حد بندی کمیشن کی بھا جپا کیساتھ خفیہ میٹنگیں

کمیشن آلہ کار نہ بنے، قانون کے مطابق کام کرے: کانگریس

تاریخ    13 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


یو این آئی
جموں//جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی صدر غلام احمد میر نے الزام لگایا ہے کہ حد بندی کمیشن بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈران کے ساتھ خفیہ میٹنگیں کر کے اسمبلی حلقوں کی جوڑ توڑ کا کام انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان 'خفیہ میٹنگوں' کی وجہ سے حد بندی کمیشن کے کام کاج پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ میر نے پریس کانفرنس میں بتایا: 'حد بندی کمیشن کے تین بڑے کام ہیں،پہلا حلقوں کی تعداد 83 سے بڑھا کر 90 کرنا، دوسرا پرانے شیڈول کاسٹ حلقوں کو ڈی ریزرو کرنا اور تیسرا آبادی کو دیکھتے ہوئے ایس ٹی حلقے ریزرو کرنا'۔ انہوں نے کہا: 'لیکن بی جے پی اور یو ٹی انتظامیہ حد بندی کمیشن کو استعمال کر رہی ہے۔ خفیہ میٹنگوں کا انعقاد ہو رہا ہے۔ ان خفیہ میٹنگوں میں بی جے پی کے لیڈران سے حد بندی سے متعلق مشورے لئے جاتے ہیں۔ یہ خفیہ میٹنگیں حد بندی کمیشن کے کام کاج پر سوالیہ نشان لگاتی ہیں'۔ میر کا مزید کہنا تھا: 'جموں و کشمیر کے لوگ توقع کر رہے تھے کہ حد بندی کمیشن اپنا کام شفافیت کے ساتھ اور قاعدے و قانون کے مطابق کرے گا۔ ہماری پرزور مانگ ہے کہ حد بندی کمیشن قانون کے مطابق ہی اپنا کام کریں'۔
 

تازہ ترین