آو چلیں گائوں کی اور | عوام کے ساتھ رشتہ مضبوط کرنے کی کوشش:بصیر خان

اونتی پورہ میں متعدد وفود سے تبالہ خیال

تاریخ    1 اکتوبر 2020 (00 : 02 AM)   


 پلوامہ//جن ابھیان عوامی اعتماد کے قیام اور عوام کے ساتھ رشتوں کو مستحکم بنانے کی جانب ایک قدم ہے ۔ اس کا اظہار مشیر بصیر خان نے اونتی پورہ میں آخری مرحلے کے بلاک دوس کے موقعہ پر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جن ابھیان کا مقصد خدمات کی فراہمی ، نظام میں بہتری لانے اور عوامی شکایات کا ازالہ کم از کم مدت کے اندر کرنے اور عوام کیلئے بہبودی سکیموں کے اہداف کی صد فیصد حصولیابی کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن ابھیان کا ایک اور مقصد جموں کشمیر میں بہتر انتظامیہ کی جڑوں کو مضبوط بنا کر عام لوگوں کو بااختیار بنانا ہے اور حکومت کی جانب سے اختیار کئے گئے نئے انتظامی ماڈل کو نئی سمت دینا ہے ۔ بصیر خان جموں و کشمیر میں بلاک دوس کے آخری مرحلے کے موقعہ پر بلاک اونتی پورہ کا دورہ کر رہے تھے ۔ اُن کے ہمراہ اے ڈی سی اور ایس ایس پی اونتی پورہ کے علاوہ دیگر ضلع افسران تھے۔ اونتی پورہ بلاک میں مشیر نے مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے اسٹال کا معائینہ کیا اور عوامی شکایات کے ازالہ نظام کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی ۔ بلاک دوس کے موقعہ پر انہوں نے سینکڑوں افراد سے تبادلہ خیال کر کے اُن کے مسائل و شکایات کی شنوائی کی ۔ انہوں نے سکولی بچوں میں سپورٹس کٹ ، آمدن اور حق شہریت اسناد تقسیم کئے ۔ اس کے علاوہ لاڈلی بیٹی سکیم کے تحت اختیار نامے بھی تقسیم کئے ۔ انہوں نے جسمانی طور خاص افراد میں وہیل چیئر ، آلاتِ سماعت ، واکنگ سٹرک تقسیم کیں ۔ مشیر نے مختلف وفود جن میں پنچائتی اداروں کے وارثوں ، مندک پل لیتہ پورہ اور پانپور کے نمائندے شامل تھے سے ملاقات کی ۔ بی ڈی سی چیئر مین اونتی پورہ نے تجاوزات اور کاہچرائی اراضی کی بازیافت اور اونتی پورہ قصبہ کی ترقی کے علاوہ بلاک ڈیولپمنٹ فنڈ میں اضافہ اور قصبہ کیلئے سیلاب سے بچاؤ منصوبہ مرتب کرنے کی مانگ کی ۔ گُجر بکروال طبقے کے ایک وفد نے سڑکوں پر میکڈم بچھانے اور پرایمری سکول کا درجہ ہائی سکول تک بڑھانے کی مانگ کی ۔ لیتہ پورہ کے ایک وفد نے لیتہ پورہ میں ٹرامہ سنٹر قائم کرنے کی مانگ کی جبکہ پند گام سے آئے ایک وفد نے ڈگری کالج کے قیام اور ابتدائی طبی مرکز کو سب ضلع ہسپتال کے طور پر توسیع دینے کی مانگ کی ۔ گلزار پورہ سے آئے وفد نے پینے کے پانی کی معقول سہولیت وور ویلز ، ابتدائی طبی مرکز کیلئے عملے کی تعیناتی کی مانگ کی جبکہ بارسو سے آئے وفد نے ابتدائی طبی مرکز کیلئے معقول عملے کی تعیناتی اور علاقے میں جدید نکاسِ آب نظام کی مانگ کی ۔ پانپور بلاک سے آئے ٹھیکیداروں کے ایک وفد نے اُن کی التوا میں پڑے واجبات کی ادائیگی اور کام کاج کی جگہوں پر تعمیراتی اور دیگر مواد کی ٹرانسپورٹیشن کیلئے اجازت طلب کی ۔ سکھ طبقے کے ایک وفد نے ترال میں اقلیتی سکول کی تعمیر اور سائمو تک جانے والی ذیلی سڑک پر میکڈم بچھانے کا معاملہ اٹھایا ۔ پانپور سے آئے زعفران اگانے والے ایک وفد نے زعفران اگانے والوں کیلئے جانکاری کیمپوں کے انعقاد کی مانگ کی ۔ انہوںنے قومی شاہراہ پر نمائشی ہٹ کی تعمیر اور زعفران کیلئے کم از کم امدادی قیمت کی مانگ کی ۔ انہوں نے زعفران کیلئے مارکیٹنگ سہولیت اور سپرنکلنگ نظام کی تکمیل کی مانگ کی ۔ بلاک دوس ضلع کے تمام 11 بلاکوں میں منعقد کیا گیا جہاں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں پر مفصل غور و خوض ہوا اور مختلف پنچائتوں کے لوگوں کو درپیش مسائل سے متعلق بھی آگاہی حاصل کی گئی جہاں نامزد افسران بشمول اے ڈی سی پلوامہ ، اے ڈی سی ترال ، اے ڈی سی اونتی پورہ اور دیگر ضلع اور سیکٹورل افسران نے لوگوں کی مانگوں اور اُن کے مسائل کی شنوائی کی ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر اور دیگر نامزد افسران نے مختلف بلاکوں میں عوامی شکایات اور مسائل کی شنوائی کی ۔