پانپور، ٹنگمرگ ،کنہامہ اور گنڈ کنگن میں بلاک دیوس تقریبات

بلا رکاوٹ عوامی خدمات کی فراہمی مہم کابنیادی مقصد : بٹھناگر

تاریخ    17 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


 سرینگر// عوامی رسائی پروگرام جن ابھیان کے حصہ کے طور پرلیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے پانپور کا دورہ کیا اور وہاں ٹاؤن ہال میں بلاک دوس میں شرکت کی ۔ آنے والے بیک ٹو ولیج مرحلہ سوم کو ایک موثر اور متحرک انتظامیہ یقینی بنانے کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے عوام کو اپنے ترقیاتی ضروریات سے انتظامیہ کو آگاہ کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ ان پروگراموں کے انعقاد کا مقصد ہی فوری اور بلا رکاوٹ عوامی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں یکساں ترقی کے مشن میں شامل کرنا ہے ۔ بلاک دوس میں شرکت کرنے کے دوران مشیر بٹھناگر سے کئی وفد اور افراد نے ملاقات کی اور انہیں اپنی مشکلات سے آگاہ کیا ۔ مشیر بٹھناگر نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کی جائیز مانگوں پر غور کر کے انہیں مرحلہ وار طور پر پورا کیا جائے گا ۔ دورے کے دوران مشیر نے زراعت ، باغبانی ، مال ،محنت ، ٹرانسپورٹ اور دیگر محکموں کی جانب سے قائم کئے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے موقعہ پر حقِ شہریت ،آمدن ، آر بی اے اسناد فراہم کرنے کیلئے لگائے گئے سٹالوں پر لیبر رجسٹریشن کارڈ اور سوئیل ہیلتھ کارڈ فراہم کرنے والے کاؤنٹروں کا بھی معائینہ کیا ۔ مشیر نے متعلقہ افسروں کو یہ اسناد مقررہ مدت کے اندر جاری کرنے کی ہدایت دی ۔ بعد میں مشیر نے اہل مستحقین میں سپورٹس کٹس تقسیم کئے ۔ اے ڈی سی اونتی پورہ ، تحصیلدار پانپور ، مختلف محکموں کے سربراہ ، بی ڈی سی چئیرپرسنز ، ضلع اور سیکٹورل سطح کے افسران ، پنچایتی راج اداروں کے نمائیندے اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد اس موقعہ پر موجود تھی ۔ 
 

تازہ ترین