تازہ ترین

ویشنودیوی شرائین بورڈ کی 57 ویں میٹنگ

لفٹینٹ گورنر نے پوجا پرساد کی ہوم ڈیلوری کا آغاز کیا

تاریخ    22 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


جموں //لفٹینٹ گورنر منوج سنہا جو ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے چئیر مین بھی ہیں ، نے پیر کے روز ویشنو دیوی پوجا پرساد کی ہوم ڈیلوری کا رسمی آغاز کیا ۔ یہ پرساد اُن شردھالوؤں کو فراہم کیا جائے گا جو اس پوتر یاترا پرنہ جا سکتے ہوں اور جو 3 پہاڑی چوٹیوں جسے حرف عام میں تریکوٹہ کہتے ہیں کے درمیان واقع ہے ۔ یہ فیصلہ یہاں راج بھون میں منعقدہ بورڈ میٹنگ میں لیا گیا ۔ ڈبہ بند پرساد کی ہوم ڈیلوری کیلئے شردھالو شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کی ویب سائیٹ کے ذریعے بُکنگ کروا سکتے ہیں ۔ بُکنگ کے بعد 72  گھنٹوں کے اندر کی گئی پوجا کا پرساد سپیڈ پوسٹ کے ذریعے بھیجا جائے گا ۔ اب تک قریباً شرائین بورڈ نے ملک بھر کے شردھالوؤں کو بذریعہ سپیڈ پوسٹ قریباً1500 ڈبہ بند پرساد بھیج دیا ہے ۔ جس کیلئے بورڈ نے محکمہ ڈاک کے ساتھ ایک معاہدہ طے کیا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے اس سال اگست میں چارج سنبھالنے کے بعد شرائین بورڈ کی پہلی میٹنگ کی صدارت کے دوران بورڈ ارکان کا خیر مقدم کیا ۔ میٹنگ میں بورڈ کے ارکان تقدس مآب سری سری روی شنکر ، جسٹس ( ریٹائیرڈ )  پرمود کوہلی ،ڈاکٹر اشوک بھان ،  کے کے شرما ، میجرجنرل ( ریٹائیرڈ ) شو کمار شرما اور کے بی کاچرو موجود تھے ۔ اس کے علاوہ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری خصوصی طور مدعو کئے گئے بلویشور رائے ، سی ای او شرائین بورڈ رومیش کمار ، ایڈیشنل سی ای او وویک ورما بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ دورانِ میٹنگ بورڈ نے موجودہ کووڈ 19 وباء کے پیش نظر شرائین بورڈ کے سی ای او کی جانب سے یاترا پر آ رہے یاتریوں ، عملے اور عام لوگوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے اٹھائے گئے لازمی اور بروقت احتیاطی تدابیر کا جائیزہ لیا گیا ۔ دوران میٹنگ ان فعال اور موثر اقدامات کو سراہا گیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے سی ای او کو ہدایت دی کہ وہ مرحلہ وار بیرونی یو ٹی کے یاتریوں کی تعداد میں زمینی صورتحال کا جائیزہ لے کر اضافہ کریں ۔ واضح رہے کہ شری ماتا ویشنو دیوی جی کی پوتر گپھا استھاپن کی یاترا 16  اگست 2020 کو دوبارہ شروع ہوئی اور شردھالوؤں کیلئے تمام خصوصی پوجا بشمول شردھا سُمن ، وشیش پوجا ، اٹکا آرتی ، ہون پوجا اور دیگر رسومات دستیاب ہیں ۔ یاتریوں کیلئے دیگر سہولیات میں بیٹری سے چلنے والی گاڑیاں ، پسنجر روپ وے اور ہیلی کاپٹر سروس بھی دستیاب ہے ۔ تارا کوٹ مارگ میں مفت لنگر اور سانجھی چھت میں پرساد کیندر بورڈ نے یاتریوں کی سہولت کیلئے چالو کئے ہیں ۔ اس کے علاوہ استھاپن علاقے اور بھون کے راستے میں بھوجنالیائے بھی کھولے گئے ہیں ۔بورڈ نے شرائین بورڈ کے بڑے بنیادی ڈھانچہ ترقی پروجیکٹوں کا بھی مفصل جائیزہ لیا جس میں مکمل کئے گئے ،جاری اور مجوزہ پروجیکٹ بھی شامل ہیں ۔ جن سے یاتریوں کیلئے قائم سہولیات میں مزید بہتری آئے گی ۔میٹنگ میں معاشرے کی بہتری کیلئے بورڈ کی جانب سے ہاتھ میں لئے گئے مختلف پروجیکٹوں کے کام کاج کا بھی جائیزہ لیا گیا ۔ جن میں شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی ، گورو کُل ، سُپر سپیشلٹی ہسپتال ، نرسنگ کالج ، کھیل کود کمپلیکس کے علاوہ بورڈ کی جانب سے سماجی بہبود کے اقدامات بھی شامل ہیں ۔ میٹنگ شروع ہونے سے قبل شرائین بورڈ کے سی ای او رومیش کمار نے بورڈ کی مختلف سرگرمیوںاور گذشتہ بورڈ میٹنگوں میں لئے گئے فیصلوں کی عمل آوری سے متعلق پرذنٹیشن پیش کی ۔