تازہ ترین

گنپت یار میں کشمیری پنڈتوں کی بھوک ہڑتال ختم

مطالبات پورا کرنے کی ضلع مجسٹریٹ کی تحریری یقین دہانی

تاریخ    2 اکتوبر 2020 (00 : 02 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر// ضلع مجسٹریٹ سری نگر کی تحریری یقین دہانی کے بعد کشمیری پنڈت سنگھرش سمتی (کے پی ایس ایس) نے اپنے مطالبات کے حق میں کئی روز قبل شروع کی جانے والی بھوک ہڑتال ختم کر دی ہے۔بتادیں کہ کشمیری پنڈت سنگھرش سمتی کے اراکین گنیش مندر گنپت یار حبہ کدل میں اپنے مطالبات کو لے کر 20ستمبر سے بھوک ہڑتال پر تھے۔مطالبات میں تعلیم یافتہ کشمیری پنڈت بے روزگاروں نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرنے کے بارے میں ہائی کورٹ اور وزارت امور داخلہ کے احکامات کی عمل آوری، کشمیر میں ہی رہائش پذیر 808 پنڈت گھرانوں کو ماہانہ مالی امداد کی فراہمی اور ہجرت نہ کرنے والے مستحق کشمیری پنڈتوں کو رہائشی سہولیات کی فراہمی خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔سمتی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گذشتہ شام دیر گئے قریب ساڑھے 8بجے ضلع مجسٹریٹ سری نگر شاہد اقبال چوہدری ہمارے پاس گنپت یار حبہ کدل آئے اور ہمیں تحریری طور یقین دہانی کی ہمارے مطالبوں کو پورا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی چیف سکریٹری کے نمائندے ہمارے صدر سنجے ٹکو سے ملے تھے۔موصوف نے کہا کہ ضلع مجسٹریٹ کی تحریری یقین دہانی کے بعد بھوک ہڑتال 248 گھنٹوں کے بعد ختم کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔یو این آئی