مانو میں ایم اے اسلامک اسٹڈیز میں داخلے | موجودہ صورتحال سے واقفیت کا سنہری موقع

تاریخ    26 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


نیوز ڈیسک
حیدرآباد// مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں ایم اے اسلامک اسٹڈیز میں داخلے جاری ہیں۔ یہ کورس دینی مدارس کے فارغین اور عصری تعلیم کے نوجوان طلبا و طالبات کے لئے موجودہ وقت کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس کورس کے نصاب میں علوم اسلامیہ قرآن و حدیث اور فقہ و تصوف کے تقابلی مطالعہ کے علاوہ اسلام کی طویل تہذیبی و تمدنی تاریخ ، ہندوستان میں اسلام اور مسلمانوں کے ہمہ جہتی مطالعہ ، عالم اسلام کی معروف اسلامی تحریکات ، مشہورمفکرین و مصلحین کی خدمات، اسلامی علوم کے میدانوں میں مستشرقین اور دیگر غیر مسلموں کی خدمات کے مطالعہ اور تنقیدی جائزہ ، نیز سائنس و ٹیکنالوجی کے میدانوں میں مسلم علماء اور سائنس دانوں کے علمی کارناموں کے مطالعہ کے ساتھ موجودہ دور میں پوری دنیا میں پھیلے مسلمانوں کی مسائل و نظریات کا مطالعہ کرایا جاتا ہے۔ اس کورس میں طلبہ کو اسلامیات کے ساتھ انگریزی زبان اور کمپیوٹرکی تعلیم بھی دی جاتی ہے۔ نیز انہیں نئے CBCS تعلیمی نظام کے تحت اپنی پسند کے اعتبار سے سیاسیات، سماجیات اور معاشیات کے بشمول یونیورسٹی میں دستیاب کسی دوسرے مضمون کی بھی تعلیم دی جاتی ہے۔ اس کورس کی تکمیل کے ساتھ ہی حکومت ہند کے منعقدکردہ UGC NETکے مسابقہ جاتی امتحان میں شامل ہوکر تقرری کی اہلیت یا JRFکوالیفائی کر کے ماہانہ فیلوشپ کا استحقاق بھی حاصل کیاجاسکتا ہے۔ اس کورس میں داخلہ کی اہلیت 45 فیصد نمبرات کے ساتھ کسی بھی یونیورسٹی سے گریجویشن یا ان مدارس کی اسناد ہیں جو مانو میں داخلہ کے لئے تسلیم شدہ ہیں۔ اس کے علاوہ ملک کے 50 سے زائد دینی مدارس کی اسناد ایم۔اے کے مختلف کورسز میں داخلہ کے لئے تسلیم کی گئی ہیں، جس کی تفصیل مانو کے ویب سائٹ پر دیکھی جاسکتی ہے۔ داخلہ کے لئے عمر کی حد مردوں کے لئے 35 سال اور خواتین کے لئے 40 سال ہے۔داخلہ کی آخری تاریخ 30/ستمبر ہے۔ داخلہ صرف آن لائن ہے جس کے لئے مانو کی ویب سائٹ manuu.edu.in  پر رہنمائی دستیاب ہے۔ مزید معلومات کے لئے آفس کے فون 04023008364 ،شعبہ کے اساتذہ ذیشان سارہ 7993054437، ڈاکٹرمحمد عرفان احمد 9010849380 ،ڈاکٹرشکیل احمد9811647505  سے رابطہ قائم کیا جاسکتاہے۔
 

تازہ ترین