تازہ ترین

گپکار اعلامیہ جموں و کشمیر کی وحدت اور انفرادیت کی بحالی کیلئے ایک منظم تحریک

این سی حلقہ انتخاب امیرا کدل کے اجلاس سے ناصر اسلم وانی کا خطاب

تاریخ    30 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


سرینگر// نیشنل کانفرنس حلقہ انتخاب امیر کدل کا ایک غیر معمولی اجلاس پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس پر صوبائی صدر اور انچارج کانچونسی امیرا کدل ناصر اسلم وانی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ناصر اسلم نے گپکار اعلامیہ کو جموں وکشمیر کی وحدت اور انفرادیت کی بحالی کیلئے ایک منظم تحریک قرار دیتے ہوئے کہ جو ابن الوقت سیاست دان جموں وکشمیرکی سیاسی جماعتوں کی اس متحدہ جدوجہد کیخلاف بیانات دے رہے ہیں وہ کشمیر میں جعفر بنگال اور صادق دکن کی شکل میں اپنے ناگپوری آقائوں کے خاکوں میں رنگ بھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں، لداخ ، کشمیر، خطہ چناب و پیرپنچال کے لوگوں نے 5اگست 2019کے فیصلوں کو یکسر مسترد کردیا ہے اور یہ زمینی حقیقت پوری دنیا پر عیاں ہوگئی ہے لیکن کشمیر کے اندر کچھ ایسے مفاد پرست ، ابن الوقت اور اقتدار کے بھوکے عناصر موجود ہیں جو لوگوں کے جذبات ، احساسات اور امنگوں کو روندتے ہوئے شاہ سے زیادہ شاہ کے وفاردار بن کر نئی دلی میں بیٹھے اپنے آقائوں کو خوش کرنے میں لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5اگست2019 اور پھر کورونا وائرس کی وجہ سے ہوئے دوہرے لاک ڈائون سے جموں وکشمیر کے عوام بدترین اقتصادی بدحالی سے دوچار ہوگئے ہیں۔ اگرچہ انتظامیہ نے مالی پیکیج کا بھی اعلان کیا لیکن وہ صرف اور صرف اعداد و شمار کی ہیرا پھیری ہی ثابت ہوا۔اجلاس میں پارٹی کے صوبائی یوتھ صدر سلمان علی ساگر، صدرِ صوبہ خواتین ونگ انجینئر صبیہ قادری، بلاک صدر رفیق الائی، یوتھ لیڈر احسان پردیسی،خالد راٹھور نے بھی خطاب کیا۔ اس موقعے پر راولپورہ کے نوجوان سماجی کارکن شعیب احمد ڈار نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی ۔