تازہ ترین

مزید خبرں

تاریخ    7 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


ایڈوکیٹ زاہد علی سمیت متعدد قیدی کوٹ بلوال جیل جموں منتقل

سرینگر(یو این آئی) //پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت بند ممنوعہ جماعت اسلامی جموں و کشمیر کے سابق ترجمان ایڈوکیٹ زاہد علی سمیت متعدد قیدیوں کوسینٹرل جیل سرینگر سے کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کیا گیا ہے۔بتادیں کہ ایڈوکیٹ زاہد علی کو سال رواں کے ماہ اپریل کی 11 تاریخ کو سینٹرل جیل کوٹ بلوال جموں سے رہا کیا گیا تھا تاہم بعد میں انہیں 30 جون کو دوبارہ گرفتار کیا گیا۔خاندانی ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ ایڈوکیٹ زاہد علی کو جمعرات کی صبح دیگر کئی قیدیوں سمیت سینٹر جیل سرینگر سے کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کیا گیا ہے، ابھی ان کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے، انہیں اپریل میں رہا کیا گیا تھا لیکن بعد میں جون میں انہیں دوبارہ پی ایس اے کے تحت گرفتار کیا گیا'۔خاندانی ذرائع نے بتایا کہ موجودہ وبائی صورتحال میں زاہد علی کو جموں منتقل کرنے سے افراد خانہ میں تشویش و خدشات پیدا ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمارے لئے ملاقات کے لئے جموں کا سفر کرنا مشکل ترین امر ہے۔دریں اثنا سینٹرل جیل سری نگر کے سینئر جیل سپرنٹنڈنٹ تیج رام کٹوچ نے قیدیوں کو کوٹ بلوال جموں منتقل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جمرات کو 21 قیدیوں کو کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کیا گیا ہے۔تاہم انہوں نے کہا یہ معلوم نہیں ہے کہ ان میں ایڈوکیٹ زاہد علی بھی شامل ہیں یا نہیں۔انہوںنے کہا کہ اس سے قبل بھی دس بارہ قیدیوں کو سینٹرل جیل سرینگر سے بھدرواہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔ ایڈوکیٹ زاہد علی کے اہل خانہ نے گذشتہ ماہ یو این آئی اردو کو بتایا تھا کہ وہ ان کی پی ایس اے کے تحت گرفتاری کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔
 
 

سنگر ونی پلوامہ رابطہ سڑک سے محروم 

سید اعجاز
 
پلوامہ//ضلع پلوامہ کے سنگرونی علاقے کے لوگ رابطہ سڑک سے محروم ہیں جس کے نتیجے میں مقامی لوگوں کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ گائوں کے چیچی محلہ سے کا لس محلہ تک سڑک انتہائی نا گفتہ بہ ہونے کے نتیجے میں سینکڑوں نفوس پر مشتمل آبادی کو عبور و مرور میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سال رواں کے آغاز میں محکمہ دیہی ترقی نے اس سڑک پر کام شروع کیا،جس پر مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہارکیا ۔لوگوں نے بتایا کہ محکمہ نے اس کام کی تعمیر کیلئے ایک مقامی شہری کو مقرر کیا،جس نے کام اچانک بند کردیا جس کے نتیجے میں مقامی لوگ سخت نالاں ہیں۔مقامی آبادی نے محکمہ دیہی ترقی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک پر دوبارہ کام شروع کیا جائے تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات سے نجات مل سکے ۔
 
 

کاچہامہ کرالہ پورہ میںکمسن کا قتل

خاتون سمیت 2گرفتار 

اشرف چراغ 
 
کپوارہ// کاچہامہ کرالہ پورہ میں 11سالہ امتیاز احمد شاہ کے قتل کے سلسلہ میں پولیس نے خاتو ن سمیت 2افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ کرالہ پورہ  کے مضافاتی گائو ں میں عیدالاضحی سے ایک روز قبل 11سالہ طالب علم امتیاز احمد شاہ ولد محمد سعید شاہ ہمسائیو ں کے ہاتھو ں مار پیٹ کر کے لقمہ اجل بن گیا ۔لواحقین کا کہنا ہے کہ امتیاز شاہ عرفہ کوہمسایہ کے صحن میں گیا جہا ں اس نے پانی کے نل کو بند کیا تاکہ وہ گھر میں پینے کا پانی حاصل کر سکے ۔ لوحقین کاکہنا ہے کہ جو نہی امتیاز نے نل بند کیا تو وہا ں پر موجود افراد خانہ ان پر برس پڑے اور اسے بے در دی سے پیٹ کر شدید طور زخمی کیا اور اس کی ہڈی پسلی کی ۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ ہمسائیوں نے مار پیٹ کے دوران امتیاز کے منہ پر پٹی باندھی تاکہ وہ چیخ و پکار نے کر سکے ۔ امتیاز کے قتل کے بعد علاقہ میں کہرام مچ گیا اور عید کی خوشیا ں ماتم میں تبدیل ہوئیں ۔امتیاز کو پرنم سے سپرد خاک کیا گیا ۔پولیس نے ایک خاتون اور اسکے دیور الف الدین فامڈا کو گرفتار کیا اور ان کے خلاف اقدام قتل کیس دفعہ302درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔
 

