نوجوان نسل سماج کا قیمتی اثاثہ:الطاف بخاری

تاریخ    5 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


جموں//پردیش یوتھ کانگریس کمیٹی کے سابق ریاستی صدر اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی ممبر پرنو شگوترہ نے جمعہ کواپنے دیگر حمایتوں سمیت ’اپنی پارٹی‘ میں شمولیت اختیار کر لی۔گاندھی نگر میں منعقدہ تقریب کے دوران صدرسعید محمد الطاف بخاری  نے سابق وزیر محمد دلاور میر، سابق صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ، جنرل سیکریٹری وکرم ملہوترہ، سابق ایم ایل اے شعیب لون کے ہمراہ پرنو شگوترہ ودیگر لیڈران کا اپنی پارٹی میں خیر مقدم کیا۔الطاف بخاری نے نئے شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ وہ زمینی سطح پر پارٹی کو مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے کہا’’اپنی پارٹی کونوجوان نسل کی قدر ہے اور وہ اِنہیں سماج کا قیمتی اثاثہ سمجھتی ہے، وہ مجموعی طور جموں وکشمیرمیں سماج کو متحد کرنے اور اختلافات کو دور کرنے میں فعال کردار اداکرسکتے ہیں‘‘۔انہوں نے اُمیدظاہر کی کہ نوجوان یونین ٹیرٹری کے دونوں خطوں میں ترقی لانے کے پارٹی مشن کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا’’ہم جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو اپنے ساتھ لیکر پوری طاقت سے کام کریں گے تاکہ ریاستی درجہ واپس لیاجائے، تعلیم یافتہ نوجوان جوکہ سیاسی طور باخبر ہیں وہ جموں وکشمیر کے مستقبل کو شاندار بناسکتے ہیں۔اس موقع پر بولتے ہوئے صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ نے کہاکہ پارٹی دن بدن مضبوط ہورہی ہے اور یہ جموں وکشمیر میں ایک سیاسی طاقت کے طور اُبھری ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پارٹی جموں وکشمیر کے لوگوں کی توقعات پر کھرا اُترنے کی کوشش کرے گی اور پارٹی دونوں خطوں کے لوگوں کے مسائل کویکساں حل کرنا چاہتی ہے۔ جنرل سیکریٹری وکرم ملہوترہ نے کہاکہ پارٹی نے عوام خاص کرنوجوان کا اعتماد حاصل کیا ہے جن کے ساتھ سابق حکومتوں نے دھوکہ کیا۔ سابق ایم ایل اے اور اپنی پارٹی سینئرلیڈر شعیب لون نے بھی نئے شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اپنی پارٹی جموں وکشمیر کے نوجوانوں کے لئے اُمید بن کر آئی ہے ، پارٹی کی پالیسی اور نظریہ نے دونوں خطوں کو متحد رکھا ہے جبکہ دیگر جماعتوں نے علاقائی سیاست کی۔ پرنو شگوترہ نے کہاکہ وہ پارٹی کے سیاسی ایجنڈہ اور لوگوں کے جذبات کا استحصال کئے بغیر اُن کی مشکلات کو حل کرنے کے لئے مثبت رویہ سے کافی متاثر ہوئے ہیں ، وہ پارٹی قیادت کے مشکور ہیں اور اُن کی سرپرستی میں پارٹی کی مضبوطی کے لئے ہرممکن کوشش کریں گے۔اپنی پارٹی میں شامل ہونے والے یوتھ کانگریس لیڈران وکارکنان میں پرکشت شگوترہ، نوید احمد چندیل، دانش احمد میر، منجیت سنگھ، ساہل گرگوترہ، محمد آصف، سچن سیوترہ، سعید عثمان، عادل اشرف خان، تنویر خان، یٰسین ملک، شاباز پرویز، عدنان ملک، عمر شیخ، عبید اور مصعیب الہیٰ شامل ہیں۔ 
 

تازہ ترین