کے زیر اہتمام تحقیقی اسکالرز برائے سوشل سائنسز کے لئے 10 روزہ تحقیقی طریقہ کار ورکشاپ جمعرات سے یہاں گرین کیمپس میں شروع ہوا۔اس تقریب کے دوران تینوں محکموں ، اقتصادیات ، سیاست و انتظامی اورو مذہبی علوم کے فیکلٹی ممبران اور تحقیقی اسکالرز موجود تھے ، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر نے کی۔خصوصی لیکچر دینے کے لئے دہلی اسکول آف اکنامکس کے پروفیسر پلن نائک نئی دہلی سے آن لائن شامل ہوئے۔وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دنیا اپنے آپ کو ایک نئی حقیقت میں تلاش کر چکی ہے جس نے تمام سطحوں پر کام کرنے کے انداز کو بدل دیا ہے اور یہی بات تحقیقی طریقہ کارکے لئے بھی سچ ہے۔ انہوں نے بین الضابطہ نقطہ نظر اپنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ محض ڈگری حاصل کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں اگر اس کوتحقیق معاشرے کے مفاد کے لئے استعمال نہ کی جائے۔ پروفیسر میر نے کہا ’’ نقل(کٹ پیسٹ)ریسرچ کا موجودہ دور میں کوئی مطابقت نہیں ہے اور علم میں اصل شراکت ہونی چاہئے۔پروفیسر پلن نائک کے لیکچر بنیادی طور پر عدم مساوات پر مرکوز تھے۔ انہوں نے اپنے لیکچر کا آغاز آدم اسمتھ اور ڈیوڈ ریکارڈو سے شروع ہونے والی معاشی فکر کی تاریخ کے ایک مختصر خاکہ کے ساتھ کیا اور اسے عدم مساوات کے بڑھتے ہوئے مسئلے سے منسلک کیا۔ انہوں نے کہا کہ عدم مساوات نہ صرف معاشی رجحان ہے ، بلکہ معاشرتی اور سیاسی رجحان بھی ہے اور اسے ایک جامع انداز میں سمجھنا بھی ضروری ہے۔ پروفیسر نائک نے ماہرین تعلیم میں اہمیت کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ضوابطی نقطہ نظر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قانون اور معاشیات کا زیادہ قریب سے تعلق ہے۔ انہوں نے یہ بھی مزید کہا کہ پیشرفت کے لئے قانونی فریم ورک کو پوری طرح سمجھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ طلباء اور ریسرچ اسکالرز کو بھی چاہئے کہ وہ دوسرے طریقوں کو بھی قبول کریں اور اپنے تعلیمی سفر میں بین النسلی روش اپنائیں۔پروفیسر جی ایم  بٹ ، ڈین ، اسکول آف سوشل سائنسز اور ہیڈ ، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ نے اپنے استقبالیہ خطبہ میں تحقیق کی اہمیت اونتیجہ خیز تحقیق سے انفرادی ، ادارہ جاتی ، معاشرتی سطح کے ساتھ ساتھ قومی سطح پر بھی ترقی کا باعث بننے پر زور دیا۔ شعبہ سیاست اور گورننس کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر خالد وسیم حسن نے کارروائی کا انعقاد کیا جبکہ ڈاکٹر مسرور احمد نے شعبہ معاشیات نے شکریہ ادا کیا۔
 

سوپور میں خاتون کی خودسوزی ، کیس درج 

 سوپور //غلام محمد//صدیق کالونی سوپور میں ایک خاتون نے مبینہ طور پر خودسوزی کی ۔ جمعرات کی صبح ایک 32 سالہ خاتون نے گھر میں اپنے اوپر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگادی اور جھلس گئی۔ مذکورہ خاتون کو جھلسی حالت میں سب ضلع اسپتال سوپور پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مزید علاج و معالجہ کیلئے سکمز صورہ سرینگر منتقل کیا۔تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ خاتون نے یہ انتہائی قدم کیوں اٹھایا۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
 