۔2800جے کے بنک ملازمین کی تنخواہیں واگزار 

سرینگر// عدالت عالیہ کے احکامات پر جموں کشمیر بنک نے قریب2800 ملازمین کی تنخواہوں کو واگزار کیاہے۔ جموں کشمیر ہائی کورٹ کے جسٹس راجیش بنڈل کی عدالت میں4اگست کو عرضی کی سماعت کے دوران عدالت نے بنک کو ہدایت دی کہ وہ ملازمین کی تنخواہوں کو واگزار کریں۔ بنک ملازمین کی تنخواہوں کو روکنے کے احکامات سپیشل جج انٹی کورپشن نے صادر کئے تھے،جس کی رئو سے قریب 2800 ملازمین کی تنخواہوں کو زیر التوا رکھا گیا تھا۔اس دوران بنک کی ملازمین یونین نے اس نچلی عدالت کے احکامات کو ہائی کورٹ میں چلینج کیا،جس کے دوران یہ فیصلہ صادر کیا گیا۔ انسداد رشوت ستانی کے ادارے ’’اے سی بی‘‘ نے بنک کے کچھ افسران کے خلاف دفعہ173 کے تحت کیس درج کیا ہے۔ بنک ملازمین کی انجمن نے عدالت عالیہ میں عرضی پیش کی تھی جس میں ان ملازمین کو اپنی خدمات جاری رکھنے اور تنخواہ واگزار کرنے کی درخواست کی ہے۔
 

گاندربل میں غیر قانونی طریقے سے مٹی اورریت نکالنے کا کام جاری

ارشاد احمد
 
گاندربل//گاندربل کے تحصیل واکورہ سے ملحقہ علاقہ واسکورہ میں زرعی اراضی سے غیر قانونی طریقے سے مٹی اور ریت نکالنے کا کام بڑے پیمانے پر شدومد سے جاری ہے۔واسکورہ اور واکورہ کے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تحصیل واکورہ میں پچھلے ایک سال سے زرعی اراضی میں غیر قانونی اور ناجائز طریقے سے سے جگہ جگہ مٹی اور ریت نکالنے کا کام بڑے پیمانے پر جاری ہے جبکہ عدلیہ اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے سے مٹی اور ریت نکالنے پر مکمل پابندی عائد ہے۔ واکورہ کے مقامی شہری الطاف احمد نے بتایا کہ مٹی اور ریت نکالنے کاعمل زرعی اراضیہی نہیں بلکہ نالہ سندھ اور جہلم کو بھی نہیں بخشا جارہا ہے۔واکورہ میں تولہ مولہ کول کا بنڈ بھی کئی جگہوں پر اکھاڑا گیا ہے جبکہ واسکورہ میں جہلم کے کنارے کو کئی مقامات پر شگاف ڈالے گئے ہیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر شفقت اقبال نے اس ضمن میںکہا کہ کسی بھی شخص کو غیر قانونی طریقے سے مٹی یا ریت نکالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اورجو بھی اس میں ملوث ہوگا اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
 

