تازہ ترین

مزید خبرں

تاریخ    30 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


حضرت شیخ حمزہ مخدوم ؒ کا عرس،ایام متبرکہ شروع

ساگر کی زائرین کیلئے مناسب انتظامات کی اپیل 

 
سرینگر//نیشنل کانفرنس نے عرس مبارک حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدوم ؒ کے سلسلے میں زائرین اور عقیدت مندوں کیلئے خاطر خواہ اور مناسب انتظامات رکھنے کی اپیل کی ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے انتظامیہ سے عرس کے ایام متبرکہ ،جو کل یعنی 11صفر مطابق 29ستمبر سے شروع ہوگئے ہیں ،کے دوران زائرین کیلئے معقول اور مناسب انتظامات، خصوصاً بجلی،پینے کا پانی، صحت و صفائی اور ٹرانسپورٹ ، میسر رکھنے کی اپیل کی تاکہ عقیدت مندوں کسی بھی قسم کی مشکلات پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ اہل وادی کو اس درگاہ کے ساتھ صدیوں سے والہانہ عقیدت رہی ہے اور ہمیشہ یہاں عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔ ساگر نے انتظامیہ کو تاکید کہ وہ ماضی کی طرح اس درگاہِ عالیہ پر وہ تمام انتظامات رکھیں جو حسب قدیم اور حسب عادت رکھے جاتے ہیں۔
 
 

نقلی ڈی ایس پی بن کر فون پر دھمکانے کا معاملہ

لال بازار کا ایک شخص پولیس کی گرفت میں

ارشاد احمد
سرینگر//پولیس نے لال بازار کے ایک شخص کوخود کو ڈی ایس پی جتلاکر فون کے ذریعے عوام کو دھوکہ دینے اور دھمکانے کی پاداش میں گرفتارکرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ 27ستمبرکوتھانہ پولیس شیر گڈھی کو سہیل احمد پنچو ساکن نورباغ کی جانب سے تحریری طور پر شکایت موصول ہوئی کہ مذکورہ کو ایک گمنام فون نمبر9055786000 جوکہ خود کو ’’ڈی ایس پی کار گو‘‘ بتارہا ہے ، بار بارہراساں کررہا ہے۔پولیس نے کیس زیر ایف آئی آر نمبر56/2020 متعلقہ دفعات کے درج کرکے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کی جس دوران پتہ چلا مذکورہ فون نمبرنذیر احمد شیخ ولد محمد یوسف ساکن بٹہ کدل لالبازارکے نام درج ہے جبکہ ٹرو کالر پر جب دیکھا گیا جہاں پر اُس کا نام ڈی وائی ایس پی سی ایم ریزڈنس (DySP CM Residence)لکھا ہوا پایا گیاجس کو مذکورہ شخص نے جان بوجھ کر سیو کرکے رکھا ہے تاکہ عوام کو دھوکہ دینے اور دھمکانے میں کام آسکے۔پولیس نے مذکورہ ملزم کو گرفتارکرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا اور اس کیس کے سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔
 

 خواجہ یعقوب دار ولی ؒ کا عرس، وانٹہ پورہ میںمجلس آراستہ

 
 سرینگر//وادی کے بلند پایہ ولی کامل حضرت خواجہ یعقوب دار ولی ؒ کا 412واں عرس نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا ۔اِس سلسلے میں اُن کے آستان عالیہ وانٹہ پورہ راجوری کدل میں صبح سویرے ہی قرآن خوانی ،کلمات ، ختمات المعظمات اور درود ازکار کی روح پرور مجلس کا انعقاد ہوا۔ جس کی پیشوائی سجادہ نشین دربارِ اکملیہ عطاریہ مہدیہ الحاج ڈاکٹر میر سید مقتدر کاملی نے کی جبکہ اس موقعے پرمولانا شوکت حسین کینگ نے حضرت یعقوب دارؒ کی علمی اور روحانی کمالات پر روشنی ڈالی۔ اس موقعے پر عالم اسلام کی سربلند کیلئے بھی دعا کی اور کورونا وائرس سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ تقریب پر الحاج شفاعت احمد کاملی، ریاض احمد کاملی، نشاندہ آثار شریف شہری کلاش پورہ پیرزادہ منظور احمد، خانقاہِ معلی کے فاتح خواں حاجی مسعود احمد، جمعیت کے میر غلام محمد ساقی جبکہ خادم زیارت حضرت سید بلال رومیؒ سید صاحب راجوری کدل بھی موجود تھے۔
 

اپنی پارٹی کا صورہ کے خوانچہ فروشوں کی بازآبادکاری کا مطالبہ

 
سرینگر//اپنی پارٹی لیڈر اور جڈی بل حلقہ کے انچارج عرفان نقیب نے جموں وکشمیر حکومت پرصورہ کے خوانچہ فروشوں کی بازآبادکاری پرزور دیا ہے جوکہ سکمز اسپتال کے ارد گرد اپنی روزی روٹی کماتے ہیں۔پارٹی دفتر لال چوک میں صورہ کے خوانچہ فروشوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے نقیب نے اُن سے یکجہتی کا اظہار کیا اور اُن کی جلد بازآبادکاری کے لئے ہرممکن مدد کا یقین دلایا۔نقیب نے کہاکہ 5 اگست 2019اور اُس کے بعد کویڈ19وباء کی وجہ سے صورہ کے خوانچہ فروش سخت متاثر ہوئے ہیں۔
 

کوٹھی باغ اورمائسمہ میں پولیس پبلک میٹنگوں کا انعقاد

 
سرینگر// عوام کے ساتھ بہتر تال میل کیلئے پولیس کی طرف سے کل کوٹھی باغ اورمائسمہ پولیس اسٹیشنوں میں پولیس پبلک میٹنگوں کا انعقاد کیا گیا ۔ایس ڈی پی او کوٹھی باغ اور متعلقہ ایس ایچ اوز کی سربراہی میں منعقدہ ان میٹنگوں میں لال چوک ،کورٹ روڈ ،امیرا کدل ،کوکر بازار ،ریگل چوک اور پولو ویو کے تاجروں نے شرکت کی ۔میٹنگ میں شرکاء نے پارکنگ سہولیات ،ٹریفک ڈائیورشن اور دیگر مسائل کو اجاگر کیا ۔پولیس افسران نے تاجروں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو سول انتظامیہ کی نوٹس میں لایا جائے گا ۔علاقہ میں مختلف جرائم سے نمٹنے کیلئے پولیس نے عوام سے تعاون طلب کیا جبکہ میٹنگ میں موجود لوگوں نے پولیس کو اس حوالے سے مکمل تعاون دینے کا اعادہ کیا ۔میٹنگ میں COVID-19 کی روک تھام کے لئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے وقتا فوقتا جاری کردہ ہدایات کو عملانے پر زور دیاگیا ۔