تازہ ترین

عوامی مسائل کو انتظامیہ کی نوٹس میں لانے کا بہترین ذریعہ:بھٹناگر

بانڈی پورہ میں کھیل کود میلے کا افتتاح کیا، حقِ شہریت اسناد تقسیم

تاریخ    1 اکتوبر 2020 (00 : 02 AM)   


بانڈی پورہ//بانڈی پورہ میں یومِ بلاک کے تیسرے مرحلے میں لیفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے شرکت کی ۔ اس ضمن میں منعقدہ تقریب بانڈی پورہ ، آلوسہ اور بنہ کوٹ بلاکوں میں جن شنوائی کا انعقاد ہوا ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے کہا کہ جاری جن ابھیان اور منعقد ہونے والا بیک ٹو ولیج مرحلہ سوم موثر اور عوام دوست انتظامیہ کے حصول کیلئے اہم ہے ۔ انہوں نے عوام کو آگے آ کر اپنی ترقیاتی امنگوں اور ضرورتوں کو انتظامیہ تک پہنچانے کیلئے کہا ۔ ڈائریکٹر جنرل پولیس ، انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر ، ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ اور دیگر ضلع اور سیکٹورل افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔ بعد میں مختلف وفود مشیر سے ملے اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔ مشیر نے انہیں بغور سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کی جائیز مانگیں مرحلہ وار پوری کی جائیں گی ۔ اس موقعہ پر مختلف محکموں نے اپنے اسٹال قائم کئے تھے جہاں موقعہ پر مستحقین کا اندراج مختلف انفرادی بہبودی سکیموں کیلئے کیا گیا ۔ مشیر نے اسٹالوں کا معائنہ کیا اور افسروں اور لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقعہ پر مشیر نے حقِ شہریت اسناد ، 25 سائیل ہیلتھ کارڈ ، 4 وہیل چئیر ، 5 آلات سماعت ، 150 تعلیمی کٹ طلاب میں تقسیم کئے اور کسانوں اور باغ مالکان میں تین ٹلر، تین پاور ٹلر ، 2 بیڈر ، 2  آٹو ، ایک ٹریکٹر اور 15 کاشتکاری مشینیں تقسیم کیں ۔ اس کے علاوہ محکمہ ابریشم اور محنت و روز گار کی مختلف سکیموں کے تحت مستحقین میں چیکیں تقسیم کیں ۔ مشیر نے کشمیر یوتھ سپورٹس فیسٹیول کا ایس کے سٹیڈیم بانڈی پورہ میں افتتاح کیا جس میں ضلع بھر کے 4 ہزار  کھلاڑیوں پر مشتمل 213 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔ مشیر نے بعد میں ضلع ہسپتال بانڈی پورہ کے نئے بلاک کا بھی معائنہ کیا ۔