تازہ ترین

شہر خاص میں آوارہ کتوں کا راج | نائد کدل ،مخدوم منڈو سمیت دیگر علاقوں میں لوگ پریشان

تاریخ    28 ستمبر 2020 (30 : 12 AM)   


سی این آئی
سرینگر//شہر خاص کے متعدد علاقوںمیں آوارہ کتوں کی موجودگی سے عام شہریوں کیلئے شام کے بعد گھروں سے باہر نکلنا دشوار بن گیا ہے ۔شہر کے رعناواری، خانیار، نوہٹہ،راجوری کدل، بہوری کدل،مہاراج گنج، عالی کدل، نائد کدل، مخدوم منڈو ، کلاش پورہ زینہ کدل، گوجوارہ، حول ، حاکہ بازار، دیوی آنگن ہاری پربت و دیگر علاقوںمیں آوارہ کتوں کی ہڑبونگ سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق کتوں کی تعداد اس قدر بڑھ گئی ہے کہ لوگ سڑکوں پر چلنے میں خوف محسوس کررہے ہیں ۔ لوگوں کے مطابق شام کے بعد انہوں نے اپنے گھروں سے باہر نکلنا ہی چھوڑ دیا ہے، اگر مجبوری کے وقت کوئی شہر ی کسی کام کے سلسلے میں گھر سے باہر نکلتا ہے تو اس کے پیچھے درجن بھر آوارہ کتوں لگ جاتے ہیں ۔ان علاقوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کی تعداد اس قدر بڑھ گئی ہے کہ ایک ایک دروازے کے باہر چار چار کتے کھڑے رہتے ہیں ۔ نائد کدل کے ایک سماجی کارکن  جاوید غازی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ صبح اور شام نماز کیلئے جانے والوں شہریوں کے ہاتھوں میں ڈنڈے ہوتے ہیں اور بغیر ڈنڈوں کے کوئی بھی شہری مسجد تک نما ز ادا کرنے کیلئے نہیں جا سکتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ آوارہ کتے سڑک پر جمع رہنے والے کوڑا کرکٹ پر منہ مارتے پھرتے ہیں، کیونکہ علاقے میں کوئی بھی کوڑا دان نہ ہونے کے سبب لوگ سڑک کے بیچو بیچ گھروں سے نکلنے والا فضلہ ڈال دیتے ہیں لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ کتوں کی بڑھتی تعداد کو قابو کرنے اور لوگوں کو آوارہ کتوں کے خوف سے نجات دلانے کیلئے فوری طور پر اقدامات اُٹھائے جائیں ۔