تازہ ترین

اکنامک الائنس سوپور کا وفد بھٹناگر سے ملاقی | علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا،تجارتی معاملات پر تبادلہ خیال

تاریخ    2 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر// اکنامک الائنس سوپورنے لیفٹیننٹ گورنر کے صلاحکار آر آر بھٹناگر سے ملاقات کے دوران سوپور میں شہریوں کو درپیش مسائل کے علاوہ کاروباری و تجارتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔الائنس کا ایک وفد چیئرمین حاجی محمد اشرف گنائی کی صدارت میں مشیر سے ملاقی ہوا۔ وفد میں الائنس کے جنرل سیکریٹری محمد اسماعیل کھورو،شاہ عرفان اور محمد اسلم بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران بھٹناگر کوتحصیل سوپور میں لوگوں کو پینے کے پانی کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا گیاکہ نئی اسکیموں کو بروئے کار لانے پر تبادلہ خیال کیا جائے۔ وفد نے کہا کہ55کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والی پانی کی نئی اسکیم کو جلد از جلد پائے تکمیل تک پہنچا کر لوگوں کو وقف کرنی چاہئے جبکہ خراب پائپوں کی مرمت اور وٹلب ودیگر فلٹریشن پلانٹوں کی مرمت اور انکے حجم کو بھی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ الائنس نے مشیر کو سوپور میں مزید29کلو میٹر سڑکوں پر میکڈم ڈالنے کے علاوہ سوپور میں پارکنگ اور پرانے اڈے میں بھی میکڈم ڈالنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشیر کو سوپور میں گزشتہ10برسوں سے زیر تعمیر مہاراج پورہ پل کو جلد از جلد پائے تکمیل تک پہنچانے اور منڈی سے سیر جاگیر تک اضافی پل تعمیر کرنے پر زور دیا۔وفد نے سوپور میں سڑکوں کی خستہ حالہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قصبے کو کووڈ سے پاک کرنے کیلئے اقدامات کرنے پر زور دیا۔ وفد نے کہا کہ بارہمولہ میں اب چونکہ ضلع اسپتال کو میڈیکل کالج میں تبدیل کیا جاچکا ہے،اس لئے سوپور  اسپتال کو ضلع اسپتال کا درجہ دیا جائے۔ اکنامک الائنس سوپور نے قصبے میں نرسنگ کالج اور زنانہ و بچہ اسپتال کا بھی مطالبہ کیا۔بیان کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر آر آر بھٹناگرنے اطمینان سے وفد کو سنا اور یقین دہانی کرائی کہ لوگوں کے روزمرہ کے مسائل کا ازالہ ترجیجی بنیادوں پر کیا جائے گا۔