کڑکتی دھوپ میں بھی بھاری پسی گر آئی

رام بن میں شاہراہ بند، آج بھی کھلنے کا امکان کم

تاریخ    14 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


 بانہال //محمد تسکین// جموں سرینگر شاہراہ پر بھاری پسی گر آنے کے بعد ٹریفک کی دو طرفہ آمد و رفت بند ہوگئی۔یہ واقعہ مہاڑ رام بن کے مقام پر پیش آیا جب پانچ بجے کڑکتی دھوپ میں بھی ایک بھاری پسی گر آئی اور گاڑیاں در ماندہ ہو گئیں۔شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے تین سو کے قریب گاڑیاں رام بن علاقے میں درماندہ ہیں اور شاہراہ کے بند ہونے کے بعد ناشری اور جواہرٹنل کے آر پار ٹریفک کو روک دیا گیا ۔ ادہمپور، رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں فورلین شاہراہ کا کام جاری ہے اور کشادگی کے کام کی وجہ سے متعدد مقامات پر پسیوں اور پتھروں کا شاہراہ پر گر آنا اور شاہراہ کا بند ہونا پچھلے کئی سال سے معمول بنا ہوا ہے۔ ڈی ایس پی ٹریفک رام بن اجے آنند نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ مہاڑ کے مقام پرجمعرات کی شام پانچ بجے گر آئی ۔بھاری پسی کو صاف کرنے کا کام فورلین تعمیراتی کمپنی کی مشینری نے شروع کیا ہے اور شاہراہ کی بحالی میں جمعہ کی دوپہر بعد تک کا وقت لگ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین سو کے قریب گاڑیاں مہاڑ کی پسی کے دونوں طرف درماندہ ہیں جبکہ باقی ٹریفک کو شاہراہ کے بند ہونے کے فورا بعد قاضی گنڈ، چندر کوٹ اور ادہمپور کے مقام آگے بڑھنے سے روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاڑ پسی پر لائٹنگ سسٹم کو نصب کیا گیا ہے تاکہ رات کے اوقات میں بھی بحالی کا کام جاری رہ سکے۔  
 

تازہ ترین