مہلوک بی ڈی سی چیئرمین بھوپندر سنگھ کے آخری رسوم جموں میں ادا

تاریخ    25 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


سید امجد شاہ
جموں//گزشتہ روز بڈگام کے کھاگ بلاک کے بلاک ڈیولپمنٹ کونسل (بی ڈی سی) چیئرمین بھوپندر سنگھ کی پرنم آنکھوں کے ساتھ آخری رسومات اداکردی گئیں۔آخری رسومات شاستری نگر میں ادا کی گئیں جس میں مختلف سماجی، سیاسی جماعتوںاور دیگر تنظیموں نے شرکت کی۔ بدھ کی شام بی ڈی سی چیئرمین بھوپندر سنگھ کو ضلع بڈگام کے گاؤں دلواش میں مشتبہ عسکریت پسندوں نے گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔مہلوک بی ڈی سی چیئرمین کے بیٹے بلوندر سنگھ نے بتایا ’’میرے والد شیر کی طرح رہتے تھے اور وہ شیر کی طرح مر گئے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ ان کے والد اپنے علاقے کے لوگوں کی خدمت کرنا چاہتے تھے، کنبہ جموں میں تھا اور وہ وادی کشمیر کے لوگوں کے بارے میں زیادہ فکر مند تھے ۔انہوں نے کہا’’اب میں انصاف چاہتا ہوں اور ذمہ دار افراد کو سزا دی جائے‘‘۔باپ کی ہلاکت پر صدمے کاشکاربیٹی نمریتا نے بتایا ’’ ہم نے ان کوبتایا بھی کہ ان کی زندگی کو خطرہ ہے لیکن انہوں نے انکار کردیابلکہ جواب دیا کہ جو کچھ بھی میرے مقدر میں ہے وہی ہوگا‘‘۔دریں اثناء ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بی جے پی کے جموں و کشمیر صدر رویندر رینہ نے بتایا’’کشمیر میں عسکریت پسند اپنی بنیاد کھو چکے ہیں، پاکستان لوگوں کا قاتل ہے، بھوپندر سنگھ بی ڈی سی کے منتخب چیئرمین تھے، وہ لوگوں کی بہتری کے لئے خدمات انجام دے رہے تھے‘‘۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے کشمیر میں بندوقیں مسترد کردی ہیں اور جمہوریت سے محبت کرتے ہیں ۔
 

تازہ ترین