تازہ ترین

گاندربل کی کئی سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہ | لوگوں کوعبورومرور میں مشکلات درپیش

تاریخ    6 اگست 2020 (00 : 03 AM)   


ارشاد احمد
گاندربل//ضلع گاندربل کی اندرونی اوربیرونی رابط سڑکوں کی حالت ناگفتہ ہونے کے نتیجے میں لوگوں کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ضلع ہیڈ کوارٹر سے محض سات کلومیٹر دوری پر واقع سندھ بل سے کورگ کی چار کلومیٹر رابطہ سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہے اور اس پر سفر کرنے والے مقامی لوگوں کے لئے وبال جان بنی ہے۔سندھ بل سے سہ پورہ تک چار کلومیٹر،سہ پورہ سے کورگ تک تین کلومیٹر رابطہ سڑک جگہ جگہ تباہ ہونے سے عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق سندھ بل سے سہ پورہ اور سہ پورہ سے کورگ تک رابطہ سڑک پر کئی دیہات موجود ہیں جن کیلئے روزانہ اس سڑک پر سفر کرنا انتہائی پریشان کن ہے۔ پانچ سال قبل اس رابطہ سڑک پر میکڈم ڈالا گیا تھا جو تقریباً سارا اکھڑ چکا ہے اور اس پر بڑے بڑے کھڈ بن چکے ہیں۔سجاد احمد ڈار ساکن سندھ بل نامی ایک شہری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کئی برسوں سے سندھ بل سے سہ پورہ رابطہ سڑک پر میکڈم نہیں ڈالا گیا جس کے نتیجے میں یہ سڑک ناقابل استعمال بن گئی ہے۔انہوں نے کہا’’ہم نے دو مرتبہ’بیک ٹو ولیج‘پروگرام میں اس کا تذکرہ کیا اورکئی مرتبہ ضلع انتظامیہ سے بھی اس کی مرمت کا مطالبہ کیالیکن کسی نے بھی اس مسئلہ کو سنجیدگی سے نہیں لیا‘‘مقامی لوگوں نے اس ضمن میں اعلیٰ ھکام سے ایک مرتبہ پھر مداخلت کی اپیل کی ہے۔