مزید خبرں

تاریخ    25 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


بیک ٹو وِلیج مرحلہ سوم

افسران کی تعیناتی کے احکامات صادر 

سر ینگر//حکومت نے جمعرات کو بیک ٹو وِلیج پروگرام مرحلہ سوم کے سلسلے میں اَفسران کو اَضلاع میںجانے کیلئے تعیناتی کے احکامات صادر کئے ہیں۔ یہ پروگرام 2اکتوبر سے 12اکتوبر 2020ء تک جاری رہے گا۔جی اے ڈی نے جمعرات کو اس سلسلے میں ایک حکمنامہ جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ جن پنچایتوںمیں یہ افسران پروگرام منعقد کریں گے ،اس کی صحیح جگہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرتعین کرے گا۔
 
 

بھارت اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے کشیدگی بڑھارہا ہے :پاکستان 

سرینگر // پاکستان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربرائی والی سرکار اپنے اندورنی مسائل سے نظر ہٹانے کیلئے ایل او سی پر تناؤ میں اضافہ کر رہی ہے۔ اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ کشمیر میں غیر قانونی محاصرے کو ایک سال سے زائد عرصہ ہوچکا ہے۔ پاکستان نے 18 جولائی کو شوپیان جھڑپ میں مارے گئے تین نوجوانوں کے قتل کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستانی ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بی جے پی حکومت اپنے اندورنی مسائل سے نظر ہٹانے کیلئے ایل او سی پر تناؤ میں اضافہ کر رہی ہے، رواں برس بھارتی افواج نے ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر جنگ بندی کی 2333 مرتبہ خلاف ورزیاں کیں، ان خلاف ورزیوں میں 18 نہتے شہری ہلاک اور 185 زخمی ہوئے۔پاکستانی ترجمان نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 75واں اجلاس 29 ستمبر تک جاری رہے گا جس میں پاکستانی وزیر خارجہ اور وزیر اعظم اس میں مجازی طور پر شرکت کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کل اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔
 

گلگت بلتستان کے اسمبلی انتخابات  

 ہیت کو تبدیل کرنے کی کوشش غیر قانونی : بھارت 

نئی دلی//بھارت نے جمعرات کو پاکستان کی جانب سے گلگت بلتستال میں اسمبلی انتخابات کرانے کے فیصلہ کی سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ فوج کے زیر قبضہ حصہ کے ہیت کو تبدیل کرنے کی کوششوں کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔پاکستان نے 15نومبر کو گلگت بلتستان میں اسمبلی انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ شریواستو نے کہا ’’گلگت بلتستان کی ہیت کو تبدیل کرنے کی ہر ایک کوشش غیر قانونی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کے اندرونی معاملات میں دخل دینے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ شرواستو نے کہا ’’ ہمارا موقف ہمیشہ صاف اور مستقبل رہا ہے۔اس سے قبل پاکستانی سپریم کورٹ نے سال2018کے انتظامی احکامات کو تبدیل کرکے انتخابات منعقد کرانے کی اجازت دی ہے۔ بھارت نے پاکستان پر یہ واضح کردیا ہے کہ پورے جموں و کشمیر اور لداخ کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کا حصہ بھی بھارت کا اندورنی حصہ ہے۔
 

نوشہرہ میں LOC پر گولہ باری کا تبادلہ 

راجوری//جمعرات کے روز ہندوپاک افواج کے درمیان نوشہرہ کے کلسیاں اور بھوانی سیکٹروں میں فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیوندر آنند نے بتایا کہ جمعرات کے روز پونے 6بجے پاکستانی فوج نے نوشہرہ سیکٹر میں کنٹرول لائن پراشتعال انگیزی کامظاہرہ کرتے ہوئے فائرنگ اور گولہ باری کی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔دریں اثنا، پولیس حکام نے بتایا کہ حد متارکہ پر بھوانی، کلسیاں، سیر مکری، نمب کڈالی اور دیگر علاقوں میں شہری علاقوں کوبھی نشانہ بنایاگیا۔ان کاکہناتھاکہ ابھی تک کسی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
 
 

