تازہ ترین

کلن نرسری میں غیر معیاری بیجوں کا استعمال | خزانہ عامرہ کو3لاکھ روپے کا نقصان

تاریخ    8 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


کے این ٹی
کنگن //کلن میں جنگلاتی نرسری میں مبینہ طور پر غیر معیاری کائرو کے بیج لگانے سے خزانہ عامرہ کو3لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اپریل اور مئی میں سندھ فاریسٹ ڈویژن گاندربل کے زیری پورہ کلن میں قائم کی گئی جنگلاتی نرسری میں 30ہزار لفافوں میں کائروں کے بیج لگائے گئے جو غیر معیاری ہونے کے سبب ضائع ہوگئے ۔ذرائع کاکہنا ہے کہ اس پر 3لاکھ روپے خرچ کئے گئے تھے ۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ اگر محکمہ نرسریوں کیلئے ہر سال لاکھوں روپے خرچ کرتے ہیں لیکن زیری پورہ کلن میں قائم نرسری میں محکمہ کو تین لاکھ روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ھے کہ اب نرسری جہاں پر تیس ہزار کے قریب لفافوں میں لگایا گیا بیج ضائع ہوا ہے کی  جگہ پر اب گھاس اور صفائی کا کام شدومد سے شروع کیا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ اب ان لفافوں میں پری کنگ لگانے کی تیاری کی جارہی ہے تاکہ ایسا لگے کہ یہ نرسری ضائع نہیں ہوئی ہے ۔اس سلسلے میں جب کشمیر عظمیٰ نے چیف کنزر ویٹر فاریسٹ کشمیر فاروق گیلانی سے رابطہ قائم کیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس بارے میں ڈی ایف او گاندربل سے تفصیلی رپورٹ حاصل کرینگے اور اگر یہ صحیح ثابت ہوا کہ نرسری میں لگائے گئے لفافوں میں بیج ضائع ہوئے ہیں، تو اس پر کارروائی کی جائیگی۔