سرینگر میں انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کا اجلاس

ضلع کمیٹیوں کو بلاک سطحوں پر طبی کیمپ منعقد کرانے کی ہدایت

تاریخ    25 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


سرینگر//کشمیر ڈویژن کی ضلعی ریڈ کراس کمیٹیوں کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے جمعرات کو یہاںانڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے ہیڈ کوارٹر ریڈ کراس روڈ ، سرینگر میں ضلع ریڈ کراس کمیٹیوں کے سربراہان کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس کی صدرات سوسائٹی کے جنرل سکریٹری کفایت حسین رضوی نے کی۔ اجلاس میں تمام اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں نے شرکت کی۔جنرل سکریٹری نے کوویڈ 19 کے دوران ریڈکراس کی ضلع کمیٹیوں کی طرف سے بہترین امدادی کاموں کی تعریف کی ۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ضلع کمیٹیوں نے کوویڈ مراکزمیں ماسک ، سینی ٹائزر، صابن ، فوڈ کٹس ، بیڈ شیٹ اور دیگر سامان کی تقسیم کاری کی ۔اس کے علاوہ ان کمیٹیوں نے انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کی طرف سے فراہم کئے گئے 44870 عدد 3 پلائی ماسک ، 9700 عدد کپڑے کے ماسک ، 11756 جوڑے کے دستانے ، 29000 عدد صابن اور 240 عددپی پی ای کٹ عام لوگوں میں تقسیم کئے ۔جنرل سکریٹری نے ضلع کمیٹیوں پر زور دیا کہ وہ نہ صرف معاشرے کے غریب طبقے کی مدد جاری رکھیں بلکہ اضلاع کے ہر کونے میںجاکر لوگوں کو مدد فراہم کریں ۔اجلاس میں یہ محسوس کیا گیا کہ اگرچہ ضلع کمیٹیاں امدادی محاذپر قابل ستائش کام کررہی ہیںتاہم ریڈ کراس مومنٹ کے دیگر پہلوؤں کو نظرانداز کیاگیا گیا ہے۔ ضلع کمیٹیوں سے کہا گیا کہ وہ جونیئر اور یوتھ ریڈ کراس کو ترجیح دیں ، تاکہ نوجوان اور طلباء ضلع اور علاقائی سطح پر سماجی و اقتصادی سرگرمیوں میں مکمل طور پر شریک ہوں۔ان کمیٹیوں کو یہ ہدایت بھی دی گئی کہ وہ بلاک سطحوں پرخون کے عطیہ اورطبی کیمپ لگائیںاور سول سوسائٹی کوریڈ کراس کی سرگرمیوں میں شامل کریں۔

تازہ ترین