تازہ ترین

کورونا جانچ مہم میں تیز ی

لال چوک میں طبی ٹیم نمودار، راہ گیروں کی تشخیص

تاریخ    2 اکتوبر 2020 (00 : 02 AM)   


نیوز ڈیسک
 سرینگر//لال چوک کے تاریخی گھنٹہ گھرکے قریب واقع پبلک پارک میں ایک طبی تشخیصی ٹیم نے راہ گیروں کے کورونا ٹیسٹ کئے اور موقعے پر اس کا نتیجہ دیا ۔ہیلتھ کیئر ورکر (پی پی ای کٹ) پہن کر ’ریپیڈ انٹی جن ٹیسٹ کٹ ‘ ( آر اے ٹی ) کے ذریعے اس پار ک میں راہ گیروں کے کووڈ۔ 19ٹیسٹ کرتے ہوئے نظر آئے ۔جموں وکشمیر حکومت نے تیز رفتاری سے ٹیسٹنگ عمل کرنے کو منظوری دی ،جس کے تحت جگہ جگہ طبی تشخیصی ٹیمیں راہگیروں ،دکانداروں اور دیگر افراد کے کووڈ۔19ٹیسٹ کررہی ہیں تاکہ عالمگیر وبا کورو نا وائرس پر قابو پایا جاسکے ۔اس سلسلے کی ایک کڑی کے تحت تاریخی گھنٹہ گھرکے قریب واقع پبلک پارک میں طبی ٹیم راہگیروں اور پارک میں بیٹھے افراد کی کورونا ٹیسٹنگ کرتی ہوئی نظر آئی ۔کئی افراد نے اس سہولیت کا فائدہ اٹھایا اور موقعے پر ہی کورونا وائرس کی جانچ کرائی کہ آیا وہ کووڈ۔19مثبت ہیں یا نہیں ۔کئی راہگیروں نے بتایا کہ اس طرح کی سہولیت متعارف کرانا  اچھا ہے کیونکہ اسپتالوں میں پورا دن ضائع ہوتا ہے جبکہ خد شہ لاحق رہتا ہے کہ کہیں وہ منفی ہو کر مثبت نہ ہوں ۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق اینٹی جن ٹیسٹ کٹس خاص طور پر ان علاقوں کے لیے تیار کی گئی ہے جہاں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے پی آر سی ٹیسٹ کی قلت ہو یا نتیجہ آنے میں زیادہ وقت لگ رہا ہو۔ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ اینٹی جن ٹیسٹ کٹ ان ممالک میں بے حد اہم کردار ادا کرے گی جہاں کورونا وائرس کی دوسری لہر پھیلی ہوئی ہے، جہاں کورونا کے ٹیسٹ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کی وجہ سے انہیں ٹیسٹ کے نتیجے میں تاخیر کا بھی سامنا ہے۔(کے این ایس)