اوڑی میں مشین الٹنے سے آپریٹر اور ہیلپر زخمی ، مکان کو نقصان 

اوڑی//ظفر اقبال//چُرنڈہ اوڑی میں مشین الٹنے سے آپریٹر اور ہیلپر زخمی ہوگئے جبکہ ایک شہری کے مکان کو نقصان پہنچا۔ بدھ کی شام چرنڈہ اوڑی میں کمیونٹی بنکر تعمیر کرنے کے دوران ایک ایل اینڈ ٹی مشین الٹ کر کئی فٹ نیچے گر گئی جس کی وجہ سے مشین آپریٹر شفاعت احمد آوان اور ہیلپر تنویر احمد آوان ساکنان دراگوٹلیاں اوڑی زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں کا علاج و معالجہ پہلے فوجی کیمپ میں کیا گیا اور بعد اوڑی اسپتال لایا گیا جہاں سے دونوں مزید علاج کیلئے بارہمولہ منتقل کیا گیا۔حادثہ کے دوران محمد دین جندر اور محمد شفح جندر کے رہاشی مکانوں کو بھی شدیدنقصان ہوا ہے۔
 

پانپور ٹریفک حادثہ ،ڈرائیور کیخلاف چارج شیٹ پیش 

ترال//سید اعجاز //جنوبی قصبہ پانپور میں دو ماہ قبل ہوئے حادثے جس میں 2راہ چلتی بچیاں فوت ہوئیں تھی جبکہ ایک زخمی ہوئی تھی سے متعلق واقعے پر پولیس نے لاپرواہ ڈارئیور کے خلاف جوڈیشل مجسٹریٹ پا نپور کی عدالت فرد جرم عائد کیا۔اونتی پورہ پولیس کی جانب سے موصولہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے 4اگست2020کو جنوبی قصبہ پانپور میں ایک آلٹو کار زیر نمبرJK13F-0346جس کو  طلحہ نثار باسو ساکن شیخ العالم کالونی پانپور چلا رہا تھا اور کنہ بل سے پانپور جاتے وقت سڑک کے ا یک طرف چلنے والی3 کمسن لڑکیوں کوکچل ڈالاتھا۔پولیس نے بتایا اس دوران ڈارئیور جائے وارادت سے اس وقت فرار ہوا،جس کو بعد میں گاڑی سمیت گرفتار گیا ہے ۔پولیس نے بتایا دوران تحقیقات یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ ڈرائیور / ملزم انتہائی غفلت کے ساتھ گاڑی چلا رہا تھاجہاں کوئی بھی راہ گیراس کی ڈرائیونگ کا شکار ہوسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں ایک کمسن بچی تنزیلہ رفیق دختر رفیق احمد ساکن تلہ باغ پانپورموقعے پر ہی لقمہ اجل بن گئے تھی ،جبکہ تابینہ نذیر ساکن نملہ بل پانپورزخموں کی تاب نہ لا کر ایس ایم ایش ایس ہسپتال میں دم توڑ بیٹھی ۔موصولہ بیان میں پولیس نے بتایادوران تحقیقات یہ بات بھی سامنے آئی کہ مزکورہ ڈارئیور/ملزم کے پاس ویلڈ لائسن بھی نہیں تھی ،جبکہ گاڑی مالک آصف حسین شاہ ساکن نورانی کالونی پانپور نے بھی غیر قانونی طور پر مزکورہ ملزم کو گاڑی چلانے کے لئے دی تھی۔پولیس نے بتایاا جمع کیے گئے شواہد کی بنیاد پر ،مختلف دفعات  304 part 2nd ,279,308 IPC/ 3/181 M.V Actکے تحت جرم قابل سزا ہے جبکہ گاڑی مالک کے خلاف بھی قانونی کارجوائی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔پولیس نے بتایامذکورہ نامزد ملزم کے خلاف تحقیقات چارج شیٹ مکمل ہونے کے بعد جمعرات کو ملزم کے خلاف جوڈیشل مجسٹریٹ پانپور کی عدالت چارج شیٹ پیش کیاگیا ہے۔انہوں نے بتایا ملزم کو 4اگست2020کو گرفتارکیا تھااور اس کیس کے سلسلے میں مسلسل پولیس حراست میں ہے۔خیال رہے ایس ایس پی اونتی پورہ طاہر سلیم نے یہاں حادثہ رونما ہونے کے  بعد مہلوکین کے والدین اور باقی لوگوں کو مکمل تحقیقات کا یقین دلایا ہے جس پرآج والدین اور عام لوگوں نے اطمینان کا اظہار تھا۔
 

