تازہ ترین

چیمبروفدلیفٹینٹ گورنر سے ملاقی | اقتصادی بحالی اور کاروباری شعبے کے معاونت کیلئے کمیٹی تشکیل

تاریخ    18 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران جموں کشمیر میں اقتصادی بحالی اور کاروباری شعبے کی معاونت کیلئے طریقہ کار مرتب کرنے کیلئے کمیٹی کو تشکیل دیا ۔ راج بھون آڈیٹوریم میں منعقدہ میٹنگ کے دوران چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے کاروباری شعبے کو درپیش مسائل سے لیفٹنٹ گورنر کو آگاہ کیا۔ تبادلہ خیال کے دوران مجموعی اقتصادی صورتحال کا احاطہ کرنے اور اس کی بحالی کو یقینی بنانے کیلئے تازہ اقدامات اٹھانے کے علاوہ بجلی ایمنسٹی اسکیموں میں وسعت اور ہاوس بوٹوں کی رجسٹریشن،پالیسیوں،رہنما خطوط اور رجسٹریشنوں کی توسیع کرنے سے متعلق امور کا احاطہ کرنے کیلئے ایک کمیٹی کو تشکیل دیا گیا۔ تاجروں کو درپیش مسائل کا ازالہ کرنے کیلئے منوج سنہانے اپنے مشیر کے کے شرما کی سربراہی میں ایک کمیٹی کو تشکیل دینے کا اعلان کیا،جبکہ اس کمیٹی میں محکمہ خزانہ کے فائنانشل کمشنر،محکمہ صنعت و حرفت کے کمشنر سیکریٹری،محکمہ سیاحت کے سیکریٹری اور جموں کشمیر  بنک کے چیئرمین بھی شامل ہوںگے۔ مذکورہ کمیٹی یکم ستمبر2020کو اپنی رپورٹ  لیفٹنٹ گورنر کو پیش کرے گی تاکہ صحیح سمت میں لازمی اقدامات کو اٹھایا جاسکے۔ تاجروں کے مشترکہ پلیٹ فارم کی طرف سے اٹھائے گئے معامالات کا نوٹس لیتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر نے موقع پر ہی بجلی ایمنیسٹی اسکیم میں30ستمبر تک توسیع کرنے کے احکامات جاری کئے۔ کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد سے تبادلہ خیال کے دوران لیفٹنٹ گورنر منوج سہنا نے کہا کہ کسی بھی خطے میں تجارت اور صنعت معیشی ترقی کے دو اہم جز ہیں اور مرکزی زیر انتظام علاقے جموں کشمیر میں صنعت اور تجارت کو فروغ  دینے کیلئے سازگار ماحول قائم کرنے کے مزید اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ  پالیسیوں اور دیگر متعلقہ معاملات کو مرتب کرنے کے دوران فریقین کو اعتماد میں لیکر ادارہ جاتی نظام تیار کریں،جبکہ  ہاوس بوٹوں کی رجسٹریشن،پالیسیوں،رہنما خطوط اور رجسٹریشنوں کی توسیع کرنے سے متعلق امور کا سر نو جائزہ لے۔ کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد کی صدارت چیمبر صدر شیخ عاشق کر رہے تھے،جنہوں نے مسائل کا ازالہ کرنے کیلئے ایل جی کی سراہنا کی۔ اس موقعہ پر لیفٹنٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما،چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرمنیم،محکمہ خزانہ کے فائنانشل کمشنر ارن کمار مہتہ، کمشنر سیکریٹری صنعت و حرفت منوج کمار دویدی،جموں کشمیر بنک کے چیئرمین آر کے چیبر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