تازہ ترین

کپوارہ میں ایل او سی پر گولہ باری، کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں

تاریخ    14 اگست 2020 (20 : 12 PM)   


یو این آئی
سری نگر// شمالی کشمیر میں ضلع کپوارہ کے کیرن سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر گذشتہ شب ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
یاد رہے کہ کپوارہ کے ٹنگڈار سیکٹر میں ایل او سی پر 6 اگست کو طرفین کے درمیان گولہ باری کے نتیجے میں دو شہری ہلاک جبکہ چار زخمی ہوئے تھے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کپوارہ کے کیرن سیکٹر میں ایل او سی گذشتہ شب پاکستانی فوج نے بھارت کی اگلی چوکیوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی گولہ باری سے متصل دیہات میں خوف وہراس پھیل گیا کیونکہ کچھ گولے پنز گام علاقے میں بھی گر گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ لوگ رات کو سونے کی تیاریاں کر ہی رہے تھے کہ گولہ باری شروع ہوئی اور لوگوں نے گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات میں پناہ لی۔
انہوں نے کہا کہ تاہم کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سال 2003 میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پانے اور سال رواں کے اوائل سے پھوٹنے والے کورونا وبا کے باوجود بھی طرفین کے درمیان بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی پر فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے جس کے باعث آر پار کی سرحدی بستیوں کے لوگوں کا جینا دو بھر ہو کے رہ گیا ہے۔