تازہ ترین

بٹہ مالو میں دولہے کے خلاف کیس درج

شادی کے موقع پر پٹاخے سر کنے کا شاخسانہ

تاریخ    30 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


ارشاد احمد
سرینگر//پولیس نے بٹہ مالو علاقے میں شادی بیاہ کی ایک تقریب کے دوران پٹاخے سر کنے پر دولہے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کی جانب سے منگل کو جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ'پولیس تھانہ بٹہ مالو نے شادی بیاہ کی ایک تقریب کے دوران پٹاخوں کا استعمال کرنے پر دولہے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے'۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع سری نگر کے حدود میں پٹاخوں کے استعمال پر پابندی عائد ہے۔ اس سلسلے میں ایک حکم نامہ ڈپٹی کمشنر سری نگر پہلے ہی جاری کر چکے ہیں۔پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ بٹہ مالو میں گذشتہ رات پٹاخوں کی آواز سنی گئی اور انکوائری کرنے پر معلوم ہوا کہ پٹاخوں کا استعمال شادی کے دوران دولہے کے دوستوں اور رشتہ داروں کی جانب سے کیا گیا ہے۔پولیس تھانہ بٹہ مالو میں آئی پی سی کی دفعہ 188 کے تحت ایف آئی آر زیر نمبر 138 آف 2020 درج کی گئی ہے۔ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔ پولیس نے لوگوں سے کہا ہے کہ ضلع سرینگر میں اس طرح کے پٹاخوں کا استعمال نہ کریں ۔واضع رہے کہ اس سے قبل 10 ستمبر کو سولنہ میں بھی شادی کی تقریب کے دوران پٹاخے پھوڑنے پر کیس درج کیا گیا تھا ۔