سرما میں بجلی کی ضرورت کیلئے جامع عبوری منصوبہ مرتب کرنے پر غور و خوض

ناجائز بجلی کنکشنوں کی روکتھام کیلئے ٹیموں کو متحرک رکھیں ،مشیر بصیر خان کی افسران کو ہدایت

تاریخ    25 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنرکے مشیر بصیر احمد خان نے جمعرات کو محکمہ بجلی کی جانب سے سرما کی جارہی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ میٹنگ کی صدارت کی۔دوران میٹنگ مشیر نے افسرو ںکو موسم سرما کی بجلی کی ضروریات کیلئے ایک جامع عبوری منصوبہ مرتب کرنے کیلئے کہا۔ میٹنگ میں منیجنگ ڈائریکٹر کے پی ڈی سی ایل ، چیف انجینئرکے پی ڈی سی ایل کشمیر اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران موجو دتھے۔مشیر نے افسران کو اپنی تیز رفتار ٹیموں کو تیا ررکھنے کیلئے کہا ،جو ہنگامی صورتحال کے دوران کام میں لائی جاسکے ۔مشیر نے متعلقہ حکام کو کہا کہ ایک واضح کٹوتی شیڈول مرتب کریں تاکہ لوگوں کو بے وقت کی کٹوتی کا سامنانہ کرنا پڑے ۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ایک ٹھوس منصوبہ مرتب کرنے کیلئے کہاجس کے تحت میٹر والے علاقوں میں بجلی کی کم کٹوتی یقینی بنے گی جس سے میٹرکے بغیر علاقوں کو میٹر تنصیب کی ترغیب ملے گی۔مشیر نے سرینگر اور جموں شہروں کو 7 24xبجلی فراہم کرنے کیلئے ایک نقش راہ مرتب کرنے کے امکانات کو تلاش کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے حکام کو عملے کو متحرک کرنے کیلئے کہا تاکہ سرما کے دوران ٹرانسفارمروں کو کم سے کم وقت میں تبدیل کئے جاسکیں۔مشیر موصوف نے انہیں حساس علاقوں جہاں اکثر و بیشتر بجلی بند رہتی ہے کی نشاندہی کرنے کیلئے کہا ،تاکہ وہاں موبائیل ٹرانسفارمر بہم رکھے جاسکیں۔انہوں نے اکتوبر تک بجلی کی ترسیلی لائینوں کے نیچے درختوں کی شاخ تراشی مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی اور مختلف صلاحیتیوں والے ٹرانسفارمروں کا اضافی سٹاک دستیاب کرنے کیلئے بھی کہا۔انہوں نے بجلی کی چوری اور ناجائز بجلی کنکشنوں کی روکتھام کیلئے جموںوکشمیر کے تمام اضلاع میں معائینے کی مہم کو تیز کرنے کی بھی ہدایت دی۔دوران میٹنگ مشیر کو بجلی کی موجودہ صورتحال اور اس کو بہتر بنانے کیلئے محکمہ کی جانب سے اُٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی گئی۔انہیں بتایا گیا کہ صوبائی ، علاقائی او رمرکزی ورکشاپوں کو مستحکم بنانے کیلئے 17کروڑ روپے کی مالیت کا منصوبہ مرتب کیا گیا ہے اور متعلقہ حکام کو منظوری اور رقومات کی فراہمی بھیج دیا گیا ہے۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ 225کلومیٹر کنڈکٹر اور پانچ ہزار کھمبے بھی سرما کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحا ل سے نمٹنے کے لئے ذخیرہ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین