تازہ ترین

دنیا میں متاثرین کی تعداد 2 کروڑ سے متجاوز

تاریخ    12 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


یو این آئی
بیجنگ / جنیوا / نئی دہلی/ /جان لیوا اور خوفناک عالمی وباکورونا وائرس (کووڈ ۔19) تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور دنیا بھر میں اس مہلک وبا کی زد میں آنے والوں کی تعداد دو کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے ، جبکہ اب تک لگ بھگ 7.34 لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔کووڈ 19 سے متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ دنیا میں پہلے ، برازیل دوسرے اور ہندوستان تیسرے نمبر پر ہے ۔جبکہ اموات کی تعداد کے لحاظ سے ہندوستان پانچویں مقام پر ہے ۔جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ سینٹر(سی ایس ایس ای) کی جانب جاری اعداد و شمار کے مطابق کوروناوائرس نے دنیا بھر میں 20،014،574 افراد کو متاثر کیا ہے اور 734،755 افراد کو موت کی آغوش میں لے لیا ہے۔ امریکہ اب بھی 5،089،416 متاثرین افرادکے ساتھ پہلے مقام پر ہے اوراس ملک میں اب تک 163،462 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ برازیل میں اب تک ،057،470 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 101،752 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔منگل کے روزہندوستانی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں وائرس کے نئے کیسز کی تعداد 53،601 تھی جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 22،68،676 ہوگئی ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 871 افراد کی ہلاکت کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد 45،257 تک پہنچ گئی۔ وزارت کے مطابق شفایابی کی شرح گذشتہ روز سے 69.80 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور اموات کی شرح کم ہوکر 1.99 فیصد رہ گئی ہے ۔
 
 
 

تازہ ترین