جگتی ٹاؤن شپ میں کشمیری پنڈتوں کے مسائل سنے

تاریخ    8 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


نیوز ڈیسک
جموں//لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے جگتی ٹاؤن شپ کے دورے کے دوران کہا کہ معاشرے کے ہر طبقے کی فلاح و بہبود اور جموں کشمیر کے عوام کے حقوق کا تحفظ یو ٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں ترقی کا نیا باب شروع کرنے کیلئے موجودہ حکومت یکساں اور کلہم ترقی کے ایجنڈا پر کام کر رہی ہے ۔ جگتی ٹاؤن شپ کے رہایش پذیر لوگوں نے لفٹینٹ گورنر کو کشمیری پنڈت طبقے کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف معاملات کے بارے میں جانکاری دی جن میں کشمیری پنڈتوں کی مستقل باز آباد کاری ، امدادی رقم میں اضافہ ، کشمیری پنڈتوں کو صنعتکاری اور تجارت اور کشمیر میں اُن کی املاک کو ہوئے نقصان کے معاوضے کے طور پر مالی پیکیج کی مانگ کی ۔ انہوں نے کشمیر میں اُن کی املاک کی بازیافت کی بھی مانگ کی ۔ جگتی ٹاؤن شپ میں رہ رہے لوگوں نے لفٹینٹ گورنر کو مانگوں کی ایک یاداشت پیش کرتے ہوئے مختلف اہمیت کے حامل مسائل اُن کے گوش گذار کئے ۔ انہوں نے کشمیری پنڈتوں کیلئے سیاسی ریزرویشن اور باقی ماندہ مائیگرنٹ کنبوں کیلئے مزید ٹاؤن شپ قائم کرنے کی مانگ کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے اُن کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مسائل اور اُن کی جانب سے پیش کی گئی مانگوں کا بغور جائیزہ لیکر انہیں فوری طور پورا کیا جائے گا ۔ لفٹینٹ گورنر کے ہمراہ ڈویژنل کمشنر جموں ، آئی جی پی جموں ، سپیشل سیکرٹری محکمہ آفاتِ سماوی ، امداد ، بازآباد کاری و تعمیر نو ، ڈپٹی کمشنر جموں ، ایس ایس پی جموں ، ریلیف اینڈ ری ہیبلی ٹیشن کمشنر اور دیگر اعلیٰ افسران تھے ۔
 

تازہ ترین