کے ٹی ایم ایف جنرل سیکریٹری سے اظہار تعزیت

سرینگر//کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فییکچررس فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری شاہد حسین کی والدہ انتقال کرگئیں۔ کئی تجارتی انجمنوں نے سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے حق میں دعائے مغفرت کی ہے۔ مرحومہ کی فاتحہ خوانی اتوار کو دن میں12بجے زیارت بٹہ مالو میں انجام دی جائے گی۔اس دوران کے ٹی ایم ایف کے ایک دھڑے کے صدر حاجی محمد صادق بقال نے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔کشمیر اکنامک ا لائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار، بیکرس اینڈ کنفیکشنریز ایسو سی ایشن کے صدر عمر مختار بٹ،سینٹرل کنٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی کے سیکریٹری ارشد احمد بٹ،کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز احمد شہدار،سولنہ صدر بازار کے صدر حاجی نثار سمیت دیگر تاجر لیڈروں نے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہارکیا ہے۔
 
 

مانو ریجنل سنٹر کی اطلاع

 سرینگر //مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی نے کویڈ 19کے سبب موخر ہوئے سالانہ ڈسٹنس ’یو جی ‘اور ’پی جی ‘ڈپلومہ سرٹیفکیٹ سیشن 2019  کے امتحان کیلئے دوبارہ تاریخوں کا اعلان کیا ہے ۔ریجنل ڈائریکٹر مولانا آزار اُردو یونیورسٹی ڈاکٹر اعجاز اشرف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ’’ طلاب کو مطلع کیا جاتا ہے کہ مارچ 2020کو کویڈ 19کے سبب جو امتحان نہیںہو پایا تھا اب اس کیلئے نئی تاریخ مقرر کی گئی ہے اوراب یہ امتحان 3اکتوبر2020کو ہو گا ‘‘۔امتحان کے متعلق مکمل جانکاری یونیورسٹی کی ویب سائیٹ  www.manuu.edu.in سے حاصل کر سکتے ہیں ۔ 
 

 دن دھاڑے چوری کی وارداتیں

ٹنگمرگ میں90ہزار روپئے اڑالئے گئے

مشتاق الحسن
 
ٹنگمرگ//ٹنگمرگ کے مین بازار میں چوروں نے دو دوکانوں سے دن دھاڑے 90 ہزار روپئے اڑالئے۔ انہوں نے میرجنرل وکریانہ سٹور میں اس وقت رسائی حاصل کرکے وہاں موجود نقدی اور قیمتی سگریٹ اڑا لئے جب دکان کا مالک تنویر احمد اپنے سیلز مین کے ہمراہ شٹراتار کے نماز کی ادائیگی کیلئے مسجد گیا ہوا تھا ۔اسی طرح کے دوسرے واقع میں زرگر ڈرائی فروٹ کے مالک منظور احمد کو اس وقت 80 ہزار کا چونا لگایا جب وہ دوسری دوکان پر کچھ لینے گیاتھا ۔بازار میں دن دھاڈے چوری کی وارداتیں رونما ہونے پر ٹنگمرگ کی تاجر برادری میں تشویش پھیل گئی ہے۔
 

پی ڈی پی کا نائدکھے کے تاجر کی رحلت پر اظہار رنج

سرینگر// پی ڈی پی نے حاجی غلام محمد بٹ ساکن نائد کھے کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ پارٹی کے سینئر لیڈر نعیم اختر نے مرحوم کو ایک دیانت دار تاجر اور علاقے کی معروف شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انکے انتقال سے علاقے میں ایک خلا پیدا ہوا۔ پارٹی نے سملر بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے پی ڈی پی سے تعلق رکھنے والے ایک سینئر کارکن غلام محمد وانی کی اہلیہ کے انتقال پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔اس دوران سابق قانون ساز کونسل رکن یاسر ریشی نے غلام محمد بٹ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ریشی نے کہا کہ مرحوم نے سماج کے کمزور طبقے کی بہتری کیلئے ہمیشہ صف اول پر کام کیا۔
 

