کورونا سے دنیا میں1کرو ڑ 93لاکھ افراد متاثر | ہلاکتوںکی تعدد 7لاکھ 20ہزار تک جا پہنچی ،امریکہ سرفہرست

تاریخ    9 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


یو این آئی
بیجنگ / جنیوا / عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور دنیا بھر میں اب تک 1.93 کروڑ سے زیادہ افراد متاثر ہوچکے ہیں اور تقریباََ 7.20 لاکھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔کووڈ 19 کے کیسز کے معاملے میں امریکہ دنیا میں پہلے ، برازیل دوسرے اور ہندوستان تیسرے مقام پر ہے ۔ وہیں اس وبا سے ہوئی ہلاکتوں کی تعداد کے معاملے میں امریکہ پہلے ، برازیل دوسرے ، میکسیکو تیسرے اور برطانیہ چوتھے مقام پر ہے ، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد کے لحاظ سے ہندوستان پانچویں مقام پر ہے ۔امریکہ میں جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر برائے سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا سے 19306868افراد متاثر ہوئے ہیں اور 719830افراد ہلاک ہوئے ہیں۔دنیا میں عالمی طاقت تصور کئے جانے والے امریکہ میں اب تک 4941635 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور 161328 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ برازیل میں اب تک 2962442 افراد اس وبا سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 99572 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔روس میں اب تک 875378 افراد متاثر ہوئے ہیں اور اب تک 14698 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ جنوبی افریقہ میںاب تک 545476 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 9909 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ وہیں میکسیکو میں 469407 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور اس وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 51311 ہوگئی ہے ۔پیرو میں بھی تعداد 463875 تک پہنچ گئی ہے اور 20424 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ کووڈ 19 سے متاثر ہونے کے معاملے میں چلی اب آٹھویں مقام پر ہے ۔ یہاں اب تک 368825 افراد متاثر ہوئے ہیں اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9958 ہو گئی ہے ۔ کولمبیا میں اب تک 357710 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 11939 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ایران میں اب تک 322567 افراد اس وبا سے متاثر ہوچکے ہیں اور 18132 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ وہیں اسپین میں کورونا کے کیسز کی تعداد 310696 ہو گئی ہے جبکہ 28503 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ برطانیہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 309796 ہوگئی ہے اور 46596 افراد اس کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے ہیں۔سعودی عرب میں اب تک 285793 افراد کورونا انفیکشن سے متاثر ہوئے ہیں اور 3093 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ہمسایہ ملک پاکستان میں اب تک 282645 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں اور 6052 افراد ہلاک چکے ہیں ۔ بنگلہ دیش میں 252502 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں ،جبکہ 3333 افراد اس بیماری کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ یوروپی ملک اٹلی میں 249756 افراد اس مہلک وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 35190 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ترکی میں کورونا کیسز کی تعداد 238450 ہوگئی ہے اور 5813 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ 
فرانس میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 235207 ہو گئی اور 30327 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔اسی طرح دیگر ممالک میں بھی تعداد بڑھ رہی ہے وہاں بھی لاکھوں کی تعداد میں لوگ اس مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں ۔
 
 
 

امریکہ:کورونا پھیلاؤ کے باوجود 18لاکھ ملازمتوں کا اضافہ

واشنگٹن // جولائی کے مہینے میں امریکہ کی کئی ریاستوں میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ ہوا، لیکن امریکی معیشت میں 18لاکھ ملازمتوں کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے۔امریکی لیبر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جمعہ کو جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مئی اور جون کے مقابلے میں جولائی کے دوران ملازمتوں میں اضافہ نسبتاً کم رہا، جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ کوویڈ 19امریکہ کی معاشی بحالی کو کس طرح متاثر کر رہا ہے۔جولائی کے دوران امریکہ میں بے روزگاری کی شرح میں کمی دیکھی گئی اور یہ 11 اعشاریہ 1 فی صد سے کم ہو کر 10 اعشاریہ 2 فی صد رہ گئی۔ تاہم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ سطح سن 2008-2009 کی کساد بازاری کے دوران کی بلند ترین سطح سے زیادہ ہے۔خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ایسے ماحول میں جب کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں، بہت سے کاروبار دباؤ کا شکار ہیں اور مالکان لوگوں کو ملازمتوں پر رکھنے سے قاصر ہیں یا وہ ایسا کرنے سے ہچکچا رہے ہیں۔کرونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے باعث متاثر ہونے والی دو کروڑ 20 لاکھ ملازمتوں میں سے امریکی معیشت پچھلے تین مہینوں کے دوران اب تک 42 فی صد ملازمتیں واپس لانے میں کامیاب ہو چکی ہے۔جون کے آخر میں امریکہ میں کرونا وائرس کے پھر سے زور پکڑنے کے بعد جولائی کے وسط تک اس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں تقریباً دو گنا اضافہ ہوا۔اب کوویڈ 19 کے کیسوں تعداد میں کمی ہو رہی ہے۔ لیکن اس بحران میں کئی ریاستوں کے شہروں میں ریستورانوں، شراب خانوں اور کاروباروں کو بند کرنا پڑا ہے، جس سے معاشی معاملات پر لوگوں کے اعتماد میں کمی آئی۔ صارفین نے اشیا کی خرید، سفر، ریستورانوں میں جا کر کھانا کھانے اور گھر سے باہر کی سرگرمیوں کو محدود کر دیا۔
 
 
 
 

مصر میں 141نئے معاملے

قاہرہ //مصر میں ہفتہ کے روز کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے 141 نئے کیسز درج ہوئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی اس ملک میں کوونا وائرس متا ثرین کی تعداد بڑھ کر 95147ہوگئی ہے ۔وزارت صحت نے بتایا کہ ملک میں لگاتار چھٹے دن کووڈ19 کے 200 سے کم کیسز رپورٹ ہوئے ۔ وزارت کے ترجمان خالد مجاہد کے مطابق ملک میں جمعہ کو وبا کی زد میں آنے سے 20 مریضوں کی موت ہوگئی تھی اور اس کے ساتھ ہی ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 4971 ہوگئی ہے ۔
 
 

متحدہ امارات: 216نئے کیسوں کی تصدیق 

دبئی //متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے 216 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی اس جان لیوا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 62061 ہوگئی ہے ۔وزارت صحت نے ہفتہ کے روز کہا تھا کہ ملک میں درج کیسز میں متعدد ممالک کے شہری شامل ہیں۔ وزارت صحت نے بتایا کہ ملک میں 276 مزید مریض اس مہلک وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اس جان لیوا اور عالمی وبا کورونا وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد بڑھ کر 56015 ہوگئی ہے ۔ اس وقت اس ملک میں اس مہلک وائرس کی وجہ سے دو مزید مریضوں کی موت ہوچکی ہے اور اب ہلاک شدگان کی تعداد 356 ہوگئی ہے .
 

تازہ ترین