ایڈووکیٹ بابر قادری کی ہلاکت

غلام حسن میر کا اظہار مذمت 

سرینگر//اپنی پارٹی کے سنیئر نائب صدر غلام حسن میر نے سرینگر کے حول علاقہ کے نامور سماجی کارکن اور معروف وکیل بابر قادری کی ہلاکت کی پرزور مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں میر نے اِس سانحہ کو انسانیت سوز اور بہیمانہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ ایک نوجوان اورابھرتے وکیل جوکہ کشمیر کے غرباء اور کمزور طبقہ جات جس میں کئی تشدد متاثرین اور اُن کے اہل خانہ شامل تھے ، کی مختلف فورم پر نمائندگی کرتاتھا، کی ہلاکت کا کشمیر میں انصاف تک رسائی پر تباہ کن اثر پڑے گا۔ میر نے کہاکہ ایک وکیل کو خاموش کرنے سے متعددتشدد کے متاثرین کو بھی خاموش کیاگیاہے، ہم اس حقیقت کو دہرا رہے ہیں کہ تشدداور بندوق کے استعمال سے کبھی بھی کچھ حاصل نہیں ہوگا‘‘۔انہوں نے اس سفاکانہ قتل کی فوری انکوائری کر کے مجرموں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے غمزدہ کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے متوفی کیلئے دعا مغفرت کی ہے۔
 

اپنی پارٹی نے مغل شاہراہ پر سفر کیلئے جاری

 تغلقی حکمنامے کوواپس لینے کا مطالبہ کیا

سرینگر//اپنی پارٹی کے نائب صدر اور سابقہ ایم ایل سی ظفر اقبال منہاس نے مغل شاہراہ کوعام ٹریفک کیلئے جزوی طور کھولنے سے متعلق حکومت کے مشروط حکم نامہ کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ’اب جبکہ سردیوں کی آمد آمد ہے اور مغل شاہراہ زیادہ سے زیادہ دو ماہ کے بعد بند ہو جائے گی، انتظامیہ نے حاتم کی قبر پر لات مار کر دو طرفہ ٹریفک کیلئے سڑک کو عوام کیلئے کھولنے کا اعلان کیا ہے ۔ یہاں جاری ایک بیان میں اِس عوام مخالف حکم نامہ کی منسوخی میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور چیف سیکریٹری سے ذاتی مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’فہم و فراست سے عاری یہ سرکاری حکمنامہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ انتظامیہ میں کچھ ایسے عناصر ضرور موجود ہیں جنہیں عام لوگوں کو اذیت دینے میں لذت محسوس ہوتی ہے اور وہ اپنی ضدی نفسیات اور حاکمیتِ کے غرور میں ڈوبی انا کی تسکین کے لئے کوئی بھی عوام دشمن فیصلہ لے سکتے ہیں،اس کی تازہ مثال انتظامیہ کا وہ فیصلہ ہے جس کے مطابق مغل روڈ پر مسافروں کی آمد ورفت کو صوبائی انتظامیہ یعنی کشمیر اور جموں کے صوبائی کمشنروں کی پیشگی اجازت سے مشروط کیا گیا ہے‘‘۔انتظامی حکم نامہ کے پیچھے منطق پر سوال اُٹھاتے ہوئے اپنی پارٹی نائب صدر نے کہاکہ یہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ کیسے ایک شوپیان سے سرنکوٹ اور پونچھ کا تین گھنٹے کاسفر طے کرنے والے بدنصیب مسافر کو پہلے سرینگر آنا ہے اور یہاں ایک یا دو دن دفتروں کی ٹھوکریں کھانے کے بعد اجازت نامہ حاصل کرنے کے بعد ہی مغل روڈ کا رخ کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا’’اسی طرح پونچھ سے شوپیان یا سرینگر آنے والے مسافر کو اجازت نامہ حاصل کرنے کیلئے پہلے جموں کا رخ کرنا ہے جس سے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ سرکار کا مغل روڈ پر دو طرفہ آمد و رفت کی اجازت کا اعلان محض ایک ڈھکوسلہ اور ایک بے رحمانہ مذاق ہے ،جس کی زخموں پر نمک پاشی کے سوا اور کوئی بھی توجیہ ممکن نہیں ہے‘‘۔ظفر اقبال منہاس نے ریاستی گورنر منوج سنہا اور چیف سکریٹری سے اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی مداخلت سے اس تغلقی حکمنامے کو واپس لینے کا اہتمام کریں اور اس ناراضگی اور مایوسی کا نوٹس لیں جو اس نادر شاہی حکم سے عوام کے اندر پانی جاتی ہے ۔
 

اننت ناگ میں محکمہ صحت کے عاضی ملازمین کا احتجاج 

بند پڑی تنخواہوں کی واگزری اور مستقلی کا مطالبہ 

عارف بلوچ
 
اننت ناگ //محکمہ صحت اننت ناگ میں برسوں سے کام کر رہے عارضی ملازمین نے سرکار کی سر د مہری کے خلاف احتجاج کیا ۔ہسپتال ڈیولپمنٹ فنڈ  (HDF)کے تحت کام کرنے والے ملازمین نے  عیدگاہ اننت ناگ میں ایک پر امن احتجاج کرتے ہوئے سرکار سے مطالبہ کیا کہ اُن کی نوکریوں کو باقاعدہ بنانے اور ماہانہ مشاہروں کی فوری واگزری کیلئے اقدامات اُٹھائے جائیں ۔احتجاج کرنے والے  ملازمین کا کہنا تھا کہ وہ برسوں سے محکمہ میں ڈاکٹروں و نیم طبی عملہ کے شانہ بشانہ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں بلکہ کورونا وائرس میں کام کا مزید بوجھ بڑھ گیا ،تاہم انکی نوکریوں کی مستقلی کا مسئلہ کئی برسوں سے التوا میں پڑا ہے ۔ملازمین نے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھے تھے جن پر ’ہم کیا چاہتے انصاف ‘ ’ہمیںمستقل کرو‘’ظلم وجبر بند کرو کے نعرے درج تھے۔احتجاجی ملازمین نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے وہ اُن کی نوکریوں کو باقاعدہ بنانے اور رکی پڑی تنخواہیں واگزار کرنے کیلئے فوری اقدامات اُٹھائیں۔
 
 

لیفٹیننٹ گورنرکا راج بھون ملازم کے اِنتقال پر اِظہار تعزیت

 
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راج بھون کے ایک ملازم غلام گیلانی بٹ کے اِنتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ایک تعزیتی پیغام میںلیفٹیننٹ گورنر نے مرحوم کی روح کے دائمی سکون اور سوگوار کنبے کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کے لئے دعا کی ہے۔
 

 پینے کے پانی کی عدم دستیابی 

 سنگھ پورہ پٹن میں احتجاجی دھرنا ، ٹریفک کی نقل و حمل متاثر

فیاض بخاری
بارہمولہ // ضلع بارہمولہ کے سنگھ پور ہ پٹن کے لوگوں نے پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا جس دوران سرینگر مظفرآباد شاہرہ پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثرہ ہوئی ۔ مظاہرین نے جل شکتی محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ سنگھ پورہ  پچھلے ہفتوں سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوںنے متعلقہ محکمہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی کی قلت کے سبب مقامی آبادی بری طرح سے متاثر ہوئی ہے تاہم محکمہ کے ملازمین اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔ دریں اثنا تحصیلدار سنگھ پورہ نثار احمد ،ایس ڈی پی او پٹن اور ڈی او میرگنڈ جائے موقع پر پہنچے جس کے بعد تحصیلدار نے مظاہرین کو جلد ہی اس مسئلہ کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں پانی ٹینکروں کے ذریعے فراہم کیا جائے گا تاکہ انہیں مشکلات نہ کرنا پڑے جس کے مظاہرین پُر امن طور منتشر ہوئے اور ٹریفک سروس بھی بحال ہوئی ۔
 

