تازہ ترین

منوج سنہا کولیفٹیننٹ گورنر کاحلف دلایا گیا

راج بھون میں مختصر تقریب منعقد، کہا میرا مشن امن، ترقی اور جنگجوئیت کا خاتمہ،کسی کیساتھ امتیاز نہیں ہوگا

تاریخ    8 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر // جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔انہوں نے خطے میں امن اور جنگجویت کے خاتمے اور ہر طرح کی ترقی کے قیام کو یقینی بنانے کو اپنا مشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مرکزی زیر انتظام والے اس خطے کے لوگوں اور ذرائع ابلاغ کے ساتھ براہ راست رابطے میں رہیں گے۔جموں وکشمیر ہائی کورٹ کی چیف جسٹس ، جسٹس گیتا متل نے راج بھون میں منعقدہ تقریب کے دوران منوج سنہا کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔منوج سنہا جموں کشمیر کے مرکزی زیر انتظام والی اکائی میں تبدیل ہونے کے بعد دوسرے لیفٹیننٹ گورنر ہیں،جبکہ اس سے قبل بدھ کو9ماہ تک اس عہدے پر رہنے والے جی سی مرمو مستعفی ہوئے تھے۔ چیف سکریٹری بی وی آر سبرامنیم نے تقرری کا وارنٹ پڑھا۔تقریب میں مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ ، مشیر فاروق خان اور بصیرخان ، راجیہ سبھا ممبر نذیر احمد لاوے، بی جے پی لوک سبھا ممبر جگل کشورشرما ،سابق نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ ،جموں و کشمیر آپ پارٹی کے لیڈر غلام حسن میر کے علاوہ سول انتظامیہ ، پولیس ،فورسز ایجنسیوںکے اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں کشمیر  5 اگست2019 سے ایک نئے سفر پر روانہ ہوا ہے جب اسے بھارت کے ساتھ مکمل طور ضم کیا گیا اور تنہائی ، امتیاز اور ترقی کے فقدان کا ایک طویل دور ختم ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی ، موسمی ، ثقافتی اور نسلی تنوع کے سبب جموں کشمیر ایک رنگین گلدستے جیسا ہے اور حقیقتاً بھارت کا تاج کہلاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ترقیاتی ایجنڈا کسی بھی طبقے یا خطے کے ساتھ امتیاز برتے بغیر آگے لے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام نے ماضی میں بہت ساری مشکلات کا سامنا کیا ہے اور نئی صبح اور ایک روشن مستقبل لے کر آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے جانکاری ملی ہے کہ گذشتہ ایک برس کے دوران جموں کشمیر نے چند ایک پروگراموں اور سکیموں میں کافی کامیابی حاصل کی ہے اور مجھے اُمید ہے کہ میں ترقی ، یکسانیت اور جموں کشمیر یو ٹی میں امن کی بحالی کا ایجنڈا آگے لے جاؤں گا جس کی شروعات گذشتہ برس ہوئی ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ وہ جموں کشمیر کو ملی ٹینسی سے پاک دیکھنا چاہئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئینِ ہند کے تحت ہی جموں کشمیر میں ترقی و امن یقینی بنائیں گے اور ہم لوگوں کے ساتھ بات چیت شروع کر کے اُن کے مسائل اور مشکلات سے آگاہی حاصل کریں گے اور اُن کا ازالہ کرنے کی بھی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں جموں کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ میں اُن کی امیدوں پر کھرا اترنے کی کوشش کروں گا اور جموں کشمیر کو ایک ماڈل یو ٹی بناؤں گا ۔
 

تازہ ترین