رہمو پلوامہ میں احتجاج

لوگوں کا میکڈم بچھانے کا مطالبہ

سید اعجاز
 
پلوامہ// ضلع پلوامہ کے رہموعلاقے میںمیکڈم نہ بچھانے کے خلاف لوگوں نے احتجاجی دھرنا دیتے ہوئے کچھ وقت تک ٹریفک کی نقل و حمل کو روک دیا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک کے دو کلومیٹر انتہائی خستہ حالی کا شکار ہیں جس کے نتیجے میں مسافروں اور راہگیروں کوسخت مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے خستہ حال سڑک پر فوری طور میکڈم بچھانے کا مطالبہ کیا تاکہ آبادی کو درپیش مشکلات سے نجات مل ہو سکے ۔
 

چیف سیکریٹری کی لوگوں کو گاندھی جینتی کی مبارکباد 

سرینگر //چیف سیکریٹری نے مہاتما گاندھی کے جنم دن پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی ۔ گاندھی جینتی کے موقعہ پر دئے گئے ایک پیغام میں چیف سیکریٹری نے کہا کہ گاندھیائی نظریہ سیلف رول کے ذریعے خود انحصاری پر زور دیا گیا ہے ۔ اُن کی تعلیمات سے متاثر ہو کر بیک ٹو ولیج پروگرام کے نظریہ کو تیار کیا گیا جو آج سے اس رہنما کے تئیں اظہارِ عقیدت کے طور پر شروع ہو رہا ہے ۔ گرام پنچائتوں کو بیک ٹو ولیج مرحلہ سوم میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لینے پر زور دیتے ہوئے چیف سیکریٹری نے کہا کہ حال ہی میں اختتام پذیر عوامی مہم کے دوران حصولیابیوں کا تجزیہ دورے پر جا رہے افسران کریں گے جنہیں گرام پنچائتوں کی ترقی کے لوازمات کا تجزیہ کرنے کا اختیار دیا گیا ہے تا کہ ان گرام پنچائتوں کو صحیح معنوں میں بااختیار لوکل سیلف گورننس کے ماڈل کے طور پرترقی دی جا سکے ۔ کووڈ 19 وباء کے پیش نظر چیف سیکرٹری نے لوگوں کو ماسک پہننے ، سماجی دوری قائم رکھنے اور ہاتھ صاف رکھنے کیلئے کہا ۔ 
 

کھادی اینڈ و لیج انڈسٹریز کمیشن کی جانب سے سرگرمیوں کا آغاز 

جموں کشمیر میں تربیتی پروگراموں کا ای افتتاح 

سرینگر//مہاتما گاندھی کے یومِ پیدائش کے سلسلے میں چیئر مین کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز کمیشن نے صفا پورہ گاندربل پی ایم ٹی سی پانپور اور دودھ بُگ بارہمولہ میں تربیتی پروگراموں کا ای افتتاح کیا ۔ واضح رہے کہ مرکزی وزارت برائے ایم ایس ایم ای کے کے وی آئی سی کا مقصد نوجوانوں کو روز گار فراہم کرنا ہے اور اس ضمن میں مختلف پیشوں میں تربیت فراہم کر کے انہیں بااختیار بنانے کی مہم شروع کی گئی ہے ۔ اس ضمن میں پروڈکشن کم ٹریننگ سنٹر ، کے وی آئی سی پانپور میں پہلے ہی کشمیر خطے میں مختلف مقامات میں 11 شعبوں میں تربیت کی فراہمی شروع کی گئی ہے ۔ یہ تربیت وید سازی ، کریول ، کشیدہ کاری ، شال و توید بافی ، سوزنی کشیدہ کاری ، سلائی کٹائی وغیرہ پیشوں میں فراہم کی جا رہی ہے ۔ سٹیٹ ڈائریکٹر کے وی آئی جموں کشمیر نے جانکاری دی کہ کمیشن ان تربیت یافتہ مستحقین کو خود روز گار کمانے کیلئے پی ایم ای جی پی کے تحت قرضہ جات فراہم کئے جائیں گے ۔ 
 

