تازہ ترین

لیہہ میں بھاجپا کونسلر پارٹی سے مستعفی

تاریخ    26 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


لیہہ//یواین آئی// لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ کے حلقہ سسپول کے بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایک کونسلر نے پارٹی سے مستعفی ہو کر اپیکس باڈی میں شمولیت اختیار کی ہے۔واضح رہے کہ ضلع لیہہ کی مذہبی، سیاسی، سماجی اور طلبہ تنظیموں پر مشتمل اپیکس باڈی چھٹے شیڈول کے تحت آئینی تحفظات فراہمی کا مطالبہ کر رہی ہے اور اس نے لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے اعلان شدہ انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔سسپول کے کونسلر سیرنگ وانگڈس نے میڈیا کو بتایا کہ میں بی جے پی سے مستعفی ہوکر اپیکس باڈی میں شمولیت اختیار کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے حلقے کے تمام پنچوں اور سرپنچوں کے ساتھ اپیکس باڈی میں شمولیت اختیار کی ہے۔موصوف نے کہا کہ ایک سینئر لیڈر کی حیثیت میں یہ مناسب سمجھتا ہوں کہ اپیکس باڈی میں کام کروں۔سیرنگ وانگڈس نے لداخ کے رکن پارلیمان اور بی جے پی لیڈر جمیانگ نمگیال کے نام استعفیٰ نامے میں کہا ہے کہ یہ بات افسوس ناک ہے کہ بی جے پی کی لیہہ یونٹ میں بیرونی طاقتوں کی غیر ضروری مداخلت اپنے تمام حدود پار کر رہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اشوک کول کے بیان سے لداخ کے لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اشوک کول کو لداخ کے لوگوں کی توہین کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔بی جے پی لیڈر اشوک کول نے اپیکس باڈی کے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کے اعلان کے رد عمل میں کہا تھا،’’قرارداد منظور کرنے سے کیا ہوگا؟ یہ سب بکواس ہے۔ ہم بہت جلد لداخ جا کر وہاں اپنے لوگوں سے بات کریں گے‘‘۔موصوف نے استعفیٰ نامے میں کہا ہے کہ میرا اب پارٹی میں ایک پل کے لئے ٹھہرنا لداخ اور لداخ  کی متفقہ آواز کے مخالف رہنے کے مترادف ہے لہٰذا میں پارٹی سے مستعفی ہو رہا ہوں۔