حکومت ِ ہند کو پختہ سیاسی عزم ظاہر کرنے کی ضرورت:الطاف بخاری

ہائی کورٹ کے وکیل سجاد ابراہیم وانی کی اپنی پارٹی میں شمولیت

تاریخ    25 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


سرینگر//اپنی پارٹی صدر سعید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کو ملک کی دیگر ریاستوں کی طر ح بنانے کیلئے حکومت ِ ہند کو پختہ سیاسی عزم ظاہر کرنی کی ضرورت ہے ۔سرینگر پارٹی دفتر میں متعدد عوامی وفود کو سننے کے بعد بخاری نے کہاکہ جموں وکشمیر انتظامیہ میں مشکلات کا بھنڈار ہے جس کا حل صرف اعلیٰ سطح پر ملکی قیادت کے پختہ سیاسی عزم سے کیاجاسکتا ہے۔انہوں نے کہا’’ چونکہ یہاںکوئی منتخبہ حکومت موجود نہیں،عوام کو درپیش مشکلات خاص طور سے جموں وکشمیر میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی بے روزگاری  سے لوگوں کی مجموعی نفسیات پر سنگین اور منفی اثرات مرتب ہیں اور اس تشویشناک صورتحال کے فوری ازالہ کی ضرورت ہے‘‘۔بخاری نے کہاکہ حکومت ِ ہند کو چند پختہ اعتماد سازی اقدامات کے ساتھ آگے آنے کی ضرورت ہے جس کی شروعات ریاستی درجہ کی بحالی سے کی جاسکتی ہے اِس سے ایک اُمید پیدا ہوگی اور لوگوں میں بیگانگی کو دور کیا جاسکے گا،جموں وکشمیر کے مایوس نوجوانوں کو نئی شروعات کی ضرورت ہے، بڑھتی بے روزگاری جیسے مسائل کے حل سے ایک عملی اعتماد قائم کرنے میں مدد ملے گی ،ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں اور انہیں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کیلئے صرف دست ِ تعاون کی ضرورت ہے‘‘۔ اس موقع پر ہائی کورٹ کے نامور وکیل سجاد ابراہیم وانی نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی جن کا الطاف بخاری اوردیگر لیڈران نے خیر مقدم کیا۔ سجاد وانی نے کہاکہ ’’جموں وکشمیر کی عوام گوناگوں مشکلات سے دو چار ہے اور روایتی سیاست نے اُن کی پریشانیوں میں اضافہ کیا ہے، میں نے شمولیت سے قبل اپنی پارٹی کے پروگرام اور سرگرمیوں کا تجزیہ کیا ، اب میں اِس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ میرا فیصلہ بالکل صحیح تھا، میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اِس جماعت کو خدمت کا موقع دیں اور تبدیلی آپ کو خود نظر آئے گی ‘‘۔ایڈووکیٹ وانی جن کا تعلق میر گنڈ۔ بارہمولہ سے ہے، نے مزید کہاکہ اپنی پارٹی ایک مختلف سیاسی پلیٹ فارم ہے، ترقی پسندسیاسی ایجنڈہ اِس جماعت کی انفرادیت ہے، لوگ کھوکھلے نعروں اور جھوٹی اُمیدوں سے پہلے ہی اُکتا چکے ہیں ،لہٰذا انہیں اِس جماعت کی حمایت کرنی چاہئے جوکہ زمین پر تبدیلی لانا چاہتی ہے‘‘۔سنیئر نائب صدر غلام حسن میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، نائب صوبائی صدر جگموہن سنگھ رینہ، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ کے علاوہ پارٹی لیڈران منتظرمحی الدین، سعید فاروق اندرابی، غلام محمد میر، ڈاکٹر سمیع اللہ، ایڈوکیٹ میر جاوید اور وزیر رونگا نے بھی ایڈووکیٹ ابراہیم وانی کا اپنی پارٹی میں شمولیت پر خیر مقدم کیا۔
 

تازہ ترین