اردو یونیورسٹی کے داخلہ امتحان کا آغاز | ملک بھر میں 16 مراکز، تقریباً 10ہزار امیدوار

تاریخ    28 ستمبر 2020 (30 : 12 AM)   


یو این آئی
حیدرآباد//مولانا آزاد نیشنل ا ردو یونیورسٹی کے ریگولر کورسز میں داخلوں کیلئے انٹرنس ٹسٹ 28، 29 اور 30 ستمبر کو منعقد کئے جائیں گے۔ پروفیسر صدیقی محمد محمود، رجسٹرار انچارج کی اطلاع کے بموجب انٹرنس ٹسٹ میں ملک کے 16 شہروں میں تقریباً 10,000 طلبہ شرکت کریں گے۔ یونیورسٹی نے کویڈ 19 وباء کے پیش نظر امتحانی مراکز پر تمام تر احتیاطی اقدامات کیے ہیں۔ طلبہ کو اپنے قریب ترین امتحانی مرکز کے انتخاب کا خصوصی طور پر موقع دیا گیا ہے۔ 28؍ستمبر کی صبح پی ایچ ڈی (اردو، انگریزی، ہندی، عربی، فارسی، نظم و نسق عامہ، اے سی ایس ایس ای آئی پی، ترسیل عامہ و صحافت)، ایم ٹیک اور ڈی ایل ایڈ کے انٹرنس ہوں گے۔ جبکہ دوپہر میں پی ایچ ڈی (تعلیم، اسلامک اسٹڈیز، سوشل ورک، تاریخ، معاشیات)، ایم ایڈ اور ایم سی اے کے انٹرنس منعقد کیے جائیں گے۔ 29؍ ستمبر کی صبح پی ایچ ڈی (مینجمنٹ، سماجیات، سیاسیات، مطالعاتِ ترجمہ)، بی ٹیک، ایم بی اے، بی ایڈ (بائیولوجیکل سائنسس ، فزیکل سائنسس) اور دو پہر میں پی ایچ ڈی (کمپیوٹر سائنس، کامرس، ریاضی، طبیعیات، کیمیا، نباتیات، حیوانیات) اور پالی ٹیکنیک کے انٹرنس منعقد کیے جائیں گے۔ 30؍ ستمبر کی صبح بی ایڈ (سوشل اسٹڈیز، ریاضی) کے اور دوپہر میں بی ایڈ (اردو) اور پی ایچ ڈی مطالعاتِ نسواں کے انٹرنس منعقد کیے جائیں گے۔ انٹرنس ٹسٹ کا انعقاد صبح 9.30  تا 11.30بجے دن اور دوپہر 2.30 بجے دن تا 4.30 بجے شام ہوگا۔ انٹرنس ٹسٹ حیدرآباد کے علاوہ آسنسول، اورنگ آباد، اعظم گڑھ، بنگلور، بھوپال، بیدر، کٹک، دربھنگہ، دہلی، کڑپہ، کشن گنج، لکھنؤ، پٹنہ، سنبھل، سری نگر میں منعقد ہوں گے۔ ہر طالب علم کو امتحانی مرکز پر ’’خود کو کویڈ نہ ہونے کا حلفنامہ ‘‘ جمع کرنا ہوگا۔ حلفنامہ کا نمونہ اور انٹرنس کا تفصیلی شیڈول یونیورسٹی ویب سائٹ manuu.edu.in پر دستیاب ہیں۔