سید عزیزاللہ حقانی کے یوم وصال پر آن لائن سمپوزیم

سرینگر// وادی کشمیر میں سید عزیزاللہ حقانی کا عرس نہایت ہی عقیدت کے ساتھ منایا جارہاہے ۔اس سلسلے میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر کوئی بڑی تقریب منعقد نہیں ہوسکی تاہم سویہ بگ میں رہنما خطوط کا لحاظ رکھتے ہوئے ایک مجلس منعقد ہوئی ۔اس دوران ٹرسٹ نے آن لائن سمپوزیم کا انعقاد کیا جس میں جید علماء اور سکالروں نے شرکت کی جس میں دعوت اسلامی کے مولانا شوکت عطاری نے تلاوت کی جبکہ نعت نبیؐ کا نذرانہ معروف نعت گو شاعر و نعت خوان غلام حسن غمگین نے پیش کیا۔ حقانی ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے افتتاحی کلمات میں سید عزیزاللہ حقانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سرکردہ عالم دین مولانا شوکت حسین کینگ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہمہ جہت شخصیت کی مثل یہاں کی تاریخ میں ملنا دشوار ہے وہ عظیم عالم دین ، مصنف، مورخ ہونے کے ساتھ ساتھ برگذیدہ صوفی تھے۔ جن دیگر شعراء اور ادباء نے خراج عقیدت ادا کیا اُن میں مرکز نور کشمیر یونیورسٹی کے سابق سربراہ پروفیسر بشر بشیر ،کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ کشمیری کے سابق سربراہ پروفیسر شاد رمضان اورٹرسٹ کے صدر غلام محمدڈار شامل ہیں۔
 

کرالہ گنڈ ہندوارہ میں 4 منشیات فروش گرفتار

کپوارہ //کپوارہ پولیس نے منشیات مخالف مہم کے دوران کرالہ گنڈ ہندوارہ کے ایک منشیات فروش کو تین دیگر ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیاہے۔ہندوارہ پولیس نے بدھرا پائین میں چھاپہ مارکارروائی کے دوران توصیف احمد ڈار ساکن بدرا پائین،مزمل ولد نذیر احمد ساکن نور باغ سوپور اور جنید پیر ساکن تجرشریف سوپورنامی چار سمگلروں کو گرفتار کرلیا ہے۔تلاشی کے دوران اُن کے قبضہ سے نشہ آور چیزیں (براؤن شوگر / ہیروئن) 50 گرام سے زائد برآمد ہوئی ہیں۔ انہیں گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن کرالہ گنڈ منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس نے ملزموں کے خلاف مقدمہ ایف آئی آر نمبر 74/2020 U / S 8/21 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج کرلیاہے۔اس دوران پولیس نے ایک اور منشیات فروش کو گرفتار کیاہے جس کی شناخت مشتاق احمد میر عرف چکو بیگی پورہ کرالہ گنڈ کے بطور ہوئی ہے۔اس ضمن میں بھی پولیس نے کیس درج کیاہے۔
 

ڈورومیں فکی ضبط 

عارف بلوچ
 
اننت ناگ//ڈورو میں پولیس نے ماروتی گاڑی سے فکی ضبط کرکے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے ۔ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او ڈورونے ایک مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ماروتی گاڑی زیر نمبرJK03B-1262کی تلاشی کے دوران تین تھیلوںمیں چھپائی گئی فکی بر آمد کی۔پولیس نے گاڑی کو ضبط کرکے ملزم کو گرفتار کیا ۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کیا ہے ۔
 

ترال کے سابق اسسٹنٹ کمشنرفوت 

نیوز ڈیسک
 
ترال// ترال کی معروف شخصیت حبیب اللہ میر ولد عبد الخالق میر ساکن املر ناو پورہ ترال( سابق اسسٹنٹ کمشنر )مختصر علالت کے بعد جمعرات کو انتقال کر گئے۔ اس دوران کئی سماجی،علمی ،ادبی اورملازم انجمنوں نے میر خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کر تے ہوئے مرحوم کے حق میں مغفرت کی دعا کی۔
 

ڈاکٹر فاروق کا پارٹی کارکن کے انتقال پراظہارِ رنج

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کا رکن حاجی محمد حسین صوفی ساکن نٹی محلہ میر بحری کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر سوگواران کے ساتھ تعزیت کی اورٹیلی فون کے ذریعے مرحوم کے فرزندوں کی ڈھارس بندھائی۔ پارٹی کے سینئر نائب صدر محمد سعید آخون نے مرحوم کے گھر جاکر تعزیت پرسی کی۔ پارٹی صدر نے پارٹی کے دیرینہ رکن خواجہ محمد سلطان مکرو ساکن اونتی پورہ کے انتقال پر بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے رکن پارلیمان حسنین مسعودی نے مرحوم کے جملہ لواحقین کی ڈھارس بندھائی اور پارٹی کی طرف سے تعزیت کی ۔
 

شوپیان بار کا ایڈوکیٹ شاہنواز

کے ساتھ اظہارتعزیت

سرینگر//شوپیان بارایسوسی ایشن نے بار ممبر ایڈوکیٹ شاہنواز عباس کے برادر اکبرمحمد مقبول وانی(نائب تحصیلدار وچی)کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے جوجمعرات کو انتقال کرگئے ۔وہ کچھ عرصے سے ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔بار ایسو سی ایشن شوپیان کے ایگزیکٹیو ممبران نے غمزدہ خاندان بالخصوص ایڈوکیٹ شاہنواز کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔ 
 

