تازہ ترین

مزید خبرں

تاریخ    28 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


 درماندہ 3,59,841شہریوں کی واپسی  

 جموں//حکومت جموں وکشمیر نے کووِڈلاک ڈاون کے سبب ملک کے مختلف حصوں میں درماندہ جموںوکشمیر کے3,59,841شہریوں کو براستہ لکھن پور اور کووِڈخصوصی ریل گاڑیوں اور بسوں کے ذریعے تمام رہنما خطوط اور ایس او پیز پر عمل پیرا رہ کر یوٹی واپس لایا۔سرکاری اَعداد و شما ر کے مطابق جموںوکشمیر کے مختلف اَضلاع کی اِنتظامیہ نے ملک کی مختلف ریاستوں اور یوٹیز سے109,765درماندہ مسافروں کو لے کر جبکہ براستہ لکھن پور2,50,076اَفراد کو حکومت نے127 کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوںکے ذریعے اودھمپو ر اور جموں ریلوے سٹیشنوں پر خیرمقدم کیا ۔حکومت نے لکھن پور کے ذریعے اَب تک بیرون ملک سے928مسافرو ں کویوٹی واپس لایا ہے ۔اِس طرح جموںوکشمیر حکومت نے اَب تک 127کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوں اور براستہ لکھن پور بسو ںکے کاروان میں اَب تک بیرون یوٹی درماندہ 3,59,841شہریو ں کو کووڈِ۔19 وَبا سے متعلق تمام اَحتیاطی تدابیر کو مد نظر رکھ کر واپس لایا گیا۔تفصیلات کے مطابق 26؍اگست سے 27؍ اگست 2020ء کی صبح تک لکھن پور کے راستے سے2919  درماندہ مسافریوٹی میں داخل ہوئے جبکہ 1072مسافر آج 106ویں دلّی کووِڈ خصوصی ریل گاڑی سے جموں پہنچے ۔اَب تک 106ریل گاڑیاں یوٹی کے مختلف اَضلاع سے تعلق رکھنے والے94,069درماندہ مسافر جموں پہنچے جبکہ 21خصوصی ریل گاڑیوں سے 15,696مسافر اودھمپور ریلوے سٹیشن پر اُترے۔
 

سڑک حادثے میں زخمی نوجوان چل بسا

عارف بلوچ
اننت ناگ // اننت ناگ میں سڑک حادثہ میں شدید زخمی ہونے والا نوجوان زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ہے۔18 سالہ امیر منظور خان ولد منظور احمد خان ساکنہ کوکرناگ بدھ کی شام اچھ بل کے نزدیک سڑک حادثے میں شدید زخمی ہوا تھا اور اسپتال میں زیر علاج تھا۔ جمعرات صبح نوبجے جوان زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ہے۔جونہی مذکورہ نوجوان کی میت آبائی گاؤں لائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا۔
 
 

گجربستی بانڈی پورہ میں دلدوز واردات 

سابق فوجی کپٹن نے اہلیہ کو گولی مارکرزخمی کردیا

عازم جان 
بانڈی پورہ //شوخ بابا بانڈی پورہ گجر بستی میں فوج کے سابق کپٹن نے بارہ بور بندوق سے اہلیہ کو گولی مار کر شدید زخمی کردیا۔ غلام حسن خان کابدھ کو اہلیہ فاطمہ کے ساتھ توتو میں میں ہوئی اور معاملے نے جھگڑے کی صورت اختیار کرلی۔ اس موقعہ پر سابق فوجی کپٹن نے آپا کھودیا اور بارہ بور رائفل سے گولی ماردی۔ خون میںلت پت فاطمہ کو ضلع ہسپتال بانڈی پورہ لایاگیا جہاں ڈاکٹروںنے اسے سرینگر منتقل کیا اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔ بانڈی پورہ پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ 
 

ژند ہارہ پانپور میںدو کنبوں میں جھگڑا

نوجوان نے چیچیرے بھائی کو قتل کیا،ملزم گرفتار

سید اعجاز 
 
پانپور//پانپور میں دو کنبوں کے درمیان گھریلو جھگڑے کے دوران نوجوان نے چیچیرے بھائی کو چھراگھونپ کر قتل کر دیا۔ پویس نے ملزم کو گرفتار کر کے اس واردات میں استعمال ہونے والی چھری کو ضبط کیا۔قصبہ پانپور سے چند کلو میٹر دور ژندہارہ نامی گائوں میں بدھ کی شام اس وقت کہرام مچ گیا جب علاقے میں دو گھرانوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے دوران ایک نوجوان نے چیچیرے بھائی پر چھری سے وار کر کے اسے ابدی نیند سلا دیا۔پولیس کاکہناہے کہ اعجاز احمد ڈار عرف ایاز ولد عبدالرشید نے  24سالہ عادل احمد ڈارولد محمد اکبر پر چھری سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں مذکورہ نوجوان شدید زخمی ہوااور اسے سب ڈسٹرکٹ اسپتا ل پانپور منتقل کیا گیاجہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑبیٹھا۔پولیس نے اعجاز احمد ڈارعرف ایاز کو گرفتارکرلیا۔ایس ایس پی اونتی پورہ نے بتایا کہ لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد میت کو لواحقین کے حوالے کردیا گیاہے اورپانپور پولیس نے ایف آئی آر نمبر 69/2020 درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے۔
 

عارضی ملازمین کی تنخواہیں 

واگزار کی جائیں :ایجیک 

سرینگر// ایجیک سربراہ فیاض احمد شبنم کی ہدایت پر ترجمان اعلیٰ طاریق احمد صوفی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے ڈائریکٹر بجٹ محمد یعقوب یتو سے ملاقات کی اور عارضی ملازمین کی تنخواہوں کی واگزاری کا معاملہ اٹھایا۔ محمد یعقوب ایتو نے انسانی مسئلہ کو حل کرنے کیلئے اپنی کاوشوں میں تیزی لانے کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ سرکار اس معاملے کو حل کرنے میں سنجیدہ ہے۔بیان میں کہا گیا کہ انتظا میہ نے کہاہے کہ ’’حکومت جلد ہی ملازمین کی مستقلی کیلئے ٹھوس حل کی پالیسی لیکر آئے گی‘‘۔وفد نے کہاکہ ابھی تک کم از کم مشاہرے کا قانون جہاں لاگو نہیں کیا گیاوہی کیپما اسکیم کے تحت کام کر رہے کیجول ملازمین کا معاملہ بھی ڈائریکٹر بجٹ کے ساتھ اٹھایا گیا۔
 

درجہ چہارم کی اَسامیاں

۔3,83,100درخواستیں موصول

جموں//جمعرات کی صبح تک6,93,100اُمید واروں نے بورڈ کے آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کی جبکہ3,83,100      اُمید واروں نے درجہ چہارم اَسامیوں کے آن لائن درخواست پیش کرنے کا عمل مکمل کیا۔بورڈ نے جے کے ایس ایس بی کے آن لائن ایپلی کیشن پورٹل پر آن لائن درخواستیں جمع کروانے کے لئے 10؍ جولائی 2020 ء کو شروع ہونے کی تاریخ مقرر کی تھی ۔نیز اکاؤنٹس اسسٹنٹ کی اَسامیوں کے لئے1,40,200درخواستیں آن لائن جمع کروائی گئیںجبکہ یہ بات نوٹ کی گئی کہ کل 1,43,000 منفرد اَفرادنے بورڈ کے آن لائن ایپلی کیشن پورٹل پررَسائی حاصل کی۔جموںوکشمیر سروس سلیکشن بورڈ نے درجہ چہارم اَسامیوںکے لئے جموںوکشمیر بھرتی ( خصوصی بھرتی) قواعد 2020 ء کے تحت مختلف محکموںمیں ضلع صوبائی یونین ٹریٹری کیڈر کے لئے 8575 درجہ چہارم اَسامیوں کو اِشتہاری نوٹیفکیشن نمبر 1آف 2020 ،بتاریخ26.06.2020مشتہر کیا ہے۔بورڈ نے سری نگر اور جموں میں دو ہیلپ لائن اُمید واروں کی سہولیت کے لئے شروع کی ہے اور اگر کسی فرد کو درخواست پیش کرنے میں تکنیکی یاکسی وجہ سے مشکل پیش آرہی ہو توو ہ اِس ضمن میں مزید معلومات اور رہنمائی کے لئے ssbjkgrievance@gmail.comپرمیل بھیج سکتا ہے۔
 
 

درخت کی زد میں آکر شہری ہلاک 

جلشیری بارہمولہ میں کہرام 

 فیاض بخاری
 
 بارہمولہ // جلشیری بارہمولہ میںایک شہری درخت کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گیا ۔ جمعرات کو  50سالہ ولی محمد لون ولد مرحوم عبدالسلام لون ساکنہ جلشیری بارہمولہ پر درخت گرآیا جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوا ۔ مذکورہ شہری کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا ۔ اس سلسلے میں پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ۔
 

ہانجی ویرہ پٹن میں چنار کی شاخ گرآئی

افراد خانہ بال بال بچ گئے،مکان کو نقصان 

فیاض بخاری
 بارہمولہ //  ہانجی ویر پٹن میں چنار کی شاخ گرنے سے ایک رہائشی مکان کو نقصان ہوا ہے ۔جمعرات کی صبح ہانجی ویرہ فردوس کالونی پٹن میں بوسیدہ چنار کی شاخ گرنے سے عبدالمجید وانی ولد نور محمد وانی کا کنبہ بال بال بچ گیا جبکہ مکان کو جزوی نقصان پہنچا ۔ ادھر وائلو پٹن میں دیودار کا ایک درخت ترسیلی لائن پر گر آیا جس کے نتیجے میں علاقے میں بجلی سپلائی متاثر ہوئی ۔پٹن کے ہی بل کول لولی پورہ اندرگام میںتیز بارشوں کی وجہ سے باندھ ٹوٹ جانے سے پانی میوہ باغات میں داخل ہوگیا جس کے نتیجہ میں درختوں اور دیگر فصلوں کو نقصان ہوا ہے ۔
 

پوشکر کنگن میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی  

نیوز ڈیسک
 
سرینگر// پوشکر کنگن علاقے میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔علاقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے جل شکتی محکمہ کو معاملے سے آگاہ کیا ہے لیکن اُن کی طرف سے کوئی اقدام نہیں کیا جارہا ہے۔انہوںنے اس ضمن میں متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ حکام اور ایس ڈی ایم سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔
 

حکام تاجروں کے تئیں سنجیدہ:کے ٹی ایم ایف

 
آج شرما کے ساتھ میٹنگ
سرینگر //کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچررس فیڈریشن نے اُمید ظاہر کی ہے کہ حکام تاجروں کو ہوئے نقصان کی برپائی کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے گی۔اس سلسلے میں تاجروں کی ایک میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما کے ساتھ ہو رہی ہے جس میں فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری فیاض احمد بٹ ،سرپرست اعلیٰ پیر زادہ شاہد جیلانی مخدومی ، فیڈریشن کے ترجمان اعلیٰ حاجی نثار احمد ،ہلال احمد منڈو اوراعجاز احمد خان شرکت کریں گے ۔انہوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سرکار نے اس سلسلے میں ایک ٹیم بھی مقرر کی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ میٹنگ میں 5اگست سے لیکر آج تک تاجروں کو ہوئے نقصان کے حوالے سے بات چیت ہو گی اورامداد کی تقسیم کاری کے حوالے سے بھی حکام کو آگاہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ سرکار نے اس کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دی ہے ۔
 

بارشوں سے ہوئی تباہی کا جائزہ لیا جائے :اعجاز خان

متاثرین کو معاوضہ فراہم کرنے کی اپیل

ریاسی//جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے سینئرلیڈر اعجاز احمدخان نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ جموں وکشمیر میں بارشوں سے ہوئی تباہی کو آفات سماوی قرار دیاجائے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ متاثرین کو ایس ڈی آر ایف ضوابط کے مطابق معاوضہ دیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاسی، رام بن اور جموں صوبہ کے دیگر علاقہ جات میں کسانوں کی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں جبکہ بڑی تعداد میں مکانات کومکمل یاجزوی نقصان پہنچا ہے۔ کئی افراد کے مویشی اوردکانیں ڈہ گئی ہیں جبکہ زرعی اراضی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے بتایا کہ متعدد جگہوں پر سڑکیں اور پلوں کو نقصان پہنچا ہے ، جس سے کئی علاقوںکا رابطہ منقطع ہواہے۔انہوں نے کہاکہ متاثرہ افراد اور کسانوں خاصکر جن کا بارش سے فصلوں کو نقصان ہوا ہے ،کو معاوضہ دیاجائے۔انہوں نے ضلع ریاسی اور دیگر اضلاع کے بالائی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کی سلامتی کے حوالے سے تشویش ظاہر کی ہے کیونکہ کئی مٹی کے بنے ڈھانچوںکے ڈہہ جانے کی اطلاعات ہیں۔
 

اننت ناگ میں سڑکیں زیر آب 

ڈرینیج سسٹم ناکارہ، عوام کو عبورومرور میں مشکلات 

عارف بلوچ
 
اننت ناگ// بارشوں سے اننت ناگ قصبہ میں سڑکیں اور گلی کوچے زیر آب آگئے ہیں جس کے سبب لوگوں کو چلنے پھرنے میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ قصبہ میں کئی مقامات پر رابطہ سڑکوں اور گلی کوچوں میں پانی جمع ہونے کے سبب سڑکیں خستہ ہوچکی ہیںاور لوگوں کو عبورومرور میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ناکارہ ڈرینج سسٹم کے سبب زچہ بچہ اسپتال کا صحن تالاب میں تبدیل ہوگیا ہے۔پانی جمع ہونے سے یہاں مریضوں، تیمارداروں اور اسپتال عملہ کو مشکلات درپیش ہیں۔لوگوں نے انتظامیہ کے تئیں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارش ہوتے ہی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس دوران ضلع انتظامیہ نے کئی مقامات پرلائوڈ اسپیکروں کے ذریعے لوگوں کو ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے۔ واضح رہے کہ بارشوں سے وادی کے متعدد سڑکیں اور گلی کوچے حالیہ بارشوں سے زیر آب آئے ہیں۔
 

لیفٹیننٹ گورنر کا سابق ایم ایل سی کی وفات پر اِظہارِ تعزیت

نیوز ڈیسک
 
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کٹھوعہ کے سابق ایم ایل سی اور سیاسی لیڈر چُنی لال کی وفات پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ایک تعزیتی پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے آنجہانی کی روح کے دائمی سکون اور سوگواروں کیلئے ہمت و استقامت کی دعا کی ۔
 

 بڑی برہمنا میں جے کے بینک’اے ٹی ایم‘ کا افتتاح

سرینگر//موجودہ حالات میں کووِڈ19- کے پھیلاؤ کو روکنے اور عوام کو نزدیک تر بینکنگ سہولیات پہنچانے کی غرض سے جموں و کشمیر بینک نے بڑی برہمنا جموں میں SICOPانڈسٹرئل کمپلیکس بیر پور میں اپنے ایک نئے اے ٹی ایم کو عوام کے نام وقف کیا۔اس ATM کا افتتاح ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ روہت کھجوریہ نے کیا جن کے ہمراہ چیف پلاننگ آفیسر سانبہ سکھلین کور اور جے کے بینک زونل ہیڈ جموں سینٹرل دوئم آشوتوش سرین تھے۔اس اے ٹی ایم کے چالو ہونے سے جموں و کشمیر بینک کے مجموعی ’اے ٹی ایمز ‘کی تعداد 1367پہنچ گئی ۔
 

نیشنل کانفرنس کا پارٹی لیڈر کو برسی پرخراج عقیدت

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سابق ممبر اسمبلی راجپورہ اورپارٹی لیڈر ایڈوکیٹ نذیر احمد وانی (نیلورہ) کی 30ویں برسی پرانہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موصوف نے اپنے فرائض اور عوامی خدمات نہایت ایمانداری سے انجام دیں۔ نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی مرحوم کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وانی کی سماجی خدمات مشعل راہ ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اُن کی جدائی سے نیشنل کانفرنس کو ایک بڑا نقصان ہوا جس کو پُر کرنا ناممکن ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر ، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران عبدالرحیم راتھر، محمد شفیع اوڑی، چودھری محمد رمضان، شریف الدین شارق، حسنین مسعودی اور ضلع صدر پلوا مہ غلام محی الدین میر نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔
 

تازہ ترین