کنگن میں ٹاٹا سومو سے دیودار کی لکڑی ضبط

غلام نبی رینہ
 
کنگن// وسطی ضلع گاندربل کے پنزن کنگن میں محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے بغیر نمبر ایک ٹاٹا سوموسے48مکعب فٹ دیودار کی لکڑی برآمد کی ۔ رینج افسر مانسبل علی محمد نے اس سلسلے میںکشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس کارروائی میں رینج افسر کنٹرول روم گاندربل اور جنگلات کے دیگر ملازمین نے بھی حصہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ نے اس سلسلے میں کنگن پولیس میں ایک کیس درج کیا ہے۔
 

 بی ڈی او کا تبادلہ 

ٹیٹوال میں بی ڈی سی اور پنچایتی اراکین کا احتجاج 

نمائندہ عظمیٰ
 
سرینگر // ٹیٹوال کے بی ڈی سی ممبران اور پنچایتی اراکین نے بلاک ڈیولپمنٹ افسر کے تبادلے کے خلاف احتجاج کیا ۔ جمعرات کو ٹیٹوال میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے بی ڈی سی ممبران اور پنچایتی اراکین نے محکمہ دیہی ترقی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نعرہ بازی کی ۔ مظاہرین بی ڈی او کی واپسی کا مطالبہ کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ بڑی مشکل سے انہیں ایک قابل اور ایماندار افسر ملا تھا لیکن افسوس کہ محکمہ نے 2ماہ بعد ہی اس کا تبادلہ عمل میں لایا ۔انہوں نے کہا ٹیٹوال بلاک میں اکثر بی ڈی او کی کرسی خالی رہتی ہے اور یہاں کے بلاک کا اضافی چارج بی ڈی او ٹنگڈار کو دیا جاتا ہے ۔
 

گاندھی بھجن کا کشمیری ترجمہ مکمل

 سرینگر / / کشمیری شاعر شہباز ہا کباری نے15 ویںصدی کے گاندھی بھجن کا کشمیری زبان میں ترجمہ کیا ہے۔یہ پہلا موقع ہے جب کسی کشمیری شاعر نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔یہ گانا احمد آباد کے گاندھی آشرم میں لانچ کیا جارہا ہے۔ مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے یہ گانا معروف کشمیری گلوکار گلزار احمد گنائی گائیں گے۔ 
 

مشعل سلطانپوری کے انتقال پر تعزیت

سرینگر//گلشن کلچرل فورم کشمیر کے تمام اراکین نے وادی کے معروف شاعر، ادیب، نقاد اور دانشورپروفیسر مشعل سلطانپوری کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ فورم نے مرحوم کی جنت نشینی اورسوگوار کنبے کیلئے صبرجمیل کی دعا کی۔
 

جموں میں فوجی افسر کی خود کشی

یو این آئی
جموں// جموں کے مضافاتی علاقہ گجن سو میں ایک فوجی افسر نے اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔ یہ واقعہ گجن سو علاقے میں گروڈا سرحد پر قائم ایک چوکی میں پیش آیا۔مہلوک فوجی افسرکی شناخت چکر پانی پرساد تیواری ساکن مدھیہ پردیش کے بطور ہوئی ہے۔مذکورہ افسر نے دوران ڈیوٹی اپنی سروس رائفل کا استعمال کرکے خود پر گولیاں چلائیں۔ تیواری کو فوری طور سب ضلع ہسپتال مڑھ منتقل کیا گیا لیکن وہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کر کے تحقیقاتی کارروائی شروع کردی ہے۔قابل ذکر ہے کہ سابق مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع سبھاش بھامرے نے  فروری میں راج سبھا میں فوجی جوانوں کی طرف سے خودکشیاں کرنے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سال 2018 کے دوران 80 فوجی اہلکاروں نے خود کشی کی جبکہ ہوائی فوج میں 16 اہلکاروں اور نیوی میں 8 اہلکاروں نے خود کشی کی۔انہوں نے کہا کہ سال 2017 میں 75 فوجی اہلکاروں کے بارے میں شک کیا جاتا ہے کہ انہوں نے خود کشی کی جبکہ سال 2016 میں 104 فوجی اہلکاروں کی موت خودکشی کرنے سے واقع ہوئی ۔