بارہمولہ میں مذہبی مقامات کھولنے کی اجازت

رہنما خطوط پر عملدرآمد کی ہدایت

تاریخ    1 اکتوبر 2020 (00 : 02 AM)   


فیاض بخاری
بارہمولہ //پانچ ماہ کے وقفے کے بعد حکام نے ضلع بارہمولہ میں تمام مذہبی مقامات کے ساتھ ساتھ زیارت گاہوں کو کھولنے کی اجازت دی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ بارہمولہ ڈاکٹر غلا م نبی ایتو نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں تمام مذہبی مقامات کے ساتھ ساتھ زیارت گاہیں بھی مرحلہ وار کھولی جائیں گی۔انہوں نے مذہبی مقامات پر رہنما خطوط پر عمل کرنے کی اپیل کی۔ ایتو نے بتایا کہ کسی کو بھی ضلع میں قائم زیارت گاہوں میں رات گزارنے کی اجازت نہیں ہوگی جب تک کہ ضلع میں کوروناوائرس صورتحال میں مزید بہتری نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی مقامات پر کھانا پکانے کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کی اشیاء کی چیزیوں کو فروخت کرنے پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ڈاکٹر ایتو کا کہنا تھاکہ تمام مذہبی ذمہ داروں کو پہلے ہی کوروناوائرس سے تحفظ اور دیگر رہنما خطوط کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے بتایا کہ بدقسمتی سے لوگ رہنما خطوط پر مکمل عمل نہیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ اس دوران قصبے کے سیمنٹ پْل کو بھی دوبارہ ٹریفک کی آمدو رفت کیلئے کھول دیا گیا۔