نیشنل کانفرنس کی حضرت سید محمد علی عالی بلخیؒ کے عرس پر مبارکباد

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حضرت سلطان سید محمد علی عالی بلخیؒ کے عرس پر ریاست کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ اس زیارت گاہ کے ساتھ عقیدت مندوں کو صدیوں سے عقیدت رہی ہے اور وادی کے اطراف و اکناف سے عقیدتمند اس زیارت گاہ پر حاضری دیتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل کشمیر ہمیشہ ان زیارتگاہوں سے فیض حاصل کرتے رہیں گے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ،سینئر لیڈر عبدالرحیم راتھر اور صدرِ ضلع پلوامہ غلام محی الدین میر نے بھی مسلمانانِ ریاست کو اس عظیم اور بلند پایہ ولی کامل کے عرس پر مبارکباد پیش کیا ہے۔ 
 

بارایسوسی ایشن بڈگام کے صدر ایڈوکیٹ نور محمد ڈار کا انتقال

سرینگر// معروف وکیل اور ڈسٹرکٹ بارایسو سی ایشن بڈگام کے صدر ایڈوکیٹ نور محمد ڈا ر انتقال کر گئے ۔ایڈوکیٹ ڈار گزشتہ کچھ دنوں سے صدر ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ جانبر نہ ہوکر جمعرات کی صبح وفات پاگئے ۔انہیں سینکڑوں لوگوں کی موجودگی میںپُرنم آنکھوں کے ساتھ اپنے آبائی مقبرہ واقع رُسو بڈگام میں سپردخاک کیاگیا۔ایڈوکیٹ ڈار نے 1985میں وکالت کا سفر شروع کیا اور40سال سے مسلسل وکالت کررہے تھے جس دوران انہوںنے بیشتر وقت ڈسٹرکٹ کورٹ بڈگام میں گزارا جبکہ وکالت کا آغاز انہوںنے منصف عدالت ماگام سے کیاتھا۔مرحوم سب سے زیادہ 15برس تک ڈسٹرکٹ کورٹ بڈگام میں پبلک پراسکیوٹر رہے اور انہوںنے اس دوران عدالتوں میں حکومت کی نمائندگی جبکہ لوک عدالتوں کے سلسلہ میں انہوںنے سینکڑوں کیسوں میں ثالث کا کردار نبھاتے ہوئے برسہا برس سے زیر التوا کیسوں کو افہام و تفہیم سے نپٹانے میںعدالت کی مدد کی۔مرحوم کے پسماندگان میں کئی بیٹیوںکے علاوہ دو بیٹے ہیں۔نمازجنازہ میں لوگوںکی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ مختلف وکلاء تنظیموں نے ان کے انتقال پردکھ کا اظہار کیا ہے ۔
 

کشمیر عظمیٰ کے نامہ نگار اشرف چراغ کا اظہار تشکر

سرینگر//کشمیر عظمیٰ کے نامہ نگاربرائے کپوارہ اشرف چراغ نے اُن سبھی افراد ،تنظیموں اور مذہبی جماعتوں کا شکریہ ادا کی اہے جنہوں نے اُن کی والدہ کے انتقال پر دکھ کی اس گھڑی میں اُن کی ڈھارس بندھائی۔انہوں نے چیئرمین سروس سلیکشن بور ڈ خالد جہا نگیر ،شہر بین، آل انڈیا ریڈیو ،ایجک (ق)،ڈاک کپوارہ ،محکمہ مال ،محکمہ صحت ،چیف میڈیکل آفیسر کپوارہ ڈاکٹر کو ثر امین ،سول سائٹی کپوارہ ،علمائے کرام ،طلبا تنظیموں ، جرنلسٹس فریٹر نٹی کپوارہ ،جرنلسٹس ایسو سی ایشن ہندوارہ ،کئی سینئر صحافیوں اور صحافتی اداروں،جوئے ادب کاج ناگ ،بی ڈی سی ماور ،لنگیٹ ،ہایہامہ اور ترہگام ،ضلع کی کاروباری انجمنوں ،مذہبی و سیاسی جماعتو ں کے نمائندو ں ،تمام مکاتب فکر کے لوگو ں کا شکریہ ادا کیا ہے جنہو ں نے غم کی اس گھڑی میں فون پریا گھر آکراُن کی تعزیت کی اور مرحومہ کیلئے مغفرت کی دعا کی ۔
 

تازہ ترین