ناصر اسلم وانی بھوک ہڑتال پر بیٹھے پنڈت نوجوانوں سے ملاقی

جائز مطالبات کو ہر سطح پر اُجاگر کرنے کی یقین دہانی

تاریخ    26 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدرِ صوبہ کشمیر ناصر اسلم وانی نے کل حبہ کدل جاکرگنپت یار مندر میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے کشمیری پنڈت سنگھرس سمیتی سے ملے اور اُن کیساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ انہوں نے ہڑتال پر بیٹھے پنڈت نوجوان سے کہا کہ میں نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی ہدایت پر آپ کیساتھ ملنے آیا ہوں ۔ انہوں نے نوجوانوں کو یقین دہانی کرائی کہ ڈاکٹر فاروق اُن جائز مطالبات ہر سطح پر اُجاگر کریں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پیکیج کے تحت مہاجرین کی 2000اسامیاں پُر کرنی ہے اور احتجاجی نوجوان اس بات کا مطالبہ کررہے ہیں کہ اُن پنڈت کنبوں کیلئے 500اسامیاں مخصوص رکھی جائیں جنہوں نے کشمیر سے ہجرت نہیں کی۔ ناصر اسلم وانی نے کہا کہ احتجاج پر بیٹھے ان نوجوانوں کے مطالبات جائز ہیں اور نیشنل کانفرنس ان کے مطالبات کی حمایت کرتی ہے۔ انتظامیہ کے رویہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے این سی صوبائی صدر نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ یہ نوجوانوں 6دنوں سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں لیکن انتظامیہ کی طرف سے کسی بھی افسر یا اہلکار نے یہاں آنے یا ان سے بات کرنے کی زحمت گوارا نہیں کی۔ حتیٰ کہ کسی ڈاکٹر کو بھی ان کی صحت کی جانچ پڑتال کے لئے نہیں بھیجا گیا ہے ۔