پی ڈی پی نے بی ڈی سی چیئرمین کی ہلاکت کی مذمت کی

پارٹی ہیڈکوارٹر پر تعزیتی اجلاس

 
سرینگر//پیپلز ڈیموکرٹیک پارٹی نے کھاگ بڈگام میں بی ڈی سی چیئرمین بوپندر سنگھ کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے سیاسی کارکنوں کی زندگیوں کو تحفظ دینے کے حکومتی دعوئوں پر سوال کھڑا کیا ہے ۔ پی ڈی پی ہیڈ کواٹر سرینگر میں جمعرات کو ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں گزشتہ شام نا معلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہو ئے بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئرمین کھاگ بڈگام بوپندر سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر پی ڈی پی لیڈران نے انہیں خراج پیش کرتے ہوئے ان کی سماج کے تئیں خدمات کو یاد کیا اور کہا گیا کہ بوپندر سنگھ نے ہر وقت عوامی فلاح و بہود کیلئے اپنے آپ کو پیش پیش رکھا تھا ۔ تعزیتی میٹنگ میں حکومت کے دعوئوں پر سوال کھڑا کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ پنچوں اور سرپنچوں کے علاوہ بی ڈی سی ممبران کو خدا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف سے حکومت نے اعلان کیا ہے کہ حالی پڑی پنچایتی نشستوں پر جلد ہی انتخابات کرائے جائیں گے تو دوسری طرف پنچوں اور سر پنچوں کے علاوہ بی ڈی سی ممبران کی سیکورٹی کے حوالے سے خاطرخواہ اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں۔ میٹنگ میں پارٹی کے جنرل سیکریٹری غلام بنی لون ہانجورہ کے علاوہ سینئر لیڈران محمد خورشید عالم ، عبد الحمید کوشین ، نظیر احمد خان ، حاجی پرویز احمد ، بشیر احمد بیگ ، محمد شفیع کندن گر اور منظور احمد ڈار کے علاوہ دیگر لیڈران بھی شرکت کی ۔ 
 

ٹنگڈار میں ڈاکٹر کی مار پیٹ کیخلاف احتجاج 

طبی عملہ کاملو ثین کے خلاف کارروائی کا کیا مطالبہ 

اشرف چراغ 
کپوارہ// سب ضلع اسپتال ٹنگڈار میں تعینات ایک ڈاکٹر کی پار پیٹ کے خلاف طبی عملہ نے احتجاج کرتے ہوئے ملو ثین کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ۔معلوم ہوا ہے کہ ٹنگڈاراسپتال میں تعینات ڈاکٹر بشیربٹہ پورہ دلدار مریضوں کے علاج ومعالجہ کیلئے جارہا تھا اورجو نہی ڈاکٹر کی گاڑی وہا ں پہنچ گئی تو دلدار سیتنگڈار کی طرف جارہی ایک گا ڑی کے ڈرائیور سے ڈاکٹر نے کہا کہ گا ڑی تھوڑا پیچھے کرو تاکہ وہ آگے نکل سکے ۔مذکورہ ڈاکٹر کے مطابق گا ڑی میں سوار چند افراد گا ڑی سے نیچے اترے اور ان کی شدید مار پیٹ کی ۔ڈاکٹر بشیر کی مار پیٹ کی خبر جب سب ضلع ہسپتال ٹنگڈار کے طبی عملہ نے سنی تو انہو ں نے زور دار احتجاج کیا اور ملوثین کے خلاف کارروائی کامطالبہ کیا ۔ بلاک میڈیکل آفیسر  ٹنگڈار نے سب ڈویژنل مجسٹریٹ کو تحریری طور مطلع کیا ۔ہسپتال میں تعینات طبی اور نیم طبی عملہ نے کہا کہ اگر ان عنا صر کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی تووہ غیر معینہ ہڑتال شروع کریں گے ۔
 

دوگنا کرایہ غریب طلاب کیلئے پریشانی کا باعث

سید اعجاز
پلوامہ//انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کے بیچ مسافرگاڑیوں میں کم مسافروں کو سوار کرنے کی اجازت اور ٹرانسپورٹروں کا دوگنا کرایہ وصول کرنے کا سلسلہ ایک سنگین رخ اختیارکرچکا ہے جس کے نتیجے میں غریب کنبوں سے تعلق رکھنے والے طلاب بہت پریشان ہیں۔ضلع پلوامہ کے ترال ،اونتی پورہ،پلوامہ اورپانپور کے ساتھ ساتھ دیگر کئی دیہات سے شکایات مل رہی ہیں کہ مسافر گاڑیوں میں اُن سے دوگنا کرایہ وصول کیا جاتا ہے ۔ مذکورہ طلاب کے ساتھ ساتھ اب اُن کے والدین بھی پریشانیوں کا شکار ہیں ۔ترال سے 10 کلو میٹردور واقع  سیر نامی گائوں سے تعلق رکھنے والی ریحانہ نامی ایک طالبہ نے بتایا’’میرا باپ ایک مزدور ہے جو روزانہ دو بہنوں کا2سو روپے کرایہ ادا کرنے کی حالت میں نہیں ہے اورنتیجے کے طورپر ہماری تعلیم متاثر ہونے کا خدشہ ہے‘‘ ۔ بارہویں جماعت میں زیر تعلیم ایک طالب علم نے بتایا کہ سرکار کے تازہ حکمنامہ سے ڈارئیوروں کو غریب عوام کو لوٹنے کا موقع فراہم ہواہے ۔انہوں نے کہا کہ ترال سمیت جنوبی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں مسافروں سے دوگنا کرایہ وصول کیا جاتا ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ۔
 

الطاف بخاری کا وکرم ملہوترہ سے اظہارِ تعزیت

 
جموں//اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری نے پارٹی جنرل سیکریٹری وکرم ملہوترہ کی چاچی کی وفات پردکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی پیغام میں پارٹی صدرنے سنتوش پٹھانیہ دختر گیان چند پٹھانیہ ساکنہ سینک کالونی کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سنتوش پٹھانیہ کی روح کوشانتی کیلئے دعا کی ۔ پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر، نائب صدور اعجاز احمد خان، چوہدری ذوالفقار علی، ظفر اقبال منہاس، عثمان مجید، جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، وجے بقایہ، صوبائی صدر کشمیر حاجی محمد اشرف میر، صوبائی نائب صدر کشمیر جگموہن سنگھ رینہ، پارٹی ترجمان جاوید حسن بیگ، صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ، صوبائی نائب صدر جموں سید اصغر علی، صوبائی صدر خواتین ونگ نمرتہ شرمااور سینئرلیڈر محمد دلاور میرسمیت کئی دیگر لیڈران نے بھی وکرم ملہوترہ اوردیگر سوگوارن ِ کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
 

پلوامہ میں بھنگ کی کاشت تباہ

 
سرینگر// پلوامہ پولیس نے ایس ایچ او لتر کے ہمراہ اچھن علاقے میںقدرتی طور پر اگنے والی بھنگ کو تباہ کیا۔ عوام نے پلوامہ پولیس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے قریبی علاقوں میں بھی اس طرح کی مہم جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔
 

 دور دراز آباد لوگوں کی مددکریں گے:ویلفیئر فورم

 
سرینگر//ہندوارہ میں عوام ویلفیئر فورم نامی ایک غیر سرکاری تنظیم نے دور دراز علاقوں میں رہائش پزیر لوگوں کو موجودہ وقت میں مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس سلسلے میں این جی اوکے سرپرست اعلیٰ غلام محی الدین شیخ کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں تنظیم کے بیشتر ممبروں نے شرکت کی ہے ۔
 

یاسر قادر نے ایس ڈی پی او کنگن کا عہدہ سنبھالا

 
کنگن/غلام نبی رینہ/ایس ڈی پی او کنگن سید یاسر قادری نے باضابطہ چارج سنبھالا۔ اس موقع پر ایس ایچ او کنگن آفتاب احمد اور دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا۔ 
 

میڈیکل کالج جموں نے خبروں کی تردیدکی

جموں//گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں نے اس خبر کی تردید کی ہے جسے نجی نیوز چینل پر نشر کیا گیا تھا کہ ہسپتال انتظامیہ کے ذریعہ کووِڈ۔ 19 اور غیر کووِڈ مریضوں کو علاج کے لئے ایک ہی وارڈ میں رکھا گیا ہے۔اس خبر کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے محکمہ نے واضح کیا ہے کہ پرنسپل جی ایم سی جموں نے کہا کہ مریضوں کو ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹنگ (آر اے ٹی) کے بعد فوری طور الگ کررکھا جاتا ہے۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ آئیسولیشن وارڈ ، سی سی یو ، نیورو سرجری ، وارڈ نمبر 3 اور 7 خصوصی طور پر کووِڈ۔ 19 کے مریضوں کے علاج کے لئے الگ سے رکھا گیا ہے جبکہ دوسرے مریض جن کا کووِڈ ٹیسٹ منفی آتا ہے انہیں مزید علاج کے لئے متعلقہ شعبوںمیں بھیج دیا جاتا ہے۔
 

چسانہ میں نیا آدھار کارڈ سنٹر شروع

زاہد ملک
 
مہور//سب ڈویژن مہور میں آدھار کارڈ بنوانے میں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھاجس کو دیکھتے ہوئے چسانہ میں ایک نیا مرکز قائم کیاگیاہے۔اگرچہ آدھار کارڈ اب ہر جگہ پر لنک کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے لیکن ریاسی ضلع کے دور دراز علاقہ جات میں لوگوں کو آدھار کارڈ بنوانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔سب ڈویژن مہور میں ایک ہی آدھار کارڈ سنٹر چل رہا تھا جس کی وجہ سے لوگوں کو اپنے آدھار کارڈ بنوانے کیلئے دربدر ہوناپڑتاتھا۔اس حوالے سے کئی مرتبہ لوگوں نے یہ مسئلہ انتظامیہ تک پہنچایا اور ایس ڈی ایم مہور سنتوش سکھ دیوے نے بھی یقین دہانی دی تھی کہ چسانہ میں ایک اور آدھار کارڈ سنٹر کھولا جائے گا جو کہ گزشتہ روز سے کھول دیا گیا۔اس سنٹر کے کھلنے سے لوگوں کو کافی حد تک راحت ملے گی۔گلابگڑھ کے لوگ بھی مانگ کر رہے ہیں کہ علاقہ میں بھی ایک آدھار کارڈ سنٹر کھولا جائے۔
 

مہور میں پی ایچ ای ڈیلی ویجروں کی ہڑتال

لوگوں کو پانی سپلائی نہ ہونے سے مشکلات کاسامنا

زاہد ملک
مہور//پی ایچ ای ڈویژن درماڑی کے ڈیلی ویجر ملازمین نے اپنی جائز مانگوں پر ہڑتال کی جس کی وجہ سے عوام کو پانی کی سپلائی نہ ہونے سے مشکلات کاسامنا کرناپڑا۔پی ایچ کے ڈیلی ویجر ملازمین مانگ کر رہے ہیں کہ ان کی بقایا تنخواہیں واگزار کی جائیں اورملازمت کو مستقل کیا جائے۔پی ایچ ای سب ڈویژن بگا مہور کے صدر محمد اکرم نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے پہلے بھی اپنی مانگوں کے حق میں ہڑتال کی تھی لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی اوراب انہیں دوبارہ ہڑتال کرنی پڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ کئی ماہ سے تنخواہ سے محروم ہیں اور ان کے اہل خانہ فاقہ کشی کا شکار ہورہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ ای کے جن ملازمین کی موت ہوئی ہے، ان کے اہل خانہ کو بھی نظرانداز کردیاگیاہے۔ڈیلی ویجروں کی اس ہڑتال سے لوگوں کو پانی کی سپلائی متاثر ہوئی ۔
 

 مہور میں چرس برآمد، 2افرادگرفتار

مہور// جموں وکشمیر پولیس نے جمعرات کے روز منشیات سمگلروں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے چرس برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ منشیات کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے پولیس کی منشیات مخالف جنگ جاری ہے اورمہور کے علاقے وانی موڑ سے 2افراد کو گرفتار کیاہے۔پولیس افسر نے بتایاکہ مہور کے علاقے وانی موڑ میں چیکنگ کے دوران گاڑی زیر نمبرJK20A-8937جوسیبوں سے بھرکر سرینگر سے آرہی تھی، کو روک لیا گیا اور چیکنگ میں 259 گرام نشہ آور اشیا جس کے بھنگ ہونے کا شبہ تھا ،برآمد ہوئی۔پولیس نے ا س سلسلے میں 28سالہ محمد ارشد اور 23سالہ امتیاز احمدکو گرفتار کرلیاہے۔
 

منشیات سے پاک بھارت 

کشتواڑ میں جانکاری پروگرام کا اہتمام

کشتواڑ// محکمہ سماجی بہبود نے چلڈرن کیئر انسٹی ٹیوشن الفلاح منزل بندرینہ کشتواڑ کے اشتراک سے نشا مکت بھارت کے بارے میں آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا۔اس موقعہ پر ضلع سوشل ویلفیئر آفیسر طارق پرویز قاضی نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ منشیات کی لعنت سے نجات کے لئے اجتماعی روش اپنائی جائے۔ان کاکہناتھاکہ جموں وکشمیر میں منشیات کی لت کو روکنے کے مقصد کے تحت حکومت ہند کی طر ف سے منشیات سے پاک بھارت مہم کا آغاز کیاگیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ بدقسمتی سے بھارت میں 272 اضلاع کو منشیات کا شکار ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے جس میں ضلع کشتواڑ بھی ایک ہے۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر کے 7 اضلاع بھی اس میں شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں منشیات کو جڑ سے مٹانا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ منشیات کے استعمال، معاشرے پر اس کے اثرات اور علاج معالجے کے بارے میں بڑے پیمانے پر آگاہی پیدا کرنے کے لئے متعدد تعلیمی اور صحت کے اداروں، این جی اوز، مذہبی تنظیموں اور انفرادی سطح کے ذریعہ بڑے پیمانے پر مہم چلانے کی ضرورت ہے۔
 

چھاترو میں بلاک دیوس پروگرام 

کمشنر سیکریٹری محنت وروزگار کی شرکت  

عاصف بٹ
 
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ میں ترقیاتی کاموں کاجائزہ لینے کے مقصد سے کمشنر سیکریٹری برائے محنت و روزگار سوربھ بھگت جو ضلع کے انچارج سکریٹری بھی ہیں،نے اپنے دوروزہ دورے کے دوسرے دن چھاتروکے ٹی آرسی میں منعقدہ یوم بلاک پروگرام میں حصہ لیا۔بلاک دیوس تقریب میںبلاک چھاترو و مغل میدان کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے 700 سے زائد مقامی افراد و پنچایتی ممبران نے بھی شرکت کی۔بلاک کونسل چیئرمین و پنچایتی ممبران کی سربراہی میں متعدد وفود نے اپنے مطالبات پیش کئے اور اپنی شکایات سے کمشنر سیکریٹری کو آگاہ کیا جن میں چھاترو میں ایم بی بی ایس ڈاکٹر کی تعیناتی ، بجلی اسٹیشن کا قیام، زمین کی معاوضے کی موجودہ نرخوں کے مطابق ادائیگی ،موسم سرما سے قبل زیر تعمیر پی ایم اے وائی مکانات کی بروقت تکمیل ،لکڑی کی منظوری،چھاترو میں فائر اسٹیشن کا قیام، خصوصی ڈی جی بھرتی مہم کا انعقاد، منریگا اجرت کی فوری ادائیگی، سرکاری محکموں خصوصاً تعلیم اور صحت کے اداروں میں مناسب عملہ کی فراہمی،کسان پورہ، گورینالہ، اریگام، رہلتھل، ٹاک پورہ اور کھائین علاقوں میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر، ڈیلی ویجروں کی ملازمت کو باقاعدہ بنانا، 4 جی انٹرنیٹ خدمات کی بحالی،چھاترو میں جے این وی اسکول کی منظوری و سنگپورہ وائیلو ٹنل کی تعمیر جیسے معاملات قابل ذکر ہیں ۔کمشنرسیکریٹری نے پنچایتی ممبران کے مسائل کا جواب دیتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ان کے حقیقی مطالبات مقررہ وقت پر پورے کئے جائیں گے، جبکہ انہوں نے موقعہ پر بہت ساری شکایات کا ازالہ کیا ۔
 
 
 

تازہ ترین