تازہ ترین

خطہ پیر پنچال میں کورونا کا نیا ریکارڈ

پونچھ میں78 ،راجوری میں 72نئے کیس درج

تاریخ    11 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


سمت بھارگو
راجوری//خطہ پیر پنچال میں کورونا وائرس میں ریکارڈ اضافہ ہواہے۔جہاں جمعرات کو راجوری ضلع میں بہتر معاملات ریکارڈ ہوئے وہیں پونچھ ضلع میں اٹھہتر نئے معاملات سامنے آئے۔ ضلع راجوری میں مرنے والوں کی تعداد چودہ ہوگئی اورجمعرات کو ایک تاجر کی موت ہوگئی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ راجوری قصبہ سے تعلق رکھنے والے 60 سال کے ایک تاجر کو صحت بگڑ جانے پر راجوری ہسپتال لایا گیا جہاں اس کاکورونا ٹیسٹ مثبت ہوا جس کے بعد اسے آئیسو لیشن وارڈ منتقل کیاگیاجہاں زیادہ طبیعت بگڑ جانے پراسے جمعرات کی صبح 3 بجے جی ایم سی جموں ریفر کردیا گیا لیکن وہ فوت ہوگیا۔انہوں نے مزید کہا کہ متوفی کی میت کو صبح کے وقت راجوری منتقل کیا گیا اور صرف چار افراد نے ڈیوٹی مجسٹریٹ اور پولیس افسران کی موجودگی میں آخری رسومات میں شرکت کی۔مذکورہ تاجر راجوری قصبہ کے وسط میں عبداللہ پل کے قریب گوجر منڈی کے علاقے میں اپنی دکان چلا رہا تھا۔ایک افسر نے بتایاکہ  33سال کی عمر کے ایک نوجوان کی چار دن قبل موت ہوگئی اور اس کا بعد میں کورونا ٹیسٹ مثبت آیاہے۔اس نوجوان کا تعلق گائوں ٹھنڈی کسی سے تھا اور اس نے علاج کے دوران دم تو ڑ دیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری شیر سنگھ نے بتایا کہ ضلع میں روزانہ کے معاملات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور جمعرات کے روز 72 ٹیسٹ مثبت آئے۔انہوں نے بتایاکہ اٹھارہ مسافرہیں جبکہ دیگر پچپن معاملات مقامی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سندربنی سیبائیس ، راجوری سے سترہ ، کالا کوٹ سے چھ ، نوشہرہ سے پانچ اور تھنہ منڈی سے چار افراد کاکورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔انہوں نے مزید بتایا’’جمعرات کے روز مرنے والے تاجر کے کنبہ کے 8 افراد کا بھی ٹیسٹ مثبت آیاہے‘‘۔دریں اثنا سرحدی ضلع پونچھ میں جمعرات کے دن کورونا وائرس کے معاملات میں سب سے زیادہ ایک دن میں اضافہ ہوا جس دوران 78 افراد متاثر پائے گئے جن میں میونسپل کونسل پونچھ سے اٹھارہ اورنو سینئر سپرانٹنڈنٹ آف پولیس دفترسے ہیں۔ڈپٹی کمشنر پونچھ راہل یادو نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ ضلع میں ایک ہی دن میں اب تک سب سے زیادہ مثبت معاملات پائے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا’’سب سے زیادہ معاملات مینڈھر سب ڈویڑن سے ہیں جہاں اکتیس افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جن میں فوج کے چھ اہلکار ، دو مسافر اور باقی مقامی افراد شامل ہیں جبکہ ایک ہی علاقے کے دس افراد متاثر پائے گئے ہیں جو ایک ساتھ مذہبی پروگرام میں شریک تھے۔انہوں نے مزید بتایا کہ دیگر معاملات ضلع کے مختلف علاقوں سے ہیں جن میں میونسپل کونسل پونچھ کے اٹھارہ اور ایس ایس پی دفتر کے نو اہلکار بھی شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا’’ہم ہر شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ وقتا فوقتا جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کریں اور خلاف ورزی سے باز رہیں کیونکہ یہ وائرس ان کی زندگیوں کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے‘‘۔