تازہ ترین

راجوری میں پُراسرار دھماکہ | متعدد گاڑیوں اور مکانوں کو نقصان

تاریخ    7 ستمبر 2020 (00 : 01 AM)   


سمت بھارگو
راجوری//راجوری کے گاو?ں مائرہ چوکیاں میں ایک کم شدت کے دھماکے کے نتیجے میں متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔اس واقعہ کی پولیس تحقیقات جاری ہے۔یہ دھماکہ 1999 بیچ کے، کے پی ایس افسر، جو اس وقت ایس ایس پی رینک پر ہیں ،کے اہل خانہ کے چار مکانات کے نزدیک ہواہے۔کنبہ کے افراد نے بتایا کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب گیارہ بجے کے قریب جب وہ سو رہے تھے توعلاقے میں ایک دھماکہ ہوا جس کے بعد وہ اپنے گھروں سے باہر آگئے اور یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ ان کے گھر کے ہی احاطے میں یہ دھماکہ ہوا ہے۔انہوں نے بتایا’’ہم نے دیکھا کہ دھماکہ سے یہاں کھڑی تمام گاڑیوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے‘‘۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اتوار کی صبح واقعہ کی اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد پولیس کے سینئر افسران موقعہ پر پہنچ گئے اور بعد ازاں فوج ، نیم فوجی دستوں اور خفیہ ایجنسیوں کے افسران بھی پہنچ گئے۔ذرائع نے بتایا’’پولیس کی فرانزک معائنہ کی ٹیم نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ہر طرح کے نمونے لئے گئے‘‘۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ دھماکہ خیز مواد ، جس کی اصل نوعیت ابھی تک واضح نہیں ہے اور وہ ہینڈ گرینیڈ یا مقامی طور پر تیار کردہ خام بم ہوسکتا ہے ، گھر کے احاطے میں پھٹا اور وہاں کھڑی تین کاروں کو نقصان پہنچا۔ذرائع نے مزید بتایاکہ دھماکے کے مقام کے ارد گرد پچاس میٹر کے رقبے پر نشانات پڑے ہیں جو سیمنٹ کی دیواروں اور ستونوں کے اندر گہرے ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ دھماکے میں استعمال ہونے والی اشیاکو ضبط کیاگیاہے اور پولیس تحقیقات کررہی ہے۔ایس ایس پی راجوری چندن کوہلی نے بتایا کہ یہ ایک کم شدت کا پراسرار دھماکہ تھا جو مکانات کے احاطے میں ہوا ۔ان کاکہناتھا’’ہماری ٹیموں نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور معاملے کی تحقیقات کا ا?غاز کردیا گیا ہے اور ہم تمام ممکنہ طریقوں سے تفتیش کر رہے ہیں‘‘۔