تازہ ترین

این آئی اے کی کارروائی

رتنی پورہ میں گرفتا رنوجوان کے والد کا مکان سر بمہر

تاریخ    20 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


سید اعجاز
پلوامہ//قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے) نے ضلع پلوامہ کے رتنی پورہ گائوں سے تعلق رکھنے والے گرفتارجنگجوئوںکے بالائی زمین ورکر کے والد کا مکان سربمہر کر دیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ این آئی اے کی ایک ٹیم نے جموں کشمیر پولیس کے ہمراہ سنیچر کو رتنی پورہ علاقے میں داخل ہو کر نذیر احمد ریشی کا مکان سیل کر دیا ۔ نذیر احمد کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ارشاد احمد ریشی کا والد ہے جسکو گزشتہ سال اپریل میں جیش کا بالائے زمین کارکن ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ اس پر الزام ہے کہ انہوں نے لیتہ پورہ سی آر پی ایف گروپ سینٹرپر حملے میں جنگجووں کی معاونت کی تھی۔ اس کیس کے تحقیقاتی آفیسر ڈپٹی ایس پی روندر کمار نے ایجنسی کے اعلیٰ حکام سے اس سلسلے میںباضابطہ اجازت حاصل کرکے ایک آرڈر جاری کرتے ہوئے کہا کہ نذیر احمد ریشی ساکن رتنی پورہ، کاکا پورہ ضلع پلوامہ کا مکان سربمہر کیا جائے جو17مرلہ زمین پر واقع ہے۔ مکان کی سربمہری کے مذکورہ احکامات غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق ایکٹ مجریہ1967کے دفعہ52کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔این آئی اے کے مطابق ارشاد احمد جیش کے سابق جنگجوکمانڈر نورترالی کا اعانت کار رہا جسے فورسز نے دسمبر2017میں جاں بحق کیاتھا ۔