تازہ ترین

چوشل لیہہ میں بی جے پی کونسلر سمیت کئی لیڈران پارٹی سے مستعفی

تاریخ    2 اکتوبر 2020 (00 : 02 AM)   


لیہہ//یو این آئی// لیہہ کے چوشل نامی علاقے سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کونسلر کونچوک سٹینزن اور دیگر عہدیداروں و کارکنوں نے پارٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔بی جے پی لیڈر کونچوک سٹینزن نے بتایا کہ پارٹی نے ایک ایسے شخص کو منڈیٹ دیا ہے جو پارٹی کا ورکر بھی نہیں ہے جبکہ جنہوں نے پارٹی کے لئے کئی برسوں سے دن رات کام کیا انہیں نظر انداز کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اس فیصلے سے مایوس ہو کر ہم پارٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔موصوف نے جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا: 'بی جے پی لیہہ نے چوشل کے بی جے پی منڈل کے تین لیڈروں کے بجائے ایک ایسے شخص کو منڈیٹ دیا ہے جو پارٹی کا ورکر بھی نہیں تھا اس لئے ہم پارٹی سے مستعفی ہو رہے ہیں'۔واضح رہے کہ ضلع لیہہ کی مذہبی، سیاسی، سماجی اور طلبہ تنظیموں پر مشتمل  اپیکس باڈی نے اپنے مطالبات و خدشات، خاص کر لداخ میں جموں و کشمیر یونین ٹریٹری کے طرز پر ڈومیسائل قانون لاگو نہ کرنے، کو لے کر لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے 16 اکتوبر سے منعقد ہونے والے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا تھا۔تاہم بعد میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کرنے کے بعد انہوں نے بائیکاٹ کال واپس لے لی ہے اور لوگوں سے انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔یو این آئی