تازہ ترین

کرکٹ بورڈ کو نئے کپتان کی تلاش کرنی چاہئے :اکرم

تاریخ    12 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


یو این آئی
اسلام آباد// پہلے ٹیسٹ میں اپنی ٹیم کی شکست سے ناخوش پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ اگر کپتان اظہر علی پرفارمنس میں ناکام رہتے ہیں اور ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بقیہ میچ نہیں جیت پاتی ہے تو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو نئے کپتان کی تلاش کرنی چاہئے ۔انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پہلی اننگز کی برتری حاصل کرنے اور انگلینڈ کو دوسری اننگز میں ابتدائی دھچکا دینے کے باوجود پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد کپتان اظہر کو کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ انگلینڈ کے لئے جوس بٹلر اور کرس ووکس نے اپنی ٹیم کے لئے 139 رنز کی عمدہ شراکت قائم کرکے میچ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔اکرم نے کہا کہ اگر پاکستان کی ٹیم سیریز کے دوسرے دو میچ جیت جاتی ہے تو اظہر کپتان بنے رہ سکتے ہیں۔ یہ ان کی کارکردگی پر منحصر ہے ۔ لیکن اگر ٹیم نہیں جیت پاتی ہے اور اظہر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرتے ہیں تو پی سی بی کو نئے کپتان کی تلاش کرنی چاہئے ۔اظہر نے میچ کے بعد ورچوئل پریس کانفرنس میں ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کسی پر تنقید کرنا آسان ہے لیکن یہ بھی جاننا ضروری ہے کہ جب بڑی شراکت داری ہو تو کوئی کیا کرسکتا ہے ۔ ہر وقت آپ کپتان کی طرف انگلی نہیں اٹھا سکتے لیکن میں ذمہ داری لیتا ہوں کہ ہم اسکور کا دفاع نہیں کرسکے ۔یو این آئی