تازہ ترین

ایل اے سی پر اپاچی ہیلی کاپٹروں کی دن بھر گردش | کشتواڑ میں خوف و ہراس،جنگی طیارے دن بھر گردش کرتے رہے

تاریخ    9 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


عاصف بٹ
کشتواڑ//ایل اے سی پر ہند ۔چین تنائو کے بیچ دوسرے روز بھی بھارتی فوج کے جنگی طیارے دن بھر فضا میں گردش کرتے رہے جس سے کشتواڑ کے عوام میں خوف پیدا ہوا۔کل دوپہر کو بھارتی فوج کے اپاچی طیاروں کو پہلی بار دن میں دیکھا گیا جس سے مقامی لوگوں میں ہرطرف بحث شروع ہوگئی۔ اس سے قبل اس طرح جنگی طیاروں کو کبھی نہیں دیکھا گیا تھا۔دیر رات گئے گیارہ بجے دوبارہ قریب دو گھنٹے تک یہ طیارے فضا میں دیکھے گئے ، جس دوران طیاروں نے وہاں لینڈنگ بھی کی۔یہ  ہیلی پیڈ فوج کی زیرنگرانی میں ہے جس سے مقامی لوگوں میں تشویش پیدا ہوگئی۔منگل کی صبح پھر سے دو اپاچی طیارے فضا میں گردش کرتے پائے گئے جنہوں نیپوریضلع کے ساتھ ساتھ لداخ سے لگنے والے پاڈر علاقے تک بھی اڑان بھری تاہم فوج یا فضائیہ کے حکام سے اسکی تصدیق نہ ہوسکی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایل اے سی پر ہند وچین تنائو کا نتیجہ میں فوج اس طرح کی مشق کررہی ہے جبکہ ضلع کشتواڑ لداخ کے بالکل قریب واقع ہے جس کا کل فاصلہ 210 سے 240 کلومیٹر ہے۔فوج کشتواڑ کے ہوائی اڈے کو ایمرجنسی کے طور استعمال میں لاسکتی ہے کیونکہ اس کے ساتھ میں 500کنال کا چوگان گرائونڈ بھی موجود ہے جسے ضرورت کے وقت استعمال کیاجاسکتاہے۔واضح رہے کہ قریب 35سال قبل بھی اسی طرح سے بھارتی فوج نے اپنے جنگی جہازوں کو اسی ہیلی پیڈ پر اتارا تھا۔