شاہ آباد سعیدہ کدل کے لوگ محکمہ تعمیرات عامہ سے نالاں | 2برس قبل ڈرنیج کی تعمیر کیلئے کھودی گئی سڑکیں مرمت کی منتظر

تاریخ    28 ستمبر 2020 (30 : 12 AM)   


پرویز احمد
 سرینگر //شاہ آباد سعیدہ کدل میںڈرنیج کیلئے کھودی گئی سڑکیں ابھی بھی مرمت کی منتظر ہیں، تاہم حکام اس جانب کوئی بھی دھیان نہیں دے رہی ہے ۔ سال 2018میں امرت اسکیم کے تحت جھیل ڈل میں گندے پانی کی نکاسی کیلئے ڈرنیج کی تعمیر کیلئے کھودی گئی سڑکیں ابھی بھی مرمت کی منتظر ہیں اور یہ سڑکیں  اب لوگوں کیلئے درد سر بنی ہوئی ہیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ یو ای ای ڈی نے ڈرنیج کیلئے کھودی گئی سڑک کی مرمت نہیں کی اور نہ ہی محکمہ آر اینڈ بی نے سڑک پر میگڈیم بچھانے کیلئے کوئی اقدام اٹھایا ہے۔ شاہ آباد میں رہنے والے ہلال احمد نے بتایا کہ سڑک کی خستہ حالت کے نتیجے میں لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے ۔ہلال احمد نے بتایا کہ سڑک پر بزرگوں اور بچوں کا چلنا مشکل ہوگیا ہے جبکہ آنے والے موسم سرما میں یہ سڑک لوگوں کیلئے مزید مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔ ہلال نے مزید بتایا کہ جب بھی محکمہ یو ای ای ڈی سے سڑک کی تعمیر اور مرمت کی درخواست کی جاتی ہے تو محکمہ آر اینڈ بی کو سڑک پر میگڈیم نہ بچھانے کیلئے ذمہ دار ٹھہرایا جا تا ہے۔ شاہ آباد کے مقامی لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑک پر میگڈیم بچھانے کیلئے ضروری احکامات جاری کریں تاکہ لوگوں کو مستقبل میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔  
 
 

تازہ ترین