آئو چلیں گائوں کی اور کا تیسرا مرحلہ | شرما نے بلاور میں لوگوں کے مسائل بغور سنے

تاریخ    1 اکتوبر 2020 (00 : 02 AM)   


نیوز ڈیسک
کٹھوعہ//لفٹینٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے آج کہا کہ حکومت نے عوام کی دہلیز پر ہی انتظامیہ فراہم کر کے اُن کی شکایات کا فوری ازالہ کرنے اور اُن کی ترقیاتی آرزؤں اور امنگوں کو پورا کرنے کیلئے اقدامات کئے ہیں ۔ مشیر تیسرے بلاک دوس کے موقعہ پر بلاور تحصیل کے دھرلتا اور بگن پنچائتوں میں جن ابھیان مہم کے دوران تبادلہ خیال کر رہے تھے ۔ اے ڈی سی بلاور اور دیگر ضلع اور سیکٹورل سطح کے افسران اس موقعہ پر موجود تھے جبکہ بلاک دوس کی کارروائی کی صدارت مشیر نے کی ۔ انہوں نے لوگوں کی شکایات اور مسائل بغور سُنے اور متعلقہ محکموں کو معین مدت کے اندر اُن کا ازالہ کرنے کیلئے کہا ۔ دھرلتا میں مشیر نے سلادی اُپار دھرلتا پی ایم جی ایس وائی سڑک، صحت سہولیات اور محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے پینشن کی ادائیگی  کے بارے میں جانکاری طلب کی ۔ بگن میں بلاور ۔ کٹلی پی ایم جی ایس وائی سڑک ، ریا سے بگن تک سڑک رابطہ سہولیات کی فراہمی ، سیرو سے نانگائی اور بگن سے کرولن تک کیلئے سڑک سہولت سے متعلق معاملات مختلف عوامی وفود نے اٹھائے ۔ اس کے علاوہ راشن کارڈوں کو اعلیحدہ کرنے ،بگن میں طبی سہولیات کو توسیع دینے ، کنڈ ہائی سکول کی توسیع اور التوا میں پڑی سکول عمارات پر کام دوبارہ شروع کرنے کی مانگیں بھی مقامی لوگوں نے پیش کیں ۔ مشیر شرما نے پی ایم جی ایس وائی سڑکوں پر جاری پیش رفت کے بارے میں جانکاری حاصل کی اور متعلقہ حکام کو دور دراز بلاکوں جیسے بگن میں پی ایم جی ایس وائی سڑکوں کی تعمیر کا کام ہاتھ میں لینے کی ہدایت دی ۔ مہم کے دوران بی ڈی سی بلاور اور بی ڈی سی بگن نے مشیر کو اپنی پنچائتوں اور بلاکوں سے متعلق مسائل سے مشیر کو آگاہ کیا ۔ مشیر نے دھرلتا کیمپ کے دوران درخواست دہندگان میں حقِ شہریت ، آمدن اور درجہ فہرست زمروں سے متعلق اسناد تقسیم کیں ۔
 
 
 

 دیہی ترقی محکمہ کا دورے پر جا رہے افسروں کیلئے تربیتی پروگرام 

جموں//محکمہ دیہی ترقی ڈائریکٹوریٹ جموں نے بیک ٹو ولیج پروگرام کے تحت دورے کیلئے تعینات کئے جانے والے افسروں کیلئے ایک روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا ۔ تربیتی پروگرام میں دوبنچوں پر مشتمل 403افسروں کو تربیت فراہم کی گئی ۔ سیکرٹری دیہی ترقی و پنچائتی راج نے شرکاء کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اس قدم کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے افسروں کو دورے کے دوران کووڈ وباء کے پروٹوکولز اور رہنما خطوط پر عمل پیرا رہنے کی تلقین کی ۔ ناظمِ دیہی ترقی جموں نے شرکاء کو بیک ٹو ولیج مرحلہ سوم کے تحت سرگرمیوں کے بارے میں تفصیل دی ۔ جبکہ ڈویژنل پبلسٹی افسر نے اس ضمن میں ایک مفصل پاور پوائینٹ پرذنٹیشن پیش کی ۔ 
 
 

کشتواڑ میں تیسرا مرحلہ شروع

کشتواڑ//اکیس روزہ عوامی مہم کے آخری مرحلے میں ضلع کشتواڑ میں جوش و خروش کے ساتھ تیسرا یوم بلاک منایاگیا۔واضح رہے کہ حکومت نے عوامی مہم کے دوران ہر بدھوار کو یوم بلاک کے طور پر منایا اور اب دوروز بعد بیک ٹوولیج پروگرام کا تیسرامرحلہ شروع ہورہاہے ۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر کشتواڑ محمدحنیف ملک اس بدھ کے روز بلاک مڑوہ اور بلاک واڑون کے دور دراز علاقے میں دو روزہ دورے پرگئے ۔انہوں نے موقعہ پر ہی متعدد شکایات کا ازالہ کیا جن کو پنچایتی ممبروں نے علاقے کے مقامی لوگوں کے ساتھ اجاگر کیاتھا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کشتواڑ پون پریہار نے بلاک ٹھاکرائی میں بلاک دیوس پروگرام کی صدارت کی ۔اے ڈی سی نے مقامی انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے سلسلے میں مقامی لوگوں کے مطالبات کے ازالے کے دوران لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات کوپورا کرنا اس مہم کا بنیادی مقصد ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنچایت ممبران کو عوام کے حقیقی مطالبات کو پیش کرنے کے لئے متحرک طور پر کردار ادا کرنے اور آنے والےB2V3 کو کامیاب بنانے کے لئے زمینی سطح تک لوگوںکو بیدار کرناچاہئے۔اس دوران اہل افراد میں مختلف اسناد تقسیم کی گئیں ۔
 
 
 

سیکریٹری قبائلی امور نے بٹوت میں عوامی مسائل سنے 

رام بن//انتظامی سکریٹری محکمہ قبائلی امورریحانہ بتول، جو ضلع رام بن کی انچارج سکریٹری بھی ہیں، نے عوامی مہم کے تحت یوم بلاک کے دوران بٹوت میں عوامی مسائل سنے اورسرکاری پالیسیوں کے بارے میں عوام کو بیدار کیا ۔انہوں نے پنچایتی نمائندگان کو مشورہ دیا کہ وہ بیک ٹو ولیج پروگرام سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ یہ معلومات جمع کرنے کا ایک وسیع پروگرام ہے۔ڈی سی ناظم زئی خان، بی ڈی سی چیئرپرسن راجیشور کمار، ایس ایس پی حسیب الرحمٰن، اے ڈی سی اشوک شرما، اے سی ڈی ضمیر احمد ریشوو دیگرافسران و پنچایتی نمائندگان بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔عوامی مطالبات پر سکریٹری نے ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو مختلف سکیموں کے تحت پنشن سے متعلق فوائد دیئے جائیں ۔ سی ای او کو ہدایت دی گئی کہ وہ پنچایتی نمائندگان کے ذریعہ شناخت شدہ اسکولوں کی عمارتوں کا حفاظتی آڈٹ کریں۔انہوں نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت کی کہ برف کا موسم شروع ہونے سے پہلے ڈھلواس لینڈ سلائیڈ کے تمام متاثرہ خاندانوں کی بحالی کو یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنائیں ۔انہوں نے ڈی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اصل معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔انہوں نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی کہ وہ طلبہ کی سہولت کے لئے کمیونٹی کے ساتھ ساتھ ورچوئل کلاسز بھی شروع کرے۔انہوں نے افسران کے ساتھ ساتھ پنچایتی نمائندگان پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی اپنی پنچایتوں میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لئے قریبی ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے کے سی سی اور اسپورٹس کٹس مقامی نوجوانوں کے حوالے کیں ۔ افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ محکموں اور پنچایتی نمائندگان کے مابین کوآرڈینیشن کو مستحکم کرنے کے لئے رہنما اصولوں کے مطابق کام کریں۔ڈی سی نے پنچایتی نمائندگان کو اپنے علاقوں کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ایک موثر جی پی ڈی پی پلان مرتب کرنے کے لئے B2V3 میں اپنے مطالبات کو اجاگر کرنے کو کہا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ مختلف بلاک میں 14 نئے آدھار مراکز شروع کرنے جارہی ہے۔انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ بگلیہار ڈیم میں ایڈونچر ٹورازم کا آغازکیا جائے گا۔اس دوران کئی عوامی مسائل موقعہ پر ہی حل کئے گئے جبکہ دیگر کو متعلقہ حکام کو روانہ کیاگیا۔
 

تازہ ترین