ملک میں کورونا ویکسن بنانے کی بڑے پیمانے پر تیاری: وزیر اعظم مودی

تاریخ    15 اگست 2020 (59 : 12 PM)   


یو این آئی
نئی دہلی//وزیراعظم نریندرمودی نے ہفتے کو کہا کہ ملک میں اس وقت ایک نہیں دو نہیں تین تین کورونا ویکسن ٹیسٹ کے مختلف مراحل میں ہیں اور جیسے ہی سائنس دانوں سے ہری جھنڈی ملے گی،ملک میں ویکسن کو بڑے پیمانے پر تیار کیا جائے گا اور ملک اس کیلئے پوری تیاری ہے۔
 مودی نے 74 ویں یوم آزادی کے موقع پر ملک کو لال قلعہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا،”جب کورونا کی بات آتی ہے ،ہر کسی کے دل میں سوال آتا ہے کہ ویکسن کب آئے گی۔میں ملک کے عوام کو ایک بات کہنا چاہوں گا کہ ہمارے ملک کے سائنس داں اور ان کی صلاحیت ایک ریشی منی کی طرح لیباریٹری میں جی جان سے جٹی ہے۔ملک کے سائنس داں بےحد محنت کررہے ہیں۔سخت مشقت کررہے ہیں۔“
انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ایک نہیں،دو نہیں تین تین ویکسن ٹیسٹ الگ الگ مراحل میں ہیں۔جب سائنس داں ہری جھنڈی دیں گے،بڑے پیمانے پر ان کی تیاری ہوگی۔اس کے ساتھ ہی ویکسن ہر ریاست تک کم از کم وقت میں کیسے پہنچے،اس کا خاکہ بھی تیار ہے۔
 وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی حفاظت میں اپنی جانوں کی قربانی پیش کرنے والے ہندوستان کے سپوتوں کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے کورونا وائریرز کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کا یہ تہواراس سال ملک میں غیرمعمولی حالات میں منایا جارہا ہے اور ہندوستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کو کورونا وبا کے چیلنج کا سامنا ہے۔ اہل وطن نے اپنےعزم اورقابلیت سے ان چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے۔ ملک کے کورونا واریئرز 24 گھنٹوں اور دن رات ایک کر کے اپنی خدمات پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا ”کورونا کے اس غیر معمولی دور میں ’ سیوا پرمو دھرما‘(خدمت ہی سب سے بڑا مذہب ہے) کے جذبہ کے ساتھ اپنی زندگی کو پرواہ کئے بغیر ہمارے ڈاکٹرز،نرسز ، پیرا میڈیکل اسٹاف ، ایمبولینس کے عملے ، صفائی ملازمین ، پولیس اہلکار ، سروسز کے اہلکار اور بہت سارے دوسرے افراد چوبیس گھنٹے کام کررہے ہیں“۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ان تمام کورونا وائرئرز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اس دوران بہت سارے لوگ جو خدمات دینے کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ملک ان سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ منفی حالات میں اپنے اعتماد اور عزم کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے۔ ملک جلد ہی کورونا کی وبا کے خلاف بھی فتح حاصل کرے گا۔
 مودی نے کہا کہ غلامی کا کوئی دور ایسا نہیں تھا جب ہندوستان کے کسی کونے میں آزادی کی کوشش نہیں کی گئی ہو ،جان کی قربانی پیش نہ کی گئی ہو۔ ملک میں آزادی کی خواہش ایسی تھی کہ اس نے دو عالمی جنگوں کے دوران بھی اپنے عزائم کو کمزور نہیں ہونے دیا اور توسیع پسند قوتوں کے منصوبوں کو ناکام بناکر آزادی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس بات کی علامت ہے کہ ملک ایک بار جوعزم کرلیتا ہے تو وہ اسے پور اکر کے ہی دم لیتا ہے۔ ملک ایسے ہی ایک دن کورونا کو ہرا کر دم لے گا۔
 

تازہ ترین