تازہ ترین

مسائل کا حل موجود حکومت کی اولین ترجیح:بصیر خان

عوامی شکایات کا ازالہ، ایک سو سے زائد وفود مشیر سے ملاقی

تاریخ    30 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


سری نگر//ہفتہ وار شنوائی پروگرام کے تحت کل یہاں چرچ لین سونہ وار کے شکایتی سیل میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے متعدد وَفود اور اَفراد سے ملے جنہوں نے مسائل اور شکایات پیش کر کے اُن کا حل طلب کیا۔زائد از ایک سو وَفود اور اَفراد مشیر موصوف سے ملے اور بنیادی شہری سہولیات تعلیم ، سڑک رابطہ دیگر ترقیاتی ضروریات وغیرہ سے متعلق مسائل پیش کئے جبکہ سرکاری ملازمین پر مشتمل چند وفود نے ملازمتوں سے متعلق مسائل بھی پیش کئے ۔اس موقعہ پرمشیر نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیح اوّل مفاد عامہ ہے اور عوامی شکایات کے ازالے کی جانب توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔جے کے سمینٹس لمٹیڈ کے ملازمین پر مشتمل وفد نے تنخواہوں کی واگذاری کی مانگ کی۔ میونسپل کمیٹی ڈورو کے وفد نے ِلسر کوکر ناگ گرڈ سٹیشن میں ٹرانسفارمر کی توسیع کی مانگ کی ۔ٹھیکداروں پر مشتمل ایک وفد نے 2019ء کے دوران محکمہ تعلیم کے لئے کئے گئے تعمیراتی کاموں کے واجبات کی واگذاری کی مانگ کی۔سرپنچوں اور پنچوں کے کئی وَفود نے اَپنے علاقوں کے ترقیاتی مسائل مشیر موصوف کوگوش گزار کئے ۔ جنگلات ، فلڈ کنٹرول ، بجلی اور دیگر محکموں میں تعینات کیجول ، ڈیلی ویجروں کے وفود نے ان کی ملازمتوں کو باقاعدہ بنانے کی مانگ کی۔مختلف وفود نے ایس آر او  43 کے تحت ان کے معاملات کو نمٹانے کے لئے مشیر سے ذاتی مداخلت طلب کی۔مشیر نے متعلقہ محکموں کو اِس عمل میں سرعت لانے کے لئے کہا۔پٹن ، احمد نگر، اچھہ بل ، سیر ہمدان ، سمربُگ کالونی کولگام، کپواڑہ ، پارمپورہ  سے آئے وفود بھی مشیر سے ملے اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔مختلف وَفود اور اَفراد کی شکایات ، مسائل اور مانگوں کو شنوائی کرتے ہوئے مشیر نے اُنہیں یقین دِلایا کہ ان کی جائز مانگوں ، مسائل اور شکایات کا باریک بینی سے جائزہ لے کر اُنہیں مرحلہ وار نمٹایا